جمعیۃ علماء کوسہ ممبرا کے زیرِ اہتمام تقسیمِ تعلیمی وظائف کی پروقار تقریب کا انعقاد، 100 مستحق طلبہ میں تعلیمی وظائف کی تقسیم

 

ممبرا، 12 اگست 2026 جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی سرپرستی و جمعیۃ علماء کوسہ ممبرا کے زیرِ اہتمام الحمد میریج ہال، شبلی نگر میں "تقریبِ تقسیمِ تعلیمی وظائف برائے سال 2026-2027” کا نہایت شاندار اور پروقار انعقاد عمل میں آیا۔ اس بامقصد تقریب میں ممبرا اور کوسہ کے تقریباً 100 مستحق اور ہونہار طلبہ و طالبات میں تعلیمی وظائف (اسکالرشپ) تقسیم کیے گئے، تاکہ ان کے تابناک تعلیمی سفر میں کوئی مالی رکاوٹ حائل نہ ہو۔ اس پرنور مجلس میں ملک و ملت کے ممتاز علمائے کرام اور مقتدر سماجی شخصیات نے خصوصی شرکت فرمائی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز قاری جمال الدین صاحب (مہتمم مدرسہ تقویٰ، ممبرا کوسہ) کی تلاوتِ کلامِ ربانی سے ہوا۔ جس کے بعد حافظ کمال انصاری نے اپنی مسحور کن اور مترنم آواز میں ہدیہ نعتِ رسول ﷺ پیش کرکے محفل میں ایک روحانی سماں باندھ دیا، اس موقع پر افتتاحی کلمات اور جامع خطبۂ استقبالیہ جمعیۃ علماء کوسہ ممبرا کے صدر، مولانا عبد الوہاب قاسمی صاحب نے پیش کیا۔ انہوں نے حاضرینِ مجلس کے روبرو ‘جمعیۃ علماء ہند’ کی عظیم الشان، تاریخ ساز اور ہمہ جہت خدمات کا ایک بلیغ اور تفصیلی خاکہ پیش کیا، مولانا نے جمعیۃ کے زریں کارناموں پر روشنی ڈالتے ہوئے واضح کیا کہ اس باوقار تنظیم کا دائرہ کار محض کسی ایک شعبے تک محدود نہیں ہے۔ انہوں نے جمعیۃ کی خدمات کا احاطہ کرتے ہوئے فرمایا کہ ملک میں زلزلہ، سیلاب یا دیگر آسمانی آفات کے دوران بلاتفریقِ مذہب و ملت ریلیف کا کام ہو، فرقہ وارانہ فسادات کے پرآشوب حالات میں مظلوموں کی داد رسی اور بازآبادکاری ہو، میدانِ تعلیم میں مستحق طلبہ کے لیے وظائف کی فراہمی ہو، یا ملک کے طول و عرض میں نئی نسل کے ایمان کے تحفظ کے لیے دینی مکاتب کا قیام؛ جمعیۃ ہر محاذ پر پوری مستعدی کے ساتھ سرگرمِ عمل ہے۔ مزید برآں، بے گناہوں پر لگائے جانے والے بے بنیاد الزامات کے خلاف عدالتوں میں مضبوط قانونی چارہ جوئی اور خالص انسانی بنیادوں پر رفاہی و فلاحی سرگرمیاں انجام دینا جمعیۃ کا طرۂ امتیاز ہے۔

تقریب میں بحیثیت مہمانِ خصوصی جلوہ افروز جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے صدر و نائب امیر شریعت صوبہ مہاراشٹرا حضرت مولانا حلیم اللہ قاسمی صاحب نے اپنے بصیرت افروز کلیدی خطاب میں فرمایا کہ جمعیۃ علماء نے ہمیشہ ملک کی سلامتی، بقا اور تعمیر و ترقی کے لیے اپنی گراں قدر خدمات پیش کی ہیں، اور اس کا موقف ہمیشہ پیار، محبت اور اخوت پر مبنی رہا ہے۔ مولانا نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ جمعیۃ نے ہمیشہ منافرت پھیلانے والوں کی شدید مخالفت کی ہے، جس سے ملک کی فضا مسموم ہو اور فرقہ وارانہ خلیج پیدا ہو، خواہ یہ شرانگیز گفتگو مسلمانوں ہی کی جانب سے کیوں نہ کی گئی ہو۔

مولانا حلیم اللہ قاسمی نے مزید فرمایا کہ آج جمعیۃ علماء مظلوموں، پسے ہوئے طبقات اور بے سہارا افراد کی توانا آواز بن کر پورے ملک میں اربابِ اقتدار کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے کی پوزیشن میں ہے، تو یہ درحقیقت اس کے اپنے تابندہ و شاندار ماضی اور حال میں دی جانے والی بے پناہ قربانیوں کا ثمرہ ہے۔ انہوں نے جانشینِ شیخ الاسلام، قومی صدر جمعیۃ علماء ہند، حضرت مولانا سید ارشد مدنی صاحب کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ اس بات پر زور دیتے ہیں کہ یہ ملک صرف پیار اور باہمی رواداری کی بنیاد پر ہی قائم رہ سکتا ہے۔ نفرت چاہے جس طرف سے بھی آئے، اس ملک کے لیے زہرِ قاتل ہے اور منافرت کے بیج بونے والے عناصر ملک کے کھلے دشمن ہیں۔ جمعیۃ نے ہر میدان میں اپنی بے لوث اور انتھک محنت سے عوام الناس کا غیر متزلزل اعتماد جیتا ہے۔

دورانِ پروگرام جمعیۃ اہل حدیث ممبئ کے صدر مولانامنظراحسن سلفی کلواممبرا ین سی پی یس پی کے صدر جناب شمیم احمدخان چیئرمین الہدایہ پبلک اسکول، مولانا مصعب ندوی صاحب، سماجوادی پارٹی (ممبرا کلوا) کے صدر، جناب شبیر خان نے بھی اپنے زریں خیالات کا اظہار کیا۔ ان مقتدر شخصیات نے جمعیۃ علماء ہند کی ہمہ گیر قومی، ملی اور تعلیمی کاوشوں کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا اور حصولِ تعلیم کی اہمیت و افادیت پر پرمغز گفتگو کی۔ تقریب کے دوران معزز مہمانوں کے دستِ مبارک سے طلبہ میں اسکالرشپ کے چیک تقسیم کیے گئے، جس سے مستحق طلبہ اور ان کے سرپرستوں کے چہروں پر طمانیت اور تشکر کے جذبات دیدنی تھے۔

اس عظیم الشان اجلاس میں شہر اور بیرونِ شہر کی متعدد سرکردہ شخصیات، علمائے کرام اور معززین نے خصوصی طور پر شرکت کی، جن میں مولانا اشتیاق احمد قاسمی صاحب (خازن، جمعیۃ علماء مہاراشٹر)، مفتی حفیظ اللہ قاسمی صاحب (ناظم تعلیمات مدرسہ سراج العلوم بھونڈی و ناظم تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر)، مولاناذاکرحسین صابلے مولانا امین الاسلام قاسمی سید سہیل ساحل حافظ محمد لقمان خورشید احمد چودھری مولانا مصعب مظاہری صاحب (صدر، تنظیم علماء و ائمہ کوسہ ممبرا)، قاری مختار صاحب (نائب صدر، تنظیم علماء و ائمہ کوسہ ممبرا)، مولانا سیف اللہ صاحب (صدر، جمعیۃ علماء کوسہ ممبرا)، حافظ ایوب صاحب (سرپرست، جمعیۃ علماء کوسہ ممبرا) اور مولانا مناظر احسن سلفی صاحب کے اسمائے گرامی نمایاں ہیں۔ ان کے علاوہ کثیر تعداد میں مقامی علمائے کرام، اراکینِ مجلس منتظمہ، طلبہ، ان کے سرپرستوں اور شہر کے دانشوران نے پروگرام میں شرکت کی۔

Comments are closed.