خیانت: ایک سنگین معاشرتی گناہ
(مفتی) محمد انعام اللہ
الحراء فاؤنڈیشن ممبئی
کسی صحت مند اور مہذب معاشرے کے قیام کے لیے جس طرح قانون کی بالادستی، عدل و انصاف، اداروں کا نظم و ضبط اور معاشی استحکام ضروری ہیں، اسی طرح باہمی اعتماد، دیانت داری اور امانت کی حفاظت بھی ناگزیر ہے۔ درحقیقت انسانی معاشرت کی پوری عمارت اعتماد کی بنیاد پر کھڑی ہوتی ہے۔ اگر یہ بنیاد کمزور پڑ جائے تو خاندانوں کے رشتے، کاروباری معاملات، تعلیمی ادارے، انتظامی امور اور اجتماعی زندگی سب عدم تحفظ اور بداعتمادی کا شکار ہو جاتے ہیں۔
معاشرتی اعتماد اور استحکام کو متزلزل کرنے والے عوامل میں خیانت ایک بنیادی عامل ہے، جو بظاہر کسی فرد کے کردار کی خرابی محسوس ہوتی ہے، لیکن اس کے اثرات فرد سے نکل کر پورے معاشرے کو اپنی لپیٹ میں لے لیتے ہیں۔
عام طور پر خیانت کو مالی بددیانتی، امانت میں تصرف یا کسی دوسرے کے مال پر ناجائز قبضے تک محدود سمجھا جاتا ہے، حالاں کہ اس کا دائرہ اس سے کہیں زیادہ وسیع ہے۔ کسی کے اعتماد کو دانستہ طور پر پامال کرنا، راز فاش کرنا، وعدہ خلافی کرنا اور معاہدہ شکنی کرنا، کسی دوسرے کے علمی مواد کو اپنے نام سے پیش کرنا، کسی مضمون/ کتاب کا ترجمہ کرکے خود کو بجائے مترجم کے مصنف یا مؤلف لکھنا، سپرد کردہ ذمہ داری میں بددیانتی کرنا اور منصب و اختیار کو ذاتی مفاد کے لیے استعمال کرنا بھی خیانت کی مختلف صورتیں ہیں۔
انسان ایک سماجی مخلوق ہے۔ اس کی زندگی کا بڑا حصہ دوسروں کے ساتھ تعلقات، معاملات اور باہمی تعاون کے ذریعے گزرتا ہے۔ والدین اپنے بچوں کی تربیت کرتے ہیں، استاد اپنے شاگردوں کو علم منتقل کرتا ہے، تاجر اپنے کاروباری شریک کے ساتھ سرمایہ لگاتا ہے، ملازم کسی فرد یا ادارے کے وسائل استعمال کرتا ہے اور دوست ایک دوسرے کو اپنے دل کی باتیں اور راز بتاتے ہیں۔ ان تمام معاملات میں ایک دوسرے پر اعتماد ہی وہ بنیادی قوت ہے جو تعلقات کو قائم اور معاملات کو جاری رکھتی ہے۔
معاشرتی زندگی کا ہر معاملہ قانونی نگرانی کے تحت انجام نہیں پاتا۔ بہت سے معاملات میں انسان کو اپنے ضمیر، اخلاق اور دیانت داری کی بنیاد پر فیصلے کرنے ہوتے ہیں۔ اگر ہر شخص سے ہر وقت نگرانی اور بازپرس کے ذریعے ہی درست کام لینے کی ضرورت پیش آنے لگے تو باہمی اعتماد کی بنیاد پر قائم ہونے والے تعلقات اپنی معنویت کھو دیں گے۔ اسی لیے کسی بھی معاشرے کی حقیقی مضبوطی کا اندازہ صرف اس کے قوانین اور اداروں سے نہیں، بلکہ اس کے افراد کی اخلاقی دیانت سے لگایا جاتا ہے۔
جب کوئی شخص اپنے سپرد کیے گئے اعتماد، حق یا ذمہ داری کو جانتے بوجھتے اپنے مفاد کے لیے پامال کرتا ہے تو اسے خیانت کہا جاتا ہے۔
عربی زبان میں خیانت، امانت کی ضد ہے۔ اس کا بنیادی تعلق کسی کے سپرد کیے گئے حق، مال، راز یا ذمہ داری میں بددیانتی اور اس کے تقاضوں کی خلاف ورزی سے ہے۔
امام راغب اصفہانی رحمہ اللہ نے المفردات في غريب القرآن میں اس کی وضاحت کرتے ہوئے لکھا ہے:
فَالْخِيَانَةُ: مُخَالَفَةُ الْحَقِّ بِنَقْضِ الْعَهْدِ فِي السِّرِّ، وَنَقِيضُ الْخِيَانَةِ: الْأَمَانَةُ۔
خیانت یہ ہے کہ پوشیدہ طور پر عہد شکنی کرکے حق کی مخالفت کی جائے، اور خیانت کی ضد امانت ہے ۔
اس تعریف سے واضح ہوتا ہے کہ خیانت صرف کسی کے مال میں ناجائز تصرف کا نام نہیں، بلکہ کسی بھی سپرد کردہ عہد، حق یا ذمہ داری کو دانستہ طور پر پامال کرنا اس کے مفہوم میں شامل ہے۔
اسلامی اصطلاح میں خیانت سے مراد یہ ہے کہ کوئی شخص کسی امانت، عہد، حق یا سپرد کردہ ذمہ داری کو دانستہ طور پر پامال کرے یا اس میں بددیانتی سے کام لے۔
جدید سماجی علوم میں اس مفہوم کے لیے عموماً Betrayal ( دھوکا دہی ) اور Trust Violation ( اعتماد شکنی ) جیسی اصطلاحات استعمال ہوتی ہیں۔ ان سے مراد کسی قائم شدہ اعتماد کی خلاف ورزی ہے۔ تاہم ان اصطلاحات کو ہر اعتبار سے شرعی مفہومِ خیانت کا مکمل مترادف نہیں سمجھنا چاہیے، کیونکہ جدید تحقیقات میں اعتماد شکنی کا دائرہ بعض ایسے تعلقات تک بھی پھیل جاتا ہے جہاں باقاعدہ شرعی امانت یا معاہدہ موجود نہ ہو۔
یہاں ایک اہم بات سمجھنا ضروری ہے کہ ہر غلطی، کوتاہی یا ناکامی کو خیانت قرار نہیں دیا جاسکتا۔ انسان سے بھول چوک، غیر ارادی غلطی اور فیصلہ کرنے میں کمزوری بھی ہوسکتی ہے۔ لیکن دانستہ طور پر کسی کے حق کو پامال کرنا، اپنے اختیار کا ناجائز استعمال کرنا یا جانتے بوجھتے اعتماد کو نقصان پہنچانا ایک الگ اخلاقی اور قانونی حیثیت رکھتا ہے۔ اس لیے خیانت کی تعیین میں نیت، علم، اختیار، ذمہ داری اور عمل کے نتائج کو پیش نظر رکھنا ضروری ہے۔
اسلام نے امانت اور دیانت کو محض انفرادی اخلاقی خوبی نہیں قرار دیا، بلکہ انہیں ایمان، عدل اور اجتماعی زندگی کی بنیادی اقدار میں شامل کیا ہے۔ قرآن کریم میں متعدد مقامات پر امانت کی حفاظت، عہد کی پاس داری اور خیانت سے اجتناب کی تاکید کی گئی ہے۔
اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں:
يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لَا تَخُونُوا اللَّهَ وَالرَّسُولَ وَتَخُونُوا أَمَانَاتِكُمْ وَأَنْتُمْ تَعْلَمُونَ۔
(الأنفال: 27)
اے ایمان والو! اللہ تعالیٰ اور رسول اللہ کے ساتھ خیانت نہ کرو اور نہ اپنی امانتوں میں جانتے بوجھتے خیانت کرو۔
اللہ تعالیٰ کے احکام کی خلاف ورزی، رسول اللہ ﷺ کی تعلیمات سے دانستہ انحراف اور انسانوں کے سپرد کردہ حقوق و ذمہ داریوں میں بددیانتی، سب اس کی مختلف صورتیں ہیں۔
یہاں قابلِ غور بات یہ ہے کہ قرآن کریم نے خیانت کے ساتھ وَأَنْتُمْ تَعْلَمُونَ کے الفاظ استعمال کیے ہیں، یعنی جانتے بوجھتے خیانت نہ کرو۔ اس سے دانستہ بددیانتی اور غیر ارادی غلطی کے درمیان فرق بھی واضح ہوتا ہے۔
اللہ تعالیٰ مزید ارشاد فرماتے ہیں:
إِنَّ اللَّهَ يَأْمُرُكُمْ أَنْ تُؤَدُّوا الْأَمَانَاتِ إِلَىٰ أَهْلِهَا۔
(النساء: 58)
بے شک اللہ تعالیٰ تمہیں حکم دیتے ہیں کہ امانتیں ان کے حق داروں تک پہنچاؤ۔
اس آیت میں امانت کی ادائیگی کا حکم کسی ایک مخصوص شعبے تک محدود نہیں رکھا گیا، بلکہ عمومی انداز اختیار کیا گیا ہے۔ اس میں مالی امانت کے ساتھ حقوق، ذمہ داریاں، اختیارات، عہدے اور فیصلے بھی شامل ہیں۔
اس اصول کی روشنی میں یہ بات بھی واضح ہوتی ہے کہ کسی منصب یا اختیار کا غلط استعمال، نااہل شخص کو ذمہ داری سونپنا یا ذاتی تعلقات اور مفادات کی بنیاد پر مستحق افراد کے حقوق دبانا بھی امانت کے تقاضوں کے خلاف ہے۔
اسی آیت میں آگے ارشاد ہے:
وَإِذَا حَكَمْتُمْ بَيْنَ النَّاسِ أَنْ تَحْكُمُوا بِالْعَدْلِ۔
اور جب لوگوں کے درمیان فیصلہ کرو تو انصاف کے ساتھ فیصلہ کرو۔
اس سے معلوم ہوتا ہے کہ امانت اور عدل ایک دوسرے سے گہرا تعلق رکھتے ہیں۔ امانت کا تقاضا ہے کہ حق اس کے مستحق تک پہنچایا جائے، جب کہ عدل کا تقاضا ہے کہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔
چنانچہ کسی عہدے دار، منتظم، قاضی یا ذمہ دار شخص کا اپنے منصب کو ذاتی مفاد کے لیے استعمال کرنا صرف انتظامی بد عنوانی نہیں، بلکہ امانت داری اور عدل دونوں کے خلاف ورزی ہے۔
اللہ تعالیٰ اہلِ ایمان کی صفات بیان کرتے ہوئے ارشاد فرماتے ہیں:
وَالَّذِينَ هُمْ لِأَمَانَاتِهِمْ وَعَهْدِهِمْ رَاعُونَ۔ (المؤمنون: 8)
اور( کامیاب مومن اور جنت کے وارث)وہ لوگ ہیں جو اپنی امانتوں اور اپنے عہد کا خیال رکھتے ہیں۔
اس آیت میں امانت کی حفاظت اور وعدوں کی پاس داری کو اہلِ ایمان کی نمایاں صفات میں شمار کیا گیا ہے۔ اس سے یہ حقیقت سامنے آتی ہے کہ ایمان کا اثر صرف عبادات اور ظاہری مذہبی اعمال تک محدود نہیں رہنا چاہیے، بلکہ انسان کے معاملات، تعلقات، وعدوں اور ذمہ داریوں میں بھی اس کا عملی اظہار ہونا چاہیے۔
نبی کریم ﷺ نے امانت و دیانت کو انسانی کردار کی بنیادی صفات قرار دیا اور خیانت کو نفاق کی عملی علامات میں شمار فرمایا۔
آپ ﷺ ارشاد فرماتے ہیں :
آيَةُ الْمُنَافِقِ ثَلَاثٌ: إِذَا حَدَّثَ كَذَبَ، وَإِذَا وَعَدَ أَخْلَفَ، وَإِذَا اؤْتُمِنَ خَانَ۔ (بخاری ، مسلم)
منافق کی تین نشانیاں ہیں: جب بات کرے تو جھوٹ بولے، جب وعدہ کرے تو وعدہ خلافی کرے اور جب اس کے پاس امانت رکھی جائے تو اس میں خیانت کرے۔
یہ حدیث انسانی اعتماد کو تباہ کرنے والی تین بنیادی برائیوں کی نشان دہی کرتی ہے۔
جھوٹ گفتگو کے اعتبار کو ختم کرتا ہے، وعدہ خلافی مستقبل کے وعدوں کو بے معنی بناتی ہے اور خیانت سپرد کردہ ذمہ داری کو غیر محفوظ کردیتی ہے۔
یہاں یہ وضاحت بھی ضروری ہے کہ حدیث میں مذکور خصلتیں نفاقِ عملی کی علامتیں ہیں۔ کسی مسلمان میں ان میں سے کوئی خصلت پائی جانے سے اسے نفاقِ اعتقادی کا حامل نہیں قرار دیا جاسکتا۔
ایک دوسری حدیث میں نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا:
مَنْ غَشَّنَا فَلَيْسَ مِنَّا۔ (مسلم)
جس نے ہمیں دھوکا دیا وہ ہم میں سے نہیں۔
یہ ارشاد دھوکے، فریب اور بددیانتی کی تمام صورتوں کے خلاف ایک جامع اخلاقی اصول فراہم کرتا ہے۔ اس کا اطلاق صرف خرید و فروخت تک محدود نہیں، بلکہ ہر اس معاملے پر ہوتا ہے جس میں کوئی شخص
دوسرے کو حقیقت سے بے خبر رکھ کر ناجائز فائدہ حاصل کرے۔
جدید نفسیات و سماجیات میں اعتماد کو انسانی تعلقات اور ادارہ جاتی کارکردگی کا ایک بنیادی عنصر سمجھا جاتا ہے۔ ماہرین کے نزدیک اعتماد محض کسی شخص کو اچھا سمجھنے یا اس کے بارے میں مثبت رائے رکھنے کا نام نہیں، بلکہ یہ ایک ایسی کیفیت ہے جس میں انسان دوسرے شخص کی دیانت، قابلیت اور ذمہ داری پر بھروسا کرتے ہوئے اپنے آپ کو کسی حد تک اس کے اختیار میں دے دیتا ہے۔
مثلاً کوئی والد اپنے بچے کی تربیت استاد کے سپرد کرتا ہے، کوئی تاجر اپنا سرمایہ کاروباری شریک کے حوالے کرتا ہے، کوئی ادارہ اپنے ملازم کو مالی اور انتظامی اختیارات دیتا ہے یا کوئی شخص اپنے دوست کو اپنی نجی زندگی کا راز بتاتا ہے۔ ان تمام صورتوں میں ایک شخص دوسرے کے رویے اور دیانت پر اعتماد کرتے ہوئے کسی نہ کسی خطرے کو قبول کرتا ہے۔
یہ اعتماد اس توقع پر قائم ہوتا ہے کہ دوسرا شخص اپنے اختیار کو درست انداز میں استعمال کرے گا اور اس اعتماد کو اپنے ذاتی مفاد کے لیے پامال نہیں کرے گا۔
جب یہ توقع ٹوٹتی ہے تو صرف ایک معاملہ خراب نہیں ہوتا، بلکہ اس کے ساتھ وابستہ جذبات، تعلقات اور مستقبل کے تعاون پر بھی منفی اثر پڑتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جدید علمی تحقیقات میں Trust Violation یعنی اعتماد کی خلاف ورزی کو ایک اہم نفسیاتی اور تنظیمی مسئلہ سمجھا جاتا ہے۔
اس طرح واضح ہوتا ہے کہ خیانت محض کسی ایک شخص کے ساتھ ناانصافی نہیں، بلکہ اس اعتماد کو نقصان پہنچانے کا عمل ہے جس کے بغیر انسانی تعلقات اور اجتماعی تعاون کا نظام درست طور پر قائم نہیں رہ سکتا۔
خیانت چونکہ اعتماد اور ذمہ داری کی خلاف ورزی کا نام ہے، اس لیے انسانی زندگی کا شاید ہی کوئی ایسا شعبہ ہو جہاں اس کا امکان موجود نہ ہو۔ اس کی بعض صورتیں بالکل واضح اور نمایاں ہوتی ہیں، جب کہ بعض اتنی پوشیدہ ہوتی ہیں کہ انسان انہیں خیانت سمجھنے کے بجائے معمولی معاملہ تصور کرنے لگتا ہے۔ اسی لئے خیانت کی مختلف صورتوں کو سمجھنا ضروری ہے۔
▪️خیانت کی سب سے معروف صورت مالی بددیانتی ہے۔ کسی کے مال میں ناجائز تصرف کرنا، امانت میں خیانت کرنا، کاروباری معاملات میں حقیقت چھپانا، ناپ تول میں کمی کرنا، جعلی حسابات بنانا، شریکِ کاروبار سے منافع یا نقصان کی حقیقت پوشیدہ رکھنا اور ملاوٹ کے ذریعے صارفین کو دھوکا دینا اس کی نمایاں مثالیں ہیں۔
اسی طرح کسی ادارے کے مالی وسائل کو ذاتی مفاد کے لیے استعمال کرنا، سرکاری یا اجتماعی فنڈز میں خردبرد کرنا اور مالی معاملات میں دانستہ طور پر غلط معلومات فراہم کرنا بھی خیانت کے دائرے میں آتا ہے۔
کاروبار کی بنیاد باہمی اعتماد اور معاہدوں کی پاس داری پر ہوتی ہے۔ جب اس بنیاد کو نقصان پہنچتا ہے تو صرف دو افراد کے درمیان تعلقات خراب نہیں ہوتے، بلکہ پورے کاروباری ماحول میں بداعتمادی پیدا ہونے لگتی ہے۔
▪️علمی دنیا میں بھی خیانت کی متعدد صورتیں پائی جاتی ہیں۔ کسی دوسرے کی تحقیق، تحریر یا علمی مواد کو بلا حوالہ اپنے نام سے پیش کرنا، امتحان میں نقل کرنا / کرانا، جعلی اسناد حاصل کرنا یا اس کا ذریعہ بننا ، تحقیقی نتائج میں دانستہ تبدیلی کرنا اور کسی دوسرے کی علمی محنت کا ناجائز فائدہ اٹھانا علمی خیانت کی مثالیں ہیں۔
اسی طرح استاد کا تدریسی ذمہ داری میں دانستہ کوتاہی کرنا، طلبہ کے ساتھ امتیازی سلوک کرنا، کسی مستحق طالب علم کا حق دبانا یا تعلیمی نتائج میں جان بوجھ کر ردوبدل کرنا بھی امانتِ علم اور ذمہ داری کے منافی ہے۔
تعلیم کا مقصد صرف اسناد اور ملازمتوں کا حصول نہیں، بلکہ علم، کردار اور صلاحیت کی تعمیر ہے۔ اگر تعلیمی اداروں میں ہی بددیانتی کو فروغ ملنے لگے تو معاشرے کو اہل، باصلاحیت اور دیانت دار افراد میسر آنا مشکل ہوجائیگا ۔
▪️خاندان ، انسانی معاشرت کی بنیادی اکائی ہے اور اس کی مضبوطی باہمی محبت، وفاداری اور اعتماد پر قائم ہوتی ہے۔ والدین، اولاد، میاں بیوی اور دیگر رشتہ داروں کے درمیان بہت سے معاملات ایسے ہوتے ہیں جن کی بنیاد باہمی اعتماد پر ہوتی ہے۔
کسی کے ذاتی راز فاش کرنا، سپرد کردہ مالی امانت میں بددیانتی کرنا، ازدواجی وفاداری کے تقاضوں کو جان بوجھ کر پامال کرنا، بچوں کے حقوق سے دانستہ غفلت برتنا اور خاندانی ذمہ داریوں کو ذاتی مفادات کی خاطر نظرانداز کرنا اعتماد شکنی کی مختلف صورتیں ہیں۔
خاندانی خیانت کا نقصان محض ایک فرد تک محدود نہیں رہتا۔ اس کے اثرات بچوں کی نفسیات، گھریلو ماحول اور آنے والی نسلوں کے تعلقات تک پہنچ سکتے ہیں۔
▪️کسی بھی ادارے کی کامیابی اس کے ذمہ دار افراد کی دیانت اور جواب دہی پر منحصر ہوتی ہے۔ جب کسی ادارے کا سربراہ، منتظم یا ملازم اپنے منصب کو ذاتی مفاد کے لیے استعمال کرتا ہے تو وہ دراصل اس اعتماد کو نقصان پہنچاتا ہے جو ادارے نے اس پر کیا ہوتا ہے۔
اختیارات کا ناجائز استعمال، اقربا پروری، مستحق افراد کو نظرانداز کرنا، غیر مستحق افراد کو نوازنا، ادارے کے وسائل کو ذاتی ملکیت سمجھنا، ریکارڈ میں ردوبدل کرنا اور حقائق کو چھپا کر غلط فیصلے کروانا ادارہ جاتی خیانت کی نمایاں صورتیں ہیں۔
یہاں ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ کسی منصب پر فائز ہونا محض اعزاز یا اختیار حاصل کرنا نہیں، بلکہ ایک امانت قبول کرنا ہے۔ جس قدر بڑا منصب ہوگا، اسی قدر اس کے ساتھ وابستہ ذمہ داری اور جواب دہی بھی زیادہ ہوگی۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ارشاد فرماتے ہیں:
إِذَا ضُيِّعَتِ الأَمَانَةُ فَانْتَظِرِ السَّاعَةَ، قال: كيفَ إضاعَتُها يا رَسولَ اللهِ؟ قال: إذا أُسْنِدَ الأَمْرُ إِلَى غَيْرِ أَهْلِهِ فَانْتَظِرِ السَّاعَةَ. (بخاری)
جب امانت ضائع کر دی جائے تو قیامت کا انتظار کرو۔‘‘ عرض کیا گیا: اے اللہ کے رسول! امانت ضائع کرنے کا کیا مطلب ہے؟ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا: ’’جب معاملات کی ذمہ داری ایسے لوگوں کے سپرد کر دی جائے جو اس کے اہل نہ ہوں، تو قیامت کا انتظار کرو۔‘‘
▪️ہر انسان کی زندگی میں کچھ باتیں ایسی ہوتی ہیں جنہیں وہ دوسروں کے سامنے ظاہر نہیں کرنا چاہتا۔ جب کوئی شخص اعتماد کی بنیاد پر کسی دوسرے کو اپنا کوئی راز بتاتا ہے تو وہ دراصل اسے ایک امانت سپرد کرتا ہے۔
اس راز کو بلا اجازت دوسروں تک پہنچانا، نجی گفتگو کو عام کرنا، کسی کی ذاتی معلومات کا ناجائز استعمال کرنا یا کسی کے اعتماد سے حاصل شدہ معلومات کے ذریعے اسے نقصان پہنچانا بھی خیانت ہے۔
جدید دور میں معلومات کی اہمیت بہت بڑھ گئی ہے۔ کاروباری راز، ادارہ جاتی دستاویزات، ذاتی پیغامات اور نجی معلومات سب امانت کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کی حفاظت بھی دیانت داری کا ایک اہم تقاضا ہے۔
▪️ڈیجیٹل دنیا میں انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا نے انسانی تعلقات اور معاملات کو نئی وسعت دی ہے، لیکن اس کے ساتھ اعتماد شکنی کے نئے راستے بھی کھول دیے ہیں۔
کسی کا اکاؤنٹ یا شناخت ناجائز طور پر استعمال کرنا، نجی تصاویر اور پیغامات اجازت کے بغیر پھیلانا، جعلی شناخت کے ذریعے دھوکا دینا، آن لائن کاروبار میں غلط معلومات فراہم کرنا اور کسی کی ذاتی معلومات کو ناجائز مقاصد کے لیے استعمال کرنا ڈیجیٹل خیانت کی مثالیں ہیں۔
اس لیے امانت اور دیانت کا اصول صرف روایتی معاملات تک محدود نہیں، بلکہ ڈیجیٹل دنیا میں بھی اسی طرح نافذ ہوتا ہے۔
خیانت عموماً اچانک پیدا ہونے والی برائی نہیں ہوتی، بلکہ اس کے پیچھے بعض نفسیاتی، اخلاقی اور معاشرتی عوامل کار فرما ہوتے ہیں۔ ہر واقعے کے اسباب مختلف ہوسکتے ہیں، تاہم چند عوامل ایسے ہیں جو عمومی طور پر خیانت کے امکانات کو بڑھاتے ہیں۔
1۔ دنیاوی لالچ اور مفاد پرستی :
مال و دولت، عہدے، شہرت اور ذاتی فائدے کی غیر معمولی خواہش انسان کو بعض اوقات اخلاقی حدود سے تجاوز کرنے پر آمادہ کردیتی ہے۔ جب انسان کے نزدیک ذاتی مفاد، اصول اور حقوق سے زیادہ اہم ہوجائے تو وہ دوسروں کے اعتماد کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کرنے لگتا ہے۔
2۔ کمزور اخلاقی تربیت :
اخلاقی تربیت کا مقصد صرف اچھے اور برے کی نظریاتی پہچان نہیں، بلکہ انسان کے اندر ایسا ضمیر پیدا کرنا ہے جو اسے تنہائی میں بھی غلط کام سے روکے۔
اگر کسی شخص کی تربیت میں امانت، دیانت، وعدہ وفائی اور جواب دہی کی اہمیت راسخ نہ ہو تو اس کے لیے مفاد کے مواقع پر بددیانتی سے بچنا مشکل ہوسکتا ہے۔
3۔ احساسِ جواب دہی کا فقدان :
جو شخص یہ سمجھتا ہے کہ اس کے اعمال کا کوئی حساب نہیں ہوگا، وہ دوسروں کے حقوق پامال کرنے میں نسبتاً بے خوف ہوسکتا ہے۔
قانونی احتساب سے بچ نکلنے کا امکان، اداروں کی کمزور نگرانی اور بدعنوانی پر سزا نہ ملنا بھی خیانت کے رجحان کو بڑھا سکتا ہے۔
4۔ خود غرضی اور موقع پرستی :
بعض افراد اصولوں کے بجائے حالات اور مفادات کے مطابق اپنا رویہ تبدیل کرتے رہتے ہیں۔ جب تک کسی تعلق سے فائدہ حاصل ہوتا رہے، وہ وفاداری کا مظاہرہ کرتے ہیں، لیکن مفاد بدلتے ہی سابقہ وعدوں اور ذمہ داریوں کو بھلا دیتے ہیں۔
یہی رویہ موقع پرستانہ خیانت (Opportunistic Betrayal) کہلاتا ہے۔
5۔ حسد، رقابت اور انتقام :
بعض اوقات خیانت کا محرک مالی فائدہ نہیں، بلکہ حسد، ذاتی دشمنی، رقابت یا انتقام ہوتا ہے۔ انسان کسی دوسرے کی ترقی سے جل کر اس کی ساکھ خراب کرنے، اس کے راز فاش کرنے یا اس کے اعتماد کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتا ہے۔
6۔ لالچ کے مواقع اور اخلاقی کمزوری:
بعض اوقات انسان کے سامنے ناجائز فائدہ حاصل کرنے کا موقع آتا ہے۔ اگر اس موقع پر اس کا اخلاقی شعور اور خود احتسابی کمزور ہو تو وہ وقتی فائدے کی خاطر طویل مدتی اعتماد اور تعلقات کو داؤ پر لگا دیتا ہے۔
خیانت کا نقصان صرف اس وقت سامنے نہیں آتا جب کسی کا مال چوری ہو جائے یا کوئی معاہدہ ٹوٹ جائے۔
خیانت کا سب سے پہلا اور بنیادی نقصان اعتماد کی تباہی ہے۔ جس شخص کو ایک مرتبہ دھوکا دیا جائے، اس کے لیے دوبارہ اسی شخص پر اعتماد کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔ بعض اوقات ایک واقعہ انسان کو دوسرے تمام لوگوں کے بارے میں بھی بدگمان کردیتا ہے۔
اور اعتماد شکنی کا شکار ہونے والا شخص صدمے، اضطراب، غصے، احساسِ محرومی اور عدم تحفظ کا شکار ہوسکتا ہے۔ قریبی تعلقات میں خیانت کے اثرات بعض اوقات طویل عرصے تک باقی رہتے ہیں اور انسان کے آئندہ تعلقات کو بھی متاثر کرتے ہیں۔
اور اگر خاندان میں اعتماد ختم ہوجائے تو محبت، سکون اور باہمی تعاون کی جگہ شک، تنازع اور دوریاں پیدا ہونے لگتی ہیں۔ اس کا سب سے زیادہ اثر بچوں پر پڑسکتا ہے، جن کی شخصیت اور جذباتی نشوونما کے لیے پُرامن گھریلو ماحول ضروری ہے۔
اسی طرح کاروبار میں خیانت کی وجہ سے مالی نقصان کے ساتھ قانونی تنازعات، کاروباری شراکت کا خاتمہ اور مارکیٹ میں ساکھ کی خرابی جیسے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔
جب کاروباری معاملات میں اعتماد کم ہوجائے تو ہر معاملے کے لیے اضافی نگرانی، دستاویزات، ضمانتوں اور قانونی کارروائیوں کی ضرورت بڑھ جاتی ہے۔ اس سے لین دین کی لاگت اور پیچیدگیاں بھی بڑھتی ہیں۔ معاشیات میں اس نوعیت کے اضافی اخراجات کو Transaction Costs کہا جاتا ہے۔
اداروں میں بددیانتی، اقربا پروری اور اختیارات کا ناجائز استعمال میرٹ اور انصاف کو کمزور کردیتا ہے۔ نتیجتاً اہل افراد کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے، وسائل ضائع ہوتے ہیں اور ادارے اپنے بنیادی مقاصد حاصل کرنے میں ناکام ہونے لگتے ہیں۔
اور جب خیانت عام ہوجاتی ہے تو لوگ ایک دوسرے کے ساتھ معاملات کرتے ہوئے محتاط اور مشکوک رہنے لگتے ہیں۔ باہمی تعاون کم ہوجاتا ہے، ہر شخص اپنے مفاد کے تحفظ میں مصروف ہوجاتا ہے اور اجتماعی بھلائی کا جذبہ کمزور پڑنے لگتا ہے۔
اس طرح خیانت ایک فرد کی اخلاقی خرابی سے آگے بڑھ کر پورے معاشرے کے لیے اجتماعی مسئلہ بن جاتی ہے۔
خیانت کے خاتمے کے لیے صرف وعظ و نصیحت کافی نہیں، بلکہ فرد کی اخلاقی تربیت، معاشرتی اصلاح اور ادارہ جاتی احتساب پر مشتمل ایک جامع نظام ضروری ہے۔ اس مسئلے کا پائیدار حل اسی وقت ممکن ہے جب انسان کے اندرونی ضمیر کو بیدار کرنے کے ساتھ بیرونی نظام کو بھی شفاف اور جواب دہ بنایا جائے۔
اور لوگوں میں یہ احساس پیدا ہو کہ وہ صرف دنیا کے قانون اور لوگوں کے سامنے جواب دہ نہیں، بلکہ اللہ تعالیٰ کے سامنے بھی اپنے اعمال کے لیے جواب دہ ہیں۔
یہ احساس انسان کو اس وقت بھی خیانت سے روکتا ہے جب کوئی اسے دیکھنے والا نہ ہو اور اسے کسی قانونی کارروائی کا خوف بھی نہ ہو۔
بچپن ہی سے بچوں میں امانت، سچائی، وعدہ وفائی، دیانت اور دوسروں کے حقوق کا احترام پیدا کیا جانا چاہیے۔ گھر، مدرسہ، اسکول اور معاشرتی اداروں کو اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
صرف اخلاقی تعلیم کے اسباق پڑھانا کافی نہیں، بلکہ بڑوں کو اپنے عملی کردار سے بھی ان اقدار کا نمونہ پیش کرنا ہوگا۔
اسی طرح کاروباری اور ادارہ جاتی معاملات میں ذمہ داریوں، اختیارات اور حقوق کو واضح ہونا چاہیے۔ مالی حسابات، تحریری معاہدے، دستاویزی ریکارڈ اور شفاف طریقۂ کار بددیانتی کے امکانات کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
ایسا نظام ہونا چاہیے جس میں کسی شخص کو اس کے منصب، تعلقات یا اثر و رسوخ کی بنیاد پر احتساب سے استثنا حاصل نہ ہو۔ خیانت ثابت ہونے پر منصفانہ کارروائی اور متاثرہ شخص کے حق کی بحالی ضروری ہے۔
البتہ محض الزام کی بنیاد پر کسی کو مجرم قرار دینا بھی درست نہیں۔ احتساب میں ثبوت، انصاف اور قانونی تقاضوں کی پابندی ضروری ہے۔
اداروں میں ذمہ داریاں اہلیت اور قابلیت کی بنیاد پر تقسیم ہونی چاہئیں۔ ایسے معاملات میں شفاف اصول اختیار کیے جائیں جہاں کسی شخص کے ذاتی مفادات اس کے منصب یا ادارہ جاتی ذمہ داری سے متصادم ہوسکتے ہوں۔
اور اگر کسی شخص سے خیانت سرزد ہوجائے تو صرف زبانی معافی کافی نہیں، بلکہ جہاں تک ممکن ہو متاثرہ شخص کا حق واپس کرنا، مالی نقصان کی تلافی اور ٹوٹے ہوئے اعتماد کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کرنا بھی ضروری ہے۔
اس لئے ہمیں چاہئے کہ وقتاً فوقتاً اپنے کردار کا بھی جائزہ لیتے رہیں کہ کہیں کسی کے اعتماد، حق یا ذمہ داری میں کوتاہی تو نہیں ہو رہی ہے ۔ دوسروں کی خیانت پر تنقید کرنے سے پہلے اپنے معاملات کا جائزہ لینا ایک صحت مند اخلاقی معاشرے کی تشکیل کے لیے ضروری ہے۔
خیانت بظاہر ایک فرد کی اخلاقی کمزوری دکھائی دیتی ہے، لیکن حقیقت میں یہ انسانی معاشرت کے بنیادی ستون، یعنی اعتماد، کو کھوکھلا کردیتی ہے۔ مال کی چوری سے کسی کا سرمایہ ضائع ہوتا ہے، لیکن اعتماد کی چوری سے بعض اوقات تعلقات، خاندان، کاروبار یا ادارہ تباہ ہوجاتا ہے۔
قانونی نظام کسی حد تک ظاہری بددیانتی کو روک سکتا ہے، لیکن ہر معاملے میں نگرانی ممکن نہیں۔ انسان کو اس وقت بھی دیانت دار ہونا چاہیے جب اسے کوئی دیکھنے والا نہ ہو، اسے کسی سزا کا اندیشہ نہ ہو اور خیانت کے ذریعے اسے بظاہر بڑا فائدہ حاصل ہوسکتا ہو۔
یہی وہ مقام ہے جہاں تقویٰ، ضمیر، اخلاقی تربیت اور احساسِ جواب دہی اپنا حقیقی کردار ادا کرتے ہیں۔
ایک صالح معاشرہ صرف اس سے نہیں بنتا کہ اس کے قوانین اچھے ہوں، بلکہ اس سے بنتا ہے کہ اس کے افراد ایک دوسرے کے حقوق کا احترام کریں، اپنے وعدوں کی پاس داری کریں، سپرد کردہ ذمہ داریوں کو امانت سمجھیں اور ذاتی مفاد کے لیے دوسروں کے اعتماد کو پامال نہ کریں۔
یاد رکھنا چاہیے کہ امانت داری صرف یہ نہیں کہ انسان کسی کا مال محفوظ رکھے، بلکہ یہ بھی ہے کہ وہ کسی کے اعتماد، حق، راز، ذمہ داری اور اختیار کی بھی حفاظت کرے۔
جس معاشرے میں امانت محفوظ اور خیانت قابلِ نفرت ہو، وہاں اعتماد پروان چڑھتا ہے، انصاف مضبوط ہوتا ہے اور اجتماعی ترقی کی راہیں ہموار ہوتی ہیں۔ اس کے برعکس جہاں خیانت کو معمول، موقع پرستی کو ذہانت اور بددیانتی کو کامیابی سمجھ لیا جائے، وہاں ترقی کے ظاہری مظاہر کے باوجود اخلاقی اور معاشرتی زوال کو روکنا ممکن نہیں رہتا۔
Comments are closed.