جامع مسجد بمبئی ٹرسٹ کے زیرِ اہتمام طبی کیمپ، 101 خاندانوں نے استفادہ کیا
کوکن کمیونٹی ہال میں مفت طبی جانچ، سرجری سے متعلق خصوصی مشاورت، ای سی جی، بون ڈینسیٹی اسکریننگ، دانتوں کی جانچ اور دیگر طبی سہولیات فراہم کی گئیں
ممبئی، 28؍ اکتوبر: جامع مسجد بمبئی ٹرسٹ کے زیرِ اہتمام بدھ، 28؍ اکتوبر کو کوکن کمیونٹی ہال، مورلینڈ روڈ، ممبئی میں ایک جامع طبی کیمپ کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف امراض کی جانچ، ماہر ڈاکٹروں سے مشاورت اور علاج سے متعلق رہنمائی کی متعدد سہولیات مفت فراہم کی گئیں۔ اس فلاحی اقدام سے مجموعی طور پر ۱۰۱ خاندانوں نے استفادہ کیا۔

جامع مسجد بمبئی ٹرسٹ کی جانب سے منعقدہ اس طبی کیمپ کا بنیادی مقصد جامع مسجد بمبئی کے اراکین جماعت اور علماء و ائمہ کے خاندانوں کو ایک ہی مقام پر مختلف طبی شعبوں کے ماہرین کی خدمات اور ضروری طبی جانچ کی سہولیات فراہم کرنا تھا، تاکہ وہ بروقت اپنی صحت سے متعلق آگاہی حاصل کرسکیں اور ضرورت کے مطابق مزید علاج کے لیے مناسب رہنمائی سے فائدہ اٹھاسکیں۔
کیمپ کی ایک اہم خصوصیت سرجری سے متعلق خصوصی طبی مشاورت تھی، جس کے لیے ماہر سرجن اور کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔ مریضوں کو ان کی طبی کیفیت کے مطابق ممکنہ سرجری، اس کی ضرورت اور متعلقہ اسپتالوں میں علاج کے امکانات کے بارے میں رہنمائی فراہم کی گئی۔

اس کے علاوہ بلڈ پریشر اور بلڈ شوگر کی جانچ، دانتوں کی اسکریننگ اور دانتوں سے متعلق طبی مشاورت، جسمانی ساخت اور صحت کے جائزے کے لیے باڈی کمپوزیشن اینالیسس، غذائیت اور متوازن خوراک کے سلسلے میں ماہر نیوٹریشن کنسلٹنٹ کی رہنمائی کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔ ہڈیوں کی مضبوطی اور کثافت کا جائزہ لینے کے لیے بون ڈینسیٹی اسکریننگ کی سہولت فراہم کی گئی، جبکہ جلد اور بالوں سے متعلق مسائل کے لیے بھی ماہرین کی مشاورت دستیاب تھی۔
کیمپ میں ای سی جی کی سہولت بھی فراہم کی گئی، جس کے لیے مردوں اور خواتین کے الگ الگ انتظامات کیے گئے تھے، تاکہ تمام افراد اطمینان اور سہولت کے ساتھ طبی جانچ کراسکیں۔ مختلف طبی ضروریات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ادویات کی فراہمی کا بھی مناسب انتظام کیا گیا تھا۔

اس طبی کیمپ میں ڈاکٹر معتصم سولکر صاحب اور انکے فرزند ڈاکٹر حمزہ سولکر صاحب اسی طرح حبیب اسپتال کی پوری طبی ٹیم اور جے جے سے تشریف لائے ڈاکٹر خلیل صاحب کارڈیالوجسٹ نے بھرپور تعاون کیا اور مختلف طبی خدمات انجام دیں۔ ماہر ڈاکٹروں اور طبی ماہرین نے بھی اپنی خدمات پیش کی۔
جامع مسجد بمبئی ٹرسٹ کے ٹرسٹی جناب صادق کلیانکر نے کیمپ کے انعقاد اور انتظامات میں خصوصی دلچسپی لی اور ابتدائی مرحلے ہی سے اس کی تیاریوں اور انتظامی امور کی نگرانی کرتے رہے۔ انہوں نے کیمپ کا دورہ کرکے مختلف طبی سہولیات اور انتظامات کا جائزہ لیا اور خود بھی طبی جانچ کی سہولیات سے استفادہ کیا۔
اس فلاحی پروگرام کے انعقاد میں جامع مسجد بمبئی ٹرسٹ کے ساتھ فیملی فرسٹ گائیڈنس سینٹر کا بھی بھرپور تعاون رہا۔ جامر مسجد بمبئی کے مفتی اشفاق قاضی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کیمپ کی تیاری، مختلف طبی شعبوں کے ماہرین سے رابطے، انتظامی امور اور مجموعی نظم و نسق کو مؤثر بنانے کے لیے مسلسل کوششیں کیں۔
فیملی فرسٹ گائیڈنس سینٹر کے اسٹاف اور رضاکاروں نے رجسٹریشن، مریضوں کی رہنمائی، مختلف طبی شعبوں تک رسائی اور دیگر انتظامی امور میں سرگرم کردار ادا کیا۔ کیمپ میں آنے والے تمام افراد کا باقاعدہ رجسٹریشن کیا گیا اور ان کی ضروریات کے مطابق متعلقہ ڈاکٹروں اور طبی ماہرین تک رہنمائی کی گئی۔
کیمپ میں شریک افراد نے مختلف طبی سہولیات ایک ہی مقام پر مفت دستیاب ہونے کو نہایت مفید قرار دیا اور جامع مسجد بمبئی ٹرسٹ کی اس عوامی و فلاحی کاوش کو سراہا۔
جامع مسجد بمبئی ٹرسٹ کی سرپرستی اور فیملی فرسٹ گائیڈنس سینٹر و حبیب اسپتال کے تعاون سے منعقدہ یہ طبی کیمپ عوامی صحت اور خدمتِ خلق کے میدان میں ایک قابلِ قدر اقدام ثابت ہوا۔ الحمدللہ، منظم انتظامات، ماہر ڈاکٹروں کی شرکت اور طبی ٹیموں کے باہمی تعاون سے ۱۰۱ خاندانوں کو مختلف طبی سہولیات اور مفید رہنمائی فراہم کی گئی۔
Comments are closed.