ادارۂ ادب اسلامی ہندریاست دہلی کے انتخابی اجلاس کا انعقاد، سفیر صدیقی صدر، نوید یوسف سکریٹری اور شاداب شروانی خازن منتخب ہوئے

 

نئی دہلی: 19 مئی(پریس ریلیز)ادارۂ ادب اسلامی ہند ریاست دہلی کا انتخابی اجلاس دفتر ماہنامہ پیش رفت میں ادارے کے قومی جنرل سکریٹری ڈاکٹر خالد مبشر کی صدارت میں منعقد ہوا۔ رواں میقات یعنی 2025 تا 2029 کے لیے اراکین کی کثرتِ رائے سے سفیرصدیقی کا انتخاب بطور صدر عمل میں آیا۔ سفیر صدیقی شعبۂ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی میں سینیئر ریسرچ فیلو کی حیثیت سے ’’کلاسیکی اردو غزل کا بین المتونی مطالعہ‘‘ کے موضوع پر پی ایچ ڈی کا مقالہ لکھ رہے ہیں۔ وہ نئی نسل کے مشہور نمائندہ شاعر ہیں۔ ان کے دو شعری مجموعے ’’کوزۂ فکر‘‘ اور ’’خوابوں کے مرثیے‘‘ ادبی دنیا میں بے حد مقبول ہوئے ہیں۔ نومنتخب صدر ریاست دہلی سفیر صدیقی نے اراکین کے مشورے سے نویدیوسف کا بحیثیت سکریٹری اور شاداب شروانی کا بطور خازن تقرر کیا۔ نوید یوسف نے بھی جامعہ سے تعلیم حاصل کی ہے اور خوب صورت لب و لہجے کے شاعر ہیں۔ اس کے علاوہ انھیں تنظیمی اور انتظامی امور کا بخوبی تجربہ ہے۔ شاداب شروانی کا تعلق اس سے قبل ایس آئی او سے رہا ہے۔ وہ مختلف ادبی اور تنظیمی سرگرمیوں میں فعالیت کے شریک ہوتے رہے ہیں۔

اجلاس کے صدارتی خطاب میں ادارے کے قومی جنرل سکریٹری ڈاکٹر خالد مبشر نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے یہ توقع ظاہر کی کہ دہلی جیسے بھرپور علمی اور ادبی مرکز میں یہ نئی ٹیم اسلامی فکرونظر اور اقدار پر مبنی ادب کی اشاعت میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انتخابی اجلاس میں ادارے کے قومی سکریٹری مصدق مبین اور ماہنامہ پیش رفت کے معاون مدیر ساجد انصاری کے علاوہ اراکین میں محمد ماجد، طفیل احمد، ابوہریرہ، ابوالاشبال، آصف بلال، سفیان مظفر اور ابوامامہ شاہی ارریاوی شریک تھے۔

Comments are closed.