خدا کے یقین سے خالی تہذیب

 

 

فقیہ العصر حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی دامت برکاتہم

صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ

 

‏‎شمع فروزاں

 

رب کائنات نے انسان کو جن نعمتوں سے نوازا ہے، ان میں ایک بڑی نعمت آزادی ہے، دنیا کی بہت سی مخلوقات قدرتی طور پر قید کی حالت میں ہیں ، درخت جس جگہ لگایا جاتا ہے اور نشو نما پاتا ہے، ہمیشہ وہیں کھڑا رہتا ہے، اس کے پاؤں میں ایسی بیڑیاں ڈال دی گئی ہیں کہ وہ دو قدم بھی نہیں چل سکتا، پہاڑ کی صلابت وقوت کی مثال دی جاتی ہے ، لیکن دوسری طرف اس کو اس طرح قید کر دیا گیا ہے کہ صدیاں گزر جاتی ہیں اور وہ کروٹ نہیں لے سکتا ، سمندر کی ٹھاٹھیں مارتی ہوئی موجیں کائنات کے بڑے حصہ پر قابض ہیں ، لیکن کیا مجال کہ وہ مستقل طور پر اپنے دائرہ سے باہر نکل جائیں ، یہاں تک کہ سورج اور چاند جیسی قدرت کی نشانیاں اپنے تمام تر جلال و جمال کے باوجود قدرت کی طرف سے کھینچی ہوئی لکیروں پر ہی رقص کرنے پر مجبور ہیں ، مجال نہیں کہ وہ بالشت بھر بھی آگے یا پیچھے ہو جائیں ؟ لیکن خدا نے حضرت انسان کو کچھ اس طرح بنایا ہے کہ بحرو بر خشکی وتر ، یہاں تک کہ فضائیں بھی اس کے قدموں سے پامال ہیں؛ چنانچہ کسی انسان کو اگر چلنے پھرنے سے روک دیا جائے اور ایک کمرہ یا عمارت میں قید کر دیا جائے تو اس کے لئے یہ نا قابل برداشت تکلیف ہوتی ہے۔

اس آزادی کو ثمر آور اور نتیجہ خیز بنانے کے لئے قدرت نے اس کو اختراعی صلاحیتوں سے بھی نوازا ہے، وہ اپنے وجود سے لے کر اپنے گرد و پیش پھیلی ہوئی دنیا تک ہر جگہ اپنی صلاحیت کے جلوے دکھاتا رہتا ہے ، اس کی یہ کاوشیں کبھی صحیح سمت میں ہوتی ہیں اور کبھی غلط سمت میں ؛ چوں کہ انسان کا امتحان مقصود ہے ؛ اسی لئے اسے ایک خاص حد تک ارادہ و عمل کی طاقت عطا کی گئی ہے، اس سے فائدہ اُٹھا کر بعض اوقات انسان اپنی صلاحیت کو خاص کر شہوات و خواہشات کو پورا کرنے کے لئے استعمال کرتا ہے، یہ خواہشات بنیادی طور پر تین قسم کی ہیں : ایک خوردونوش کی ، دوسرے: رہائش کی ، تیسرے صنفی تقاضوں کی۔

کھانا پینا انسان کی سب سے بڑی ضرورت بھی ہے اور اس کے لئے سامان لذت بھی ؛ اسی لئے تمدن کے ابتدائی دور سے ہی انسان عمدہ سے عمدہ پکوان کا تجربہ کرتارہا ہے اور آج تک اس کا سلسلہ جاری ہے ، اگر انسان صحیح رخ پر اس کی کوشش کرتا تو یقیناً یہ اس کے لئے نفع کی بات ہوتی لیکن انسان کے مزاج میں جولذت پرستی اور تکمیل شہوات کا جذبہ ہے، اس نے اس کو جائز حدود پر قانع رہنے نہیں دیا ، اس کی مثال منشیات کا استعمال ہے ، ساری دنیا کے اصحاب دانش متفق ہیں کہ نشہ انسان کی عقل کو بھی متاثر کرتا ہے اور مختلف اعضاء رئیسہ پر بھی اثر انداز ہوتا ہے ، لیکن لذت پرستوں کے نزدیک یہ زاہد خشک کا وعظ ہے اور قطعاً قابل توجہ نہیں ، اس سے آگے بڑھ کر بعض انسانوں نے سانپ، کیڑے مکوڑے اور درندہ خونخوار جانوروں کو بھی کھانا شروع کر دیا اور کھانے پینے کے معاملہ میں ان کے یہاں حلال اور حرام کے درمیان کوئی سرحد باقی نہیں رہی ، آج مختلف قسم کی بیماریوں کا ایک سبب یہ بھی ہے۔

انسان اپنے مکان اور بہتر سے بہتر رہائش کے لئے شروع سے کوشاں رہا ہے ، قرآن میں بعض ایسی قوموں کا ذکر ہے، جو پہاڑوں کو تراش کر اپنے عشرت کدے بناتے تھے، ہندوستان میں بھی بودھوں کی تراشیدہ خانقاہیں موجود ہیں ، آج نہ صرف تعمیر میں تنوع اور نت نئے ڈیزائن کا سیلاب آیا ہوا ہے؛ بلکہ انسان سمندر میں وقت گزاری کا اور پانی کے سینہ پر تیرتے ہوئے مکانات کا لطف اُٹھا رہا ہے اور اب تو فضاء میں بھی پکنک منانے کے لئے کوشاں ہے۔

انسان کی لذت اندوزی کا تیسرا ذریعہ اس کی صنفی خواہشات ہیں، بعض دفعہ جب انسان خدا کے خوف سے آزاد ہو جاتا ہے تو وہ دوسری خواہشات سے بڑھ کر اس کا پرستار ہوجاتا ہے، یہی نفس کی غلامی اور ہوس کی بندگی انسان کوغیر قانونی اور غیر شریفانہ جنسی تعلقات کی طرف لے آتی ہے، یہ ایسی آگ ہے، جو اخلاق اور شرم و حیاء کے لباس کو خاکستر کر کے رکھ دیتی ہے، دنیا کی مختلف قو میں اس کی مرتکب ہوتی رہی ہیں اور یہی چیز بالآخر ان تہذیبوں کے زوال ؛ بلکہ بعض اوقات نام و نشان تک مٹ جانے کے باعث ہوئے ہیں، یونان وروم اور ایران کی تمدنی تاریخ اس پر گواہ ہے اور اس وقت مغرب اس راستے پر اپنے قدم بڑھا رہا ہے۔

یہ ایک حقیقت ہے کہ انسان کی خواہشات کو دو ہی چیزیں لگام دے سکتی ہیں : ایک تو مادی نقصان کا خطرہ ، دوسرے مذہب کا یقین ، مادی نقصان کا خطرہ یقیناً مادہ پرست انسانوں کو روکنے میں بہت سی دفعہ مؤثر ثابت ہوتا ہے، اگر ایسا نہ ہوتا تو کوئی مریض اپنی مرغوب اشیاء سے پر ہیز نہیں کرتا ، لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے انسان جب مادی خواہشات کا دیوانہ بن جاتا ہے تو وہ ایسے خطرات کو بھی خاطر میں نہیں لاتا ؛ مذہب خواہ کوئی بھی ہو، توحید پر مبنی ہو یا شرک پر ، انسانی آمیزشوں اور ملاوٹوں کا شکار ہو چکا ہو یا اس سے محفوظ ہو، اس کی بنیاد خدا کے یقین اور آخرت کے تصور پر ہوتی ہے، یہ تصور انسان کے اندر جواب دہی کے احساس کو اُبھارتا ہے، یہ یقین رات کی تاریکی اور کمرے کی تنہائی میں بھی اس کے قدم تھام لینے کی صلاحیت رکھتا ہے ، وہ ضمیر کو زندہ رکھتا ہے اور وہ جرم کے ارادہ پر اسے ملامت کرتا ہے، یہ محض ایک نظریہ نہیں ہے ؛ بلکہ ہر زمانہ میں مذہب سے تعلق رکھنے والوں کی زندگی اس پر شاہد ہے ؛ اس لئے مذہب ایک پرسکون اور عدل پر مبنی سماج کے لئے ضرورت کا درجہ رکھتا ہے۔

افسوس کہ مغرب میں ایک طویل عہد تک مذہب اور اقتدار کے درمیان کشمکش رہی ہے ، حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے فرمایا تھا کہ کلیسا کو اس کا حق دو اور قیصر کو اس کا حق ، لیکن ہوا یہ کہ یہ دونوں اپنی اپنی حدود سے تجاوز کرنے لگے ، کلیسا کی زیادتیاں اس درجہ بڑھ گئیں کہ حکومتیں ان کے آگے بے بس تھیں اور عوام ان کے رویہ سے پریشان، عیسائی مذہبی رہنماؤں نے مذہب کو لوگوں کے استحصال کا ذریعہ بنالیا، وہ جسے چاہتے مرتد اور گمراہ قرار دے کر زندہ جلانے کی سزا دیتے ، عوام کی آزادیاں سلب کر لیتے اور پیسے کمانے کے لئے مغفرت نامے فروخت کرتے ، آخر یہ لڑائی کلیسا کی شکست پر ختم ہوئی اور یورپ میں آزادی کا ایسا سورج طلوع ہوا، جسے مذہب کے نام اور اس کی ایک ایک علامت سے نفرت تھی ، چوں کہ یورپ بحیثیت مذہب صرف عیسائیت ہی سے آشنا تھا؛ اس لئے وہ مطلقا مذہب کا باغی ہو گیا ، اور مذاہب کی مسلمہ قدروں کو بھی اس نے نا قابل اعتناء اور نا قابل توجہ قرار دے دیا ، اسی بغاوت نے ان کے گمان کے مطابق انھیں آزادی عطاء کی ، لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس بغاوت نے انھیں شہوات و خواہشات کی بدترین قسم کی غلامی میں مبتلا کر دیا ، اور آج یہ غلامی اس مقام پر پہنچ گئی ہے، جہاں شاید جانور بھی انسان سے شرماتے ہوں گے۔

آج مغرب میں خاندانی نظام کا بکھراؤ اور قلب وروح کی بے سکونی اسی صورت حال کا نتیجہ ہے، آزادی کے اسی تصور کے تحت زنا کی تعریف بدلی گئی اور زنا مرد وعورت کے غیر قانونی تعلق کا نام نہیں رہا؛ بلکہ ایسے جنسی تعلق کا نام ہو گیا ، جس سے کسی انسان کا حق مجروح ہوتا ہو ؛ اس لئے کسی عورت سے بالجبر بدکاری کرنا یا دوسرے کی بیوی سے جنسی تعلق زنا کہلایا ؛ کیوں کہ پہلی صورت میں اس عورت کے ساتھ اور دوسری صورت میں اس کے شوہر کے ساتھ زیادتی روا رکھی گئی ، لیکن اگر یہی فعل باہمی رضامندی سے کیا جائے تو اسے جرم نہیں سمجھا گیا ، اس سے ایک دوسری صورت یہ پیدا ہوئی کہ شوہر و بیوی کی ایک دوسرے کے ساتھ وفاداری ختم ہوتی چلی گئی اور ازدواجی زندگی ایک ایسی راہ گزر بن گئی ، جس میں زندگی کے مسافر کچھ دور تک ایک دوسرے کے ساتھ چلیں اور پھر اپنی اپنی پسند کے راستے پکڑ لیں ؛ اسی لئے نکاح کی شرح کم ہونے لگی اور ایک ایسے طریقہ زندگی کی طرف رجحان بڑھنے لگا کہ بغیر نکاح کے مرد وعورت جب تک جی چاہے ایک دوسرے کے ساتھ رہیں اور جب یہ رفاقت بوجھ محسوس ہونے لگے تو الگ ہو جائیں ، جس کو آج کل ” لیونگ لائف“ کہتے ہیں ، اس طرح وہ نکاح اور طلاق کے بعد آئندہ ہونی والی ذمہ داریوں سے محفوظ رہیں گے اور اپنی خواہش پر عمل کرنے میں بھی آزاد ہوں گے۔

زندگی گزارنے کے اسی طریقہ نے پھر اس تصور کو جنم دیا کہ اولاد سے دامن بچایا جائے ؛ کیوں کہ بچے ماں باپ کی عیش کوشی میں بھی رکاوٹ بن جاتے ہیں ، اور جب مرد کا ساتھ چھوٹ جاتا ہے تو وہ عورت کے لئے بوجھ بن جاتے ہیں ؛ اس لئے مغرب میں شرح پیدائش کم ہوتی جارہی ہے، اور اگر ایشیاء وافریقہ کے تارکین وطن نہ ہوں تو شاید بالکل ہی تھم جائے ؛ لیکن انسان کے اندر صاحب اولاد ہونے کا ایک فطری جذ بہ بھی پایا جاتا ہے؛ اس لئے اولادکو گود لینے کا سلسلہ شروع ہوا، اور مغربی ملکوں میں اس کو قانونی حیثیت دے دی گئی ، جس کا اصل مقصد تو صاحب اولاد ہونے کے جذبہ کی تسکین ہے ، لیکن اسے نام بچوں کی بہبود اور ان کی خدمت کا دیا جاتا ہے، پھر خواہشات کے عفریت نے اسی پر اکتفاء نہیں کیا؛ بلکہ لذت چشی کے نئے نئے تجربات کرتے ہوئے ہم جنسی اور محرم رشتہ داروں کے ساتھ جنسی تعلق کو بھی بہت سے ملکوں میں قانونی طور پر جائز قرار دے دیا گیا اور بہت سے ملکوں میں اس کی کوشش جاری ہے، قرآن مجید کے بیان کے مطابق جب قوم لوط کو وقت کے پیغمبر حضرت لوط علیہ السلام نے ان کے اس فعل پر ملامت کی تو انھوں نے یہ تو کہا کہ ہماری رغبت اس غیر فطری عمل کی طرف ہے؛ مگر وہ اس کے لئے کوئی دلیل نہیں دے سکے ، لیکن یہ زمانہ چوں کہ علمی اور تہذیبی ترقی کا ہے ؛ اس لئے غلط سے غلط عمل کیوں نہ ہو، اس کے لئے دلیلیں تراش لی جاتی ہیں اور پھر اتنی قوت سے اس کی تشہیر کی جاتی ہے، کہ لوگوں کو تاریکی روشنی اور جھوٹ سچ نظر آنے لگتا ہے؛ چنانچہ اس وقت مغرب کی کوشش ہے کہ جس گلوبلائزیشن کا نعرہ لگایا جارہا ہے، وہ تجارت ہی تک محدود نہ رہے؛ بلکہ زندگی کے بنیادی تصورات اور طریقہ زندگی کو بھی مغرب سے مشرق کی طرف ایکسپورٹ کیا جائے۔

اس کی عملی مثالیں ہمارے سامنے ہیں ، کہنے کو ہم ایک آزاد قوم ہیں اور بڑے تزک واحتشام کے ساتھ یوم آزادی مناتے بھی ہیں لیکن حقیقت میں ہم اس وقت بدترین غلامی کے دور سے گذر رہے ہیں ، جس میں ہمارے دل و دماغ کو غلام بنالیا گیا ہے، حال ہی میں ایک مسلمان دانش ور کا مضمون نظر سے گذرا ، جس میں نہ صرف ہم جنسی ؛ بلکہ بغیر شادی کے مرد وعورت کے ایک ساتھ زندگی گزارنے اور محرم رشتہ داروں سے ازدواجی تعلق کو بھی بہت ہلکے انداز میں پیش کیا گیا ہے اور ہم جنسی کے بارے میں کہا گیا ہے کہ یہ ایک نفسیاتی بیماری ہے ، مذہب سے تعلق رکھنے والوں کو خواہ مخواہ اس میں دخل نہیں دینا چاہئے ،کسی بھی برائی کی کثرت جب عادت کی شکل اختیار کر لیتی ہے تو یہ ایک بیماری ہی بن جاتی ہے، بہت سے قاتل بھی اپنے اندر پائے جانے والے غیرم معمولی جذبہ انتقام اور جوش وغضب کی وجہ سے قتل کرتے ہیں ، شراب پینے والا شراب پینے کے لئے بے چین رہتا ہے ، تو کیا ان کو جرم نہیں سمجھا جائے گا ؟ حقیقت یہ ہے کہ جو ارادہ واختیار کے ساتھ عقل و شعور سے بہرہ ور ہونے کے باوجود کسی غیر قانونی فعل اور غیر فطری عمل کا ارتکاب کرتا ہے، وہ مجرم ہے۔

مسلمانوں کی نئی نسل کو چاہئے کہ وہ ایسے فتنوں کو سرسری انداز سے نہ دیکھیں اور اسے اتفاقی واقعہ تصور نہ کریں، دراصل اس کے پیچھے تحریف شدہ عیسائیت اور حکومت کی کشمکش، پھر عیسائی مذہبی اداروں کی شکست اور اس کے نتیجہ میں مغربی دنیا کا مذہب کے خلاف بغاوت اور مذہب کی مسلمہ اقدار کی مخالفت کی طویل تاریخ کارفرما ہے، جس کے نتیجہ میں مغربی سماج میں خاندانی نظام بکھر چکا ہے اور اب مغرب چاہتا ہے کہ جس آگ میں وہ خود جل رہا ہے، اسے مشرق تک پہنچاوے، یہ سب کچھ بے خدا تمدن کی بازگشت ہے اور پوری قوت کے ساتھ اسے روکنا پوری انسانیت کا فریضہ ہے۔

Comments are closed.