دربھنگہ میں انسانیت شرمسار،بیوی سے جھگڑے کے بعد شوہر بنا درندہ، بیوی سمیت 3 معصوم بچوں کو موت کے گھاٹ اتارا

 

پولٹری فارم کے کمرے میں خونیں کھیل، چیخ و پکار سے گونج اٹھا علاقہ؛ ملزم نے خود کو بھی زخمی کیا، پولیس کی سخت نگرانی میں علاج جاری

دربھنگہ (محمد رفیع ساگر)

ضلع کے پتور تھانہ علاقے کے چندن پٹی گاؤں میں منگل کی صبح ایک انتہائی دردناک اور سنسنی خیز واقعہ پیش آیا، جہاں ایک شخص نے مبینہ طور پر گھریلو تنازع کے بعد اپنی بیوی اور 3 معصوم بچوں کو بے رحمی سے قتل کر دیا۔ واردات کے بعد ملزم نے خود کو بھی زخمی کر لیا، جسے پولیس نگرانی میں علاج کے لیے ڈی ایم سی ایچ میں داخل کرایا گیا ہے۔ واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور پولیس کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ کر تفتیش میں جٹ گئے۔

پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت پھول کماری داس (30)، ہردے داس (7)، سندھیا داس (6) اور 5 سالہ سون داس کے طور پر ہوئی ہے۔ یہ خاندان بنیادی طور پر مغربی بنگال کے دالکولا ضلع کے کنڈی علاقے کا رہنے والا بتایا جا رہا ہے اور گزشتہ ایک ماہ سے چندن پٹی کے ایک پولٹری فارم میں رہ کر مزدوری کر رہا تھا۔

مقامی لوگوں کے مطابق منگل کی صبح شوہر اور بیوی کے درمیان کسی بات کو لے کر جھگڑا ہوا، جس کے بعد معاملہ اچانک پرتشدد ہو گیا۔ الزام ہے کہ سنجیت عرف سندیپ داس نے لاٹھی، لوہے کی راڈ اور پائپ سے اپنی بیوی اور بچوں پر حملہ کر دیا۔ حملہ اس قدر وحشیانہ تھا کہ بیوی اور دو بچوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ ایک بچہ شدید زخمی حالت میں اسپتال لے جایا گیا جہاں علاج کے دوران اس نے دم توڑ دیا۔

واردات کے بعد ملزم نے مبینہ طور پر اپنے سر پر بھی حملہ کر کے خود کو زخمی کر لیا۔ پولیس نے اسے تحویل میں لے لیا ہے اور ڈی ایم سی ایچ میں اس کا علاج جاری ہے۔ ابتدائی تفتیش میں گھریلو تنازع کو واقعہ کی بنیادی وجہ مانا جا رہا ہے، تاہم پولیس تمام پہلوؤں سے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔

مقتولہ کے بھائی مانگو داس نے بتایا کہ جب وہ کام سے واپس آئے تو پورا کمرہ خون سے لت پت تھا۔ انہوں نے کہا کہ شوہر اور بیوی کے درمیان پہلے کبھی اس قدر سنگین جھگڑا نہیں دیکھا گیا تھا، تاہم دو دن قبل بھی دونوں کے درمیان تنازع ہونے کی بات سامنے آئی ہے۔ ان کے مطابق واردات کے بعد ملزم نے خود ہی اعتراف کیا کہ اس نے لوہے کے پائپ سے سبھی کو مارا ہے۔

پولٹری فارم میں کام کرنے والی ایک خاتون مزدور نے بتایا کہ صبح سویرے کمرے سے چیخ و پکار کی آوازیں آئیں۔ اس وقت دیگر مزدور مرغیوں کو چارہ اور پانی دے رہے تھے۔ شور سن کر جب لوگ وہاں پہنچے تو چاروں افراد خون میں لت پت پڑے تھے جبکہ ملزم بھی زخمی حالت میں موجود تھا۔

واقعہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ایف ایس ایل ٹیم کو بھی موقع پر طلب کیا گیا، جس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھا کیے۔ پتور اور اے پی ایم تھانہ سمیت تین تھانوں کی پولیس موقع پر موجود رہی۔ سٹی ایس پی اشوک چودھری اور صدر ایس ڈی پی او راجیو کمار نے بھی جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔

اس معاملے پر دربھنگہ کے ایس ایس پی جگوناتھ ریڈی جلاریڈی نے بتایا کہ ابتدائی جانچ میں گھریلو جھگڑے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزم پولیس تحویل میں ہے اور اس کا علاج جاری ہے، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی بنیاد پر مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

Comments are closed.