مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں
پریس ریلیز
اے ایم یو کے فیکلٹی رکن نے جدید اینستھیسیا تکنیکوں پر مبنی ورکشاپ منعقد کی
علی گڑھ، 19 مئی: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ اینستھیسیالوجی و کریٹیکل کیئر کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر مناظر اطہرنے بھیم تال، اتراکھنڈ میں منعقدہ 14ویں یو کے آئیساکون اور اولین سینٹرل زون، یو پی یووائساکون کے دوران جدید اینستھیزیا تکنیکوں پر مبنی ایک عملی ورکشاپ میں لیڈ فیکلٹی اور ورکشاپ کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ یہ پروگرام آئی ایس اے بریلی کے زیراہتمام منعقد ہوا۔ اس موقع پر ڈاکٹر عنبر خان اور ڈاکٹر کلثوم عالم نے بطور شریک فیکلٹی ان کی معاونت کی۔
ورکشاپ میں کمپیوٹر کے ذریعے اینستھیسیا ادویات کی ہدفی ترسیل پر توجہ مرکوز کی گئی تاکہ سرجری کے دوران دوا کی درست مقدار یقینی بنائی جا سکے اور مریضوں کی حفاظت کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ ماحولیات دوست اینستھیسیا طریقوں پر بھی روشنی ڈالی گئی جن کا مقصد آپریشن تھیٹروں میں فضلہ کم کرنا اور کاربن اخراج میں کمی لانا ہے۔
ڈاکٹر مناظر اطہر نے کہا کہ اس ورکشاپ کے ذریعے نوجوان اینستھیسیالوجسٹس کو جدید اور پائیدار اینستھیسیا طریقوں کی عملی تربیت فراہم کی گئی۔
شعبہ اینستھیسیالوجی و کریٹیکل کیئر کے چیئرمین پروفیسر حماد عثمانی نے ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات مریض دوست اور ماحولیات دوست اینستھیسیا طریقوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو میں ’آغازِ شاہین‘ کامن روم فیسٹیول کا اہتمام
علی گڑھ، 19 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سر سید ہال (نارتھ) میں سالانہ کامن روم فیسٹیول ”آغازِ شاہین“ تین روزہ کھیل اور تفریحی سرگرمیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔
فیسٹیول کا افتتاح ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر پروفیسر محمد اطہر انصاری اور شعبہ سیاسیات کے ڈاکٹر عرفان الحق نے کیا۔ پہلے دن کامن روم سکریٹری عبدالرحمن اور وارڈن اِنچارج مسٹر کامران خان کی نگرانی میں کئی مقابلے منعقد ہوئے جن میں اسنوکر، شطرنج، کیرم، ٹیبل ٹینس، لوڈو، آرم ریسلنگ، بی جی ایم آئی، فری فائر اور 8 بال پول شامل تھے۔دوسرے دن آؤٹ ڈور مقابلوں میں طلبہ نے شوٹنگ، بیڈمنٹن، 100 میٹر دوڑ، شٹل رن اور سلو سائیکلنگ میں حصہ لیا۔
اختتامی تقریب میں ممبر انچارج لینڈ اینڈ گارڈنز اے ایم یو، پروفیسر انور شہزاد نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی، جبکہ سٹی مجسٹریٹ علی گڑھ جناب اتل گپتا اور شعبہ سیاسیات کے ڈاکٹر محمد اسلم مہمانانِ اعزازی کے طور پر موجود رہے۔
پرووسٹ پروفیسر جہانگیر شبیر خان نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر فاتحین، رنر اپ، منتظمین اور ہال کے عہدیداران کو اسناد اور تحائف سے نوازا گیا۔ کامن روم سکریٹری عبدالرحمن نے اظہار تشکر کیا۔ مسٹر کامران خان، ڈاکٹر ظفر افتخار، ثاقب علی، محمد ابوذر، عامر سہیل اور عبداللہ خان اس موقع پر موجود رہے۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے اسکولوں میں طلبہ کی ذہنی و جذباتی بہبود سے متعلق ”مائنڈ میٹرز“ ورکشاپ کا اہتمام
علی گڑھ، 19 مئی: ”مائنڈ میٹرز: اسٹوڈنٹ ویلبیئنگ سیریز“ کے تحت راجہ مہندر پرتاپ سنگھ اے ایم یو سٹی اسکول اور اے ایم یو سٹی گرلز ہائی اسکول میں ورکشاپ منعقد کی گئیں۔ پروگراموں کا انعقاد ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر دفتر، ایڈوانسڈ سینٹر فار ویمنس اسٹڈیز (اے سی ڈبلیو ایس)، اسٹوڈنٹس کاؤنسلنگ سینٹر، شعبہ کمیونٹی میڈیسن، جے این میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، اور اِنکلیوزیو فیوچرز فاؤنڈیشن (آئی ایف ایف) کے اشتراک سے کیا گیا۔
آر ایم پی ایس اے ایم یو سٹی اسکول میں قائم مقام پرنسپل ڈاکٹر محمد فیاض الدین نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ قائم مقام ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر پروفیسر صبوحی خان نے قوتِ برداشت، ہمدردی اور جذباتی بہبود کے موضوع پر اظہار خیال کیا۔ اسسٹنٹ ڈی ایس ڈبلیو اور صدر، آئی ایف ایف ڈاکٹر جوہی گپتا نے ورکشاپ کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر تبسم نواب نے ذہنی تناؤ سے صحت مند انداز میں نمٹنے کے طریقوں پر گفتگو کی، جبکہ ڈاکٹر دانش کمال نے منشیات کے مضر اثرات بیان کیے۔
شعبہ کمیونٹی میڈیسن کے جونیئر ریزیڈنٹس ڈاکٹر ریا، ڈاکٹر پرتیک کمار، ڈاکٹر راج یوراج سنگھ مہندر سنگھ، ڈاکٹر شیوانی چترویدی، ڈاکٹر روہن کوشک اور ڈاکٹر شہالنس نے منشیات کے استعمال کے سلسلہ میں آگہی پر مبنی ایک ڈراما پیش کیا۔ نائب پرنسپل ڈاکٹر شاہد جلیل نے شکریہ کے کلمات ادا کئے۔
اے ایم یو سٹی گرلز ہائی اسکول میں قائم مقام نائب پرنسپل محترمہ پاکیزہ خان نے حاضرین کا استقبال کیا، جبکہ ڈاکٹر جوہی گپتا نے پروگرام کے اغراض و مقاصد بیان کئے۔ پروفیسر صبوحی خان نے تھامس ایڈیسن اور ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کی مثالوں کے ذریعے قوت برداشت اور مثبت سوچ کی اہمیت اجاگر کی۔ ڈاکٹر ثمینہ احمد نے ”مائنڈ ماسٹرز ٹول کٹ“ کے عنوان سے ایک سیشن میں جذباتی بہبود اور ذہنی دباؤ کے بندوبست پر گفتگو کی۔
مس فبیہا احمد، مس خشیہ بنت منیب اور مس علینا کوثر نے جذبات، ذاتی نگہداشت اور ذہنی صحت سے متعلق انٹرایکٹیو سیشنز اور عملی سرگرمیاں منعقد کیں۔ ”لائف بیہائنڈ فلٹرز“ کے عنوان سے ایک ڈراما بھی پیش کیا گیا، جس میں ذہنی صحت پر منشیات کے استعمال اور سوشل میڈیا کے اثرات کو اجاگر کیا گیا۔ یہ ڈراما ڈاکٹر ریا، ڈاکٹر پرتیک کمار، ڈاکٹر شیوانی چترویدی، ڈاکٹر روہن کوشک، مس وریشہ، مس پرگیا چندرا اور مس شفا فاطمہ نے ڈاکٹر ثمینہ احمد اور ڈاکٹر دانش کمال کی رہنمائی میں پیش کیا۔
آخر میں شرکاء کو اسناد تقسیم کی گئیں۔ مس نازش صدیقی نے اظہارِ تشکر کیا۔ سٹی گرلز ہائی اسکول کی ورکشاپ کی نظامت مس سحر نقوی نے کی۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو میں ذہنی صحت سے متعلق بیداری پروگرام منعقد
علی گڑھ، 19 مئی:، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سر شاہ سلیمان ہال کے کریئر کاؤنسلنگ سیل کی جانب سے ”بریکنگ دی سائلنس: مائنڈ، ریزیلیئنس اینڈ کمیونٹی“ کے عنوان پر ذہنی صحت سے متعلق ایک بیداری پروگرام مولانا آزاد لائبریری کے کلچرل ہال میں منعقد کیا گیا۔ پرووسٹ ڈاکٹر فصیح راغب گوہر کی نگرانی میں یہ پروگرام دی نوبل سپورٹ فاؤنڈیشن، علی گڑھ کے اشتراک سے منعقد کیا گیا، جس میں تعلیمی اور امتحانی دباؤ کا سامنا کرنے والے طلبہ میں ذہنی صحت، جذباتی بہبود اور حوصلہ مندی سے متعلق بیداری پر توجہ دی گئی۔
شرکاء کا استقبال کرتے ہوئے ڈاکٹر فصیح راغب گوہر نے تعلیمی اداروں میں ذہنی صحت سے متعلق بیداری کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کریئر کاؤنسلنگ سیل کی اس پہل کو سراہا۔
مہمانِ خصوصی پروفیسر نواب علی خان، شعبہ کامرس نے ایسے معاون تعلیمی ماحول کی ضرورت پر زور دیا جہاں طلبہ خود کو باوقار اور باحوصلہ محسوس کریں۔ مہمانانِ اعزازی پروفیسر فضل الرحمٰن، شعبہ اناٹومی، اور پروفیسر ریاض الدین، شعبہ سائیکیاٹری نے ذہنی دباؤ سے نمٹنے، جذباتی استحکام اور کاؤنسلنگ کی اہمیت پر اظہار خیال کیا۔ مسٹر محمد اکرم، شعبہ ریڈیوتھراپی، اور ڈاکٹر کلیم افروغ زیدی، یونیورسٹی پولی ٹیکنک نے طلبہ میں ذہنی صحت سے متعلق بیداری پیدا کرنے کی کوششوں کو سراہا۔
ایک انٹرایکٹیو پینل ڈسکشن پروفیسر محمد اعظم حسین، شعبہ کارڈیو تھوریسک سرجری، پروفیسر دیوشری اخوری، شعبہ سائیکیاٹری اور ڈاکٹر سارہ جاوید، شعبہ کلینیکل سائیکالوجی نے منعقد کیا۔ ماہرین نے بے چینی، ڈپریشن، جذباتی تکان اور امتحانی دباؤ سے متعلق مسائل پر گفتگو کی۔
کریئر کاؤنسلنگ سیل کے سکریٹری قمر الحسین نے پروگرام کو مربوط کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر سید اسد علی، ڈاکٹر شمشاد، ڈاکٹر احتشام، ڈاکٹر عرفان اور دی نوبل سپورٹ فاؤنڈیشن، علی گڑھ کے صدر محمد عظیم خان موجود تھے۔ محمد شارق نے شکریہ کے کلمات ادا کئے۔ اس موقع پر اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔
٭٭٭٭٭٭
احمدی اسکول میں یوگ کے ذریعے بصارت سے محروم طلبہ کو بااختیار بنانے کا پیغام
علی گڑھ، 19 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے احمدی اسکول برائے نابینا طلبہ میں بارہویں بین الاقوامی یوم یوگ سے متعلق سرگرمیوں کا آغاز ہوا جس میں طلبہ، اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کے اراکین نے شرکت کی۔ ”صحت، دانائی اور عالمی امن کے لیے یوگ“ کے موضوع کے تحت منعقد ہ اس پروگرام کا مقصد شرکاء میں جسمانی صحت، جذباتی توازن، اعتماد اور ذہنی سکون کو فروغ دینا تھا۔
اس موقع پر طلبہ نے مختلف یوگ آسنوں اور سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ پروگرام نے اس بات کو نمایاں کیا کہ یوگ بصارت سے محروم طلبہ میں بیداری، ہم آہنگی اور خود اعتمادی بڑھانے کا ایک مؤثر ذریعہ ثابت ہوسکتا ہے، جس سے وہ زیادہ صحت مند اور خود مختار زندگی گزارنے کے قابل بنتے ہیں۔
پروگرام کی نظامت مس ارم فاطمہ نے کی، جبکہ اسپورٹس ٹیچرز مس ثنا رضا اور مس حمیرا رئیس نے پروگرام کو مربوط کیا۔ یوگ سیشنز کی قیادت شعبہ فزیکل ایجوکیشن کے ریسرچ اسکالرز مسٹر اوصاف احمد اور مسٹر دھرمیندر کمار نے کی، جنہوں نے شرکاء کو مختلف یوگ مشقوں سے روشناس کرایا اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب دی۔
مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے پرنسپل جناب ایس احتشام اکبر نے روزمرہ کی زندگی میں صحت و تندرستی کی اہمیت پر زور دیا۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے پروفیسر نے قزاخستان میں بین الاقوامی کانفرنس میں ڈینٹل امپلانٹ کی جدید تکنیکوں کا مظاہرہ کیا
علی گڑھ، 19 مئی: ڈاکٹر زیڈ اے ڈینٹل کالج، اے ایم یو کے شعبہ پروستھوڈونٹکس کے چیئرمین پروفیسر ابھینو گپتا نے حال ہی میں قزاخستان کے شہر المآتی میں منعقدہ ایک بین الاقوامی کانفرنس میں ”پٹریگوئڈ ڈینٹل امپلانٹس“ کے موضوع پر لیکچر دیا اور عملی تربیتی کورس بھی منعقد کیا۔
کانفرنس کے دوران پروفیسر گپتا نے شدید طور پر کمزور اوپری جبڑے (ایٹروفک میکزیلا) کے مریضوں کی بحالی میں پٹریگوئڈ ڈینٹل امپلانٹس کے استعمال سے متعلق جدید کلینیکل معلومات پیش کیں، جہاں روایتی امپلانٹس کے لیے اوپری جبڑے میں ہڈی کی مقدار نہایت کم ہوتی ہے۔ ان کی پیشکش میں ایسے جدید طبی طریقوں کو اجاگر کیا گیا جن کے ذریعے نہایت پیچیدہ ڈینٹل حالات میں بھی امپلانٹ کی مدد سے کامیاب بحالی ممکن ہوسکتی ہے۔
لائیو ڈیمونسٹریشن اور عملی سیشنز کو بین الاقوامی مندوبین، معالجین اور امپلانٹولوجی کے ماہرین نے سراہا۔
ڈاکٹر زیڈ اے ڈینٹل کالج کی اس طرح کے مؤقر علمی پلیٹ فارم پر شرکت، منھ اور دانتوں کی صحت کے میدان میں جدید علاج و تحقیق کے محاذ پر اے ایم یو کی نمایاں خدمات کی عکاس ہے۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے پروفیسر نے وِژن 2030 اور انسانی وسائل کی ترقی پر آن لائن خطبہ دیا
علی گڑھ، 19 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی فیکلٹی آف کامرس کے سابق ڈین و صدر شعبہ پروفیسر نواب علی خان نے یونیورسٹی آف بزنس اینڈ ٹکنالوجی، جدہ میں ”وِژن 2030 اور ملازمین کی تربیت و ترقی“ کے موضوع پر ایک لائن خطبہ پیش کیا۔
شعبہ ہیومن ریسورس مینجمنٹ، کالج آف بزنس ایڈمنسٹریشن اور ڈین شپ آف گریجویٹ اسٹڈیز کے اشتراک سے منعقدہ اس پروگرام میں گریجویٹ طلبہ اور اساتذہ نے شرکت کی، جو سعودی عرب کے وِژن 2030 کے تحت انسانی وسائل کے بدلتے ہوئے کردار کو سمجھنے میں دلچسپی رکھتے تھے۔
پروفیسر نواب علی خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ تربیت و ترقی دراصل اسٹریٹجک سرمایہ کاری ہیں، جو علم پر مبنی معیشت کی تعمیر کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ جیسے جیسے سعودی عرب وِژن 2030 کے اہداف کی جانب پیش قدمی کر رہا ہے، اداروں کو مسلسل مہارت میں اضافہ، صلاحیت پر مبنی ترقی اور افرادی قوت کو بدلتے عالمی چیلنجوں سے ہم آہنگ کرنے پر توجہ دینی ہوگی۔
مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور آٹومیشن کے اثرات پر گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر خان نے کہا کہ تیزی سے بدلتے پیشہ ورانہ ماحول کے مطابق ملازمین کو تیار کرنے کے لیے نئی مہارتیں سکھانے اور موجودہ مہارتوں کی ازسر نو تربیت دونوں پر توجہ دینا ضروری ہے۔
آخر میں سوال و جواب کا سیشن ہوا، جس میں شرکاء نے ہیومن ریسورس مینجمنٹ میں ڈیجیٹل تبدیلی اور ملازمت کی جگہوں کے بدلتے ہوئے ماحول سے متعلق نفسیاتی چیلنجوں پر تبادلہ خیال کیا۔
Comments are closed.