ڈاکٹر عمار رضوی کی مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سے دہلی میں اہم ملاقات، سیتاپور میں ڈیفنس کوریڈور، محمود آباد یونیورسٹی اور میڈیکل کالج کے قیام پر تفصیلی گفتگو
لکھنؤ (ابوشحمہ انصاری)سابق کارگزار وزیر اعلیٰ اور آل انڈیا مائناریٹیز فورم فار ڈیموکریسی کے قومی صدر ڈاکٹر عمار رضوی نے نئی دہلی میں بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سے ان کی سرکاری رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس دوران ضلع سیتاپور اور ریاست اتر پردیش کی ترقی سے متعلق کئی اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ڈاکٹر عمار رضوی نے وزیر دفاع کی توجہ ضلع سیتاپور میں کینٹونمنٹ کی زمین پر وزارتِ دفاع کے تحت ’’ڈیفنس کوریڈور‘‘ کے منصوبے کے تحت کارخانوں کے قیام کی جانب مبذول کرائی۔ اس پر وزیر دفاع نے مثبت رویہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اتر پردیش حکومت اس زمین کی سفارش کرتی ہے تو اس تجویز پر سنجیدگی سے غور کیا جا سکتا ہے۔ ڈاکٹر رضوی نے اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ اتر پردیش کو خط لکھنے اور بات چیت کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
ملاقات کے دوران ڈاکٹر عمار رضوی نے محمود آباد میں ایک یونیورسٹی کے قیام اور ضلع سیتاپور میں میڈیکل کالج کھولنے کے مطالبات بھی وزیر دفاع کے سامنے رکھے اور ان امور پر وزیر اعلیٰ سے بات کرنے کی درخواست کی۔
ڈاکٹر رضوی نے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں وزارتِ دفاع نے ملک کو دفاعی شعبے میں خود کفیل اور آتم نربھر بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا ہے، جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ لکھنؤ اور اس کے اطراف کے علاقوں کی تیز رفتار ترقی بھی راج ناتھ سنگھ کی نگرانی اور سرپرستی کا نتیجہ ہے، جس کے لیے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔
آخر میں ڈاکٹر عمار رضوی نے بھارتی بحریہ میں تین بڑے جنگی جہاز شامل کیے جانے پر وزیر دفاع کو دلی مبارکباد پیش کی اور اسے ملک کی دفاعی طاقت میں اہم اضافہ قرار دیا۔یہ اطلاع آل انڈیا ماٸناریٹیز فورم فار ڈیموکریسی کے شعبہ نشرواشاعت کے سیکرٹری ابوشحمہ انصاری نے فراہم کی۔
Comments are closed.