مہاراشٹرا کالج میں ذہنی صحت پر خصوصی ورکشاپ
فیملی فرسٹ گائڈینس سنٹر کے اشتراک سے طلبہ میں ذہنی دباؤ، مایوسی اور خودکشی سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی
ممبئی۔(پریس ریلیز) فیملی فرسٹ گائڈینس سنٹر اور مہاراشٹرا کالج کے اشتراک سے طلبہ میں ذہنی صحت کے شعور کو فروغ دینے اور خودکشی سے بچاؤ کے حوالے سے ایک خصوصی آگاہی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس کا مرکزی موضوع ’’آپ اہم ہیں: ذہنی پریشانی کو سمجھنا، امید پیدا کرنا اور بروقت مدد حاصل کرنا‘‘ تھا۔ ورکشاپ کا مقصد نوجوانوں کو ذہنی دباؤ، جذباتی پریشانی، مایوسی اور تنہائی جیسی کیفیات کو سمجھنے کے ساتھ ساتھ مشکل حالات میں بروقت مدد حاصل کرنے کی اہمیت سے آگاہ کرنا تھا۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ ذہنی صحت کا تعلق انسان کے سوچنے، محسوس کرنے، عمل کرنے اور زندگی میں پیش آنے والے مسائل سے نمٹنے کے انداز سے ہے، اس لیے مشکل وقت میں کسی سے مدد مانگنا کمزوری نہیں بلکہ اپنے حالات کو بہتر بنانے کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔ پروگرام کے دوران خودکشی سے متعلق مختلف غلط فہمیوں کو دور کرتے ہوئے طلبہ کو سمجھایا گیا کہ اگر کوئی شخص خودکشی، زندگی سے مایوسی یا خود کو نقصان پہنچانے کی بات کرے تو اسے معمولی سمجھ کر نظرانداز نہیں کرنا چاہیے، بلکہ اس کی بات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے بغیر تنقید یا مذاق کے اس کی بات سننا اور اسے مناسب مدد تک پہنچانا انتہائی اہم ہے۔ طلبہ کو ذہنی دباؤ اور بحران پیدا کرنے والے مختلف عوامل سے بھی آگاہ کیا گیا، جن میں امتحانات اور مستقبل کا دباؤ، خاندانی تنازعات، تعلقات میں مشکلات، بُلنگ، سماجی تنہائی، مالی پریشانیاں اور شدید جذباتی اضطراب شامل ہیں۔ ورکشاپ میں ممکنہ خطرے کی علامات پر بھی خصوصی توجہ دی گئی اور بتایا گیا کہ اچانک لوگوں سے دوری اختیار کرنا، مزاج میں نمایاں تبدیلی، خود کو دوسروں پر بوجھ سمجھنا، پسندیدہ سرگرمیوں میں دلچسپی ختم ہونا اور اپنی قیمتی چیزیں دوسروں کو دینا ایسی علامات ہیں جنہیں نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔ شرکاء کو یہ بھی سمجھایا گیا کہ کسی پریشان حال دوست کا ہر مسئلہ خود حل کرنا ضروری نہیں، بلکہ اس کی بات سننا، اسے سنجیدگی سے لینا، مشکل وقت میں اس کے ساتھ رہنا اور ضرورت پڑنے پر والدین، اساتذہ، قابل اعتماد افراد یا ذہنی صحت کے ماہرین سے مدد دلوانا زیادہ اہم ہے۔ پروگرام کے اختتام پر طلبہ کو ذہنی صحت سے متعلق مدد کے لیے ٹیلی مانس ۱۴۴۱۶ اور ۱۸۰۰۔۸۹۔۱۴۴۱۶جبکہ فوری ہنگامی صورتِ حال میں ۱۱۲ سے رابطہ کرنے کی معلومات بھی فراہم کی گئیں۔ واضح رہے کہ فیملی فرسٹ گائڈینس سنٹر معروف عالم دین، ممتاز مذہبی اسکالر اور شریعہ ایڈوائزر مفتی محمد اشفاق قاضی کی زیر نگرانی کام کرنے والا ایک رہنمائی مرکز ہے، جس کا قیام خاندانوں، نوجوانوں اور معاشرے کے مختلف طبقات کو درپیش خاندانی، ازدواجی، تعلیمی، مالی اور ذہنی مسائل میں شرعی، اخلاقی اور عملی رہنمائی فراہم کرنے کے مقصد سے عمل میں لایا گیا ہے۔ مفتی اشفاق قاضی قوم و ملت کے مسائل اور معاشرتی ضروریات کے تئیں گہری حساسیت رکھنے کے ساتھ مسلسل اصلاحی، فلاحی اور رہنمائی کے کام انجام دیتے رہتے ہیں۔ ان کی سرپرستی میں فیملی فرسٹ گائڈینس سنٹر مختلف پیچیدہ خاندانی اور سماجی معاملات میں لوگوں کی رہنمائی اور مسائل کے حل کے لیے سرگرم عمل ہے اور نوجوان نسل کی ذہنی و جذباتی تربیت، خاندانی استحکام اور معاشرتی اصلاح کے لیے بھی مختلف پروگراموں اور آگاہی سرگرمیوں کا انعقاد کرتا رہتا ہے۔
Comments are closed.