حضرت مولانا قاری رشید احمد اجمیری: مختصر سوانحی خاکہ

 

محمد روح الامین قاسمی

(استاذ دار العلوم حسینیہ، مدنی نگر، چَڑَئی بَھول، ضلع میُوربھنج، اڈیشا)

 

آپ گجرات کے ایک ممتاز عالم دین، قاری، محدث، مفسر، مصنف، مصلح، مفکر اور مقرر ہیں۔ آپ دینی علوم کے ساتھ دنیاوی علوم سے بھی آراستہ ہیں۔ اردو، گجراتی اور عربی کے ساتھ ساتھ انگریزی زبان پر بھی دسترس رکھتے ہیں۔ آپ کی تقریر بڑی مؤثر اور عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوتی ہے۔ دینی حلقوں کے ساتھ تعلیم یافتہ و دانشور طبقہ بھی آپ کو بے حد پسند کرتا ہے۔ آپ کے والدِ بزرگوار حضرت مولانا محمد رضا اجمیریؒ بھی بڑے محدث تھے، جنھوں نے دار العلوم اشرفیہ راندیر میں نصف صدی سے زائد عرصہ تک بخاری شریف کا درس دیا۔ آپ بھی دار العلوم اشرفیہ راندیر میں تین دہائیوں سے زائد عرصے سے بخاری شریف کا درس دے رہے ہیں۔ آپ قطب برطانیہ مولانا پیر اسماعیل واڑی نقشبندیؒ کے خلیفہ و مُجاز ہیں۔ ملک و بیرون ملک میں آپ کے کثرت سے دعوتی و اصلاحی اسفار ہوتے رہتے ہیں اور ہندوستان کے ساتھ بیرون ہند میں بھی آپ کا علمی و روحانی فیضان جاری ہے۔

ولادت اور خاندانی پس منظر

آپ کی ولادت 7 جون 1957ء کو قصبۂ راندیر، گجرات میں ہوئی۔ آپ کے والد حضرت مولانا محمد رضا اجمیریؒ کا آبائی تعلق گاؤں بابڑہ، نزد چارسدہ، سابق صوبۂ سرحد سے تھا۔ پندرہ سولہ برس کی عمر میں شوقِ علم نے انھیں پشاور سے اجمیر شریف تک پیدل سفر پر آمادہ کیا، جہاں مدرسہ معینیہ عثمانیہ، مسجد اکبری، اجمیر شریف میں سات آٹھ سال تعلیم حاصل کی، جہاں ان کے اساتذہ میں مولانا شریف الحسن صاحب وغیرہ تھے۔ اس کے بعد انھوں نے ناگور میں تدریسی خدمت انجام دی اور پھر دار العلوم اشرفیہ راندیر سے وابستہ ہوگئے۔ اس ادارے میں پچپن برس خدمت انجام دی، جن میں تقریباً پچاس سال مسلسل بخاری شریف کا درس بھی شامل تھا۔ 1994ء میں وفات پائی اور راندیر کے گورِ غریباں قبرستان میں مدفون ہوئے۔

آپ کا نانیہالی تعلق بہار سے ہے۔ آپ کے نانا مولانا غلام کبریا بہاریؒ فاضلِ دار العلوم دیوبند اور ادیب و شاعر تھے، جن کی تدفین احمد آباد میں ہوئی۔ آپ کے خسر حضرت مولانا سید عبد الحق قادریؒ، حضرت مفتی عبد الرحیم لاجپوریؒ کے حقیقی بھائی اور گجراتی مجلہ ”حیات“ کے مدیر تھے۔ اس طرح آپ کو دونوں خاندانوں کی طرف سےبھی علمی و دینی ماحول میسر آیا۔

تعلیم و تربیت

آپ نے راندیر کے گجراتی میڈیم اسکول سے ابتدائی تعلیم حاصل کی اور ایس ایس سی پاس کیا۔ دورانِ تعلیم حضرت مولانا رجب صاحبؒ، حضرت مولانا یوسف بوڈھانیہ صاحبؒ اور حضرت مولانا قاسم صاحب کرمالیؒ سے فارسی، عربی اور اردو کی تعلیم حاصل کی۔

 

ایس ایس سی کے بعد سومناتھ کالج، ویراول میں کامرس کی تعلیم کے لیے داخلہ لیا، مگر تعلیم مکمل کرنے سے پہلے سورت منتقل ہوگئے۔ وہاں حافظ غلام محمد واڑی والاؒ اور میاں احمد واڑی والاؒ کی زیر سرپرستی راندیر انجمن اسکول، پھر کالج میں تعلیم حاصل کی۔ اسی زمانے میں آپ نے سورت میں چائے کی پتی کی دکان میں بطور ملازم و پارٹنر 2-3 سال کام بھی کیا۔

دو تین سال بعد شوقِ علم نے پھر کروٹ لی تو آپ نے اپنے والدِ محترم سے عربی اول کی ساری کتابیں پڑھیں، دعائیں لیں اور دار العلوم اشرفیہ راندیر میں داخلہ لے کر چار سال میں نصاب مکمل کیا۔

آپ کے اردو، فارسی اور عربی کے اساتذہ میں آپ کے والد ماجدؒ کے علاوہ مولانا عبد الغنی کاویؒ، مولانا مفتی محمد آچھوڈی(موجودہ شیخ الحدیث دار العلوم ماٹلی والا)، مولانا حکیم ابو الشفا بلیاویؒ، قاضی محی الدین صاحبؒ، مولانا یعقوب بھڑکودرویؒ (ابو اویس قاسمی)، مولانا یوسف بوڈھانیہؒ، مولانا رجب صاحبؒ، قاری اسماعیل بابوؒ، مولانا قاسم کرمالیؒ، مولانا قاری یعقوب آمباواڑیؒ، مولانا اسماعیل اشرف راندیریؒ اور مولانا احمد دھڈھال شامل تھے۔

تجوید کی ابتدائی تعلیم قاری عبد الحمید صاحب دھودھات پانولیؒ سے حاصل کی، جب کہ حضرت مولانا مفتی عبدالرحیم لاجپوریؒ سے جمال القرآن، ہدیۃ الوحید اور فوائد مکیہ پڑھیں، انھی کے پاس حفظِ قرآن مکمل کرکے سند حاصل کی اور کئی سال تک انھیں قرآن مجید سناتے رہے۔ دار العلوم اشرفیہ کے استاذِ تجوید مولانا قاری اسماعیل صاحب دھگامیؒ سے مقدمۃ الجزریہ اور خلاصۃ البیان کی تعلیم بھی حاصل کی۔

عملی و تدریسی زندگی

1982ء میں آپ کا تقرر دار العلوم اشرفیہ راندیر میں استاذِ تجوید کی حیثیت سے ہوا۔ یہ تقرر حضرت مولانا احمد اشرف قاسمی راندیریؒ (سابق مہتمم دار العلوم اشرفیہ، راندیر و تلمیذ رشیدعلامہ محمد انور شاہ کشمیریؒ) کے حکم سے فراغت سے چھ ماہ قبل ہی طے ہوگیا تھا۔ تجوید کی تدریس کے ساتھ اپنے والد کی ہدایت پر آپ نے عربی کی ابتدائی بعض کتابیں بھی پڑھائیں، پھر وسطیٰ، پھر علیا کی کتابیں پڑھائیں۔ اس درمیان النحو الواضح، کتاب النحو، تیسیر المنطق کے بعد کی تہذیب المنطق یا شرحِ تہذیب، شرح وقایہ، اصول الشاشی، نور الانوار، ہدایہ (جلد رابع) اور سنن ابن ماجہ جیسی متعدد کتابوں کی تدریس ان سے متعلق رہی۔

1984ء میں ایک سال جنوبی افریقہ کے دار العلوم زکریا میں تدریسی خدمت انجام دی۔ 1992ء یا 1993ء میں میفیئر، جوہانسبرگ کی جامع مسجد میں تقریباً ایک سال امامت کی۔ 1994ء میں اپنےوالد کے انتقال کے بعد ادارے کے ذمہ داران، مولانا یعقوب اشرف راندیریؒ (سابق مہتمم دار العلوم اشرفیہ راندیر) اور مولانا یعقوب سارودیؒ (سابق شیخ الحدیث دار العلوم کنتھاریہ، محمود نگر، بھروچ) کے مشورے سے بخاری شریف اور جلالین شریف کی تدریس آپ کے سپرد ہوئی۔ تب سے درسِ حدیث آپ کی علمی زندگی کا مرکزی حصہ ہے۔ تین دہائیوں سے زیادہ عرصے سے بخاری شریف کا درس جاری ہے؛ روزانہ تقریباً دو گھنٹے بخاری شریف اور دو گھنٹے جلالین شریف کی تدریس آپ کے معمول میں شامل ہیں۔

درسِ قرآن و تفسیر سے بھی آپ کا تعلق تقریباً چار دہائیوں پر محیط ہے۔اپنے والد کی ہدایت پر کنارہ مسجد، راندیر میں محض دو مصلیوں سے آپ نے اس سلسلے کا آغاز کیا، جو رفتہ رفتہ آپ کی مستقل علمی و اصلاحی خدمت بن گیا۔ نوجوان علما کو معارف القرآن، حاشیہ عثمانی اور روح المعانی جیسی تفاسیر کے مطالعے کی ترغیب دیتے ہیں۔

خطابت و اسفار

زمانۂ طالب علمی ہی سے آپ کو خطابت سے دلچسپی تھی۔ اساتذہ کی زیر نگرانی جمعرات کی انجمنوں میں تقریر کے مواقع خوب ملے۔ ہدایہ کے سال ہزیرہ، راندیر میں آپ کی پہلی عوامی تقریر ہوئی تھی۔ آپ کے والدِ محترم نے بیان سے پہلے دو رکعت نماز پڑھنے اور تقریر کو تقریباً پینتالیس منٹ تک محدود رکھنے کی نصیحت کی تھی۔

دینی و اصلاحی سرگرمیوں کے سلسلے میں آپ نے دنیا کے تیس سے زائد ممالک کے متعدد اسفار کیے، جن میں برطانیہ، کینیڈا، ری یونین، پنامہ، بارباڈوس، گریناڈا، فجی، نیوزی لینڈ اور سنگاپور شامل ہیں۔ برطانیہ کے تقریباً پچیس، کینیڈا کے بارہ سے پندرہ، فرنچ کالونی ”جزیرۂ ری یونین“ کے چھ یا سات، پنامہ کے سات یا آٹھ اور بارباڈوس کے چار یا پانچ، گریناڈا کے تین سفر ہو چکے ہیں۔ ان سفروں میں تدریس، دعوت، اصلاح اور مختلف ممالک کے دینی حلقوں سے رابطے کے مواقع میسر آئے۔

بیعت و خلافت اور اصلاحی خدمات

سب سے پہلے آپ نے روحانی و اخلاقی تربیت اپنے والد علامہ محمد رضاء اجمیریؒ سے پائی، پھر آپ کی خواہش فقیہ الامت مفتی محمود حسن گنگوہی ؒسے بیعت ہونے کی تھی، جن سے افریقہ و راندیر میں اوائلِ اربعین اور حدیث کی دیگر کتب کا درس لیا تھا۔آپ کا باقاعدہ تعلقِ بیعت 1992ء یا 1993ء میں جنوبی افریقہ کے قیام کے دوران سلسلۂ مجددیہ نقشبندیہ سے تعلق رکھنے والے حضرت مولانا اسماعیل واڑی نقشبندیؒ سے قائم ہوا۔ حضرت مولانا اسماعیل واڑیؒ نے جامعہ حسینیہ راندیر، جامعہ اسلامیہ تعلیم الدین ڈابھیل اور دار العلوم دیوبند میں تعلیم حاصل کی تھی۔ ابتدا میں شیخ الاسلام حضرت مدنیؒ سے بیعت ہوئے اور ان کے وصال کے بعد حضرت حافظ شاہ غلام حبیب چکوالوی نقشبندیؒ سے وابستہ ہوئے اور انھی کے خلیفہ و جانشین ہوئے۔ برطانیہ میں دار العلوم بری کی تدریس، جامعۃ الکوثر کے قیام اور مڈغاسکر و ماریشس سمیت مختلف مقامات کے دینی اسفار بھی ان کی خدمات میں شامل تھے۔

حضرت مولانا اسماعیل واڑیؒ نے بیعت کے تقریباً پانچ چھ سال بعد آپ کو اجازتِ بیعت عطا فرمائی۔ اس کے لگ بھگ دس سال بعد آپ نے راندیر کی مسجد سے اصلاح و ارشاد کا سلسلہ شروع کیا، جس کا دائرہ اب ہندوستان کے مختلف علاقوں اور بیرونِ ملک تک پھیلا ہوا ہے۔

ملی و سماجی خدمات

ملکی و سماجی مسائل کے حوالے سے آپ ہندو مسلم بھائی چارے، قومی یکجہتی اور نوجوان نسل کی دینی و اخلاقی تربیت کو اہمیت دیتے ہیں۔ مخلوط تعلیمی ماحول میں مسلم نوجوانوں کے عقائد و دینی شناخت کے تحفظ اور ارتداد کے فتنے سے بچاؤ کی فکر بھی آپ کے بیانات میں نمایاں ہے۔ سوشل میڈیا کو قرآن و حدیث کا پیغام مسلمانوں اور غیر مسلموں تک پہنچانے کا مؤثر ذریعہ قرار دیتے ہیں۔ امارتِ شرعیہ ہند اور جمعیۃ علمائے ہند کی سرگرمیوں سے وابستگی بھی ہے اور تقریباً دس سال سے امیرِ شریعت گجرات کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔

قلمی خدمات

تدریس و اصلاح کے ساتھ تصنیف و تالیف بھی آپ کی علمی زندگی کا اہم حصہ ہے۔ آپ گجراتی اور ہندی زبانوں سے خصوصی مناسبت رکھتے ہیں اور ہندی زبان کے خصوصی اسناد بھی حاصل ہیں۔ آپ کی تحریروں میں دینی تعلیم، اصلاحِ معاشرہ، اتباعِ سنت، خواتین کے مسائل اور جدید علوم کے ساتھ اسلامی فکر کے تعلق جیسے موضوعات شامل ہیں۔

آپ کی اہم تصانیف و تالیفات میں درج ذیل کتابیں اور علمی کام شامل ہیں:

(1) تذکرۃ الرضا: دو سو سے زائد صفحات پر مشتمل اپنے والدِ محترم حضرت مولانا محمد رضا اجمیریؒ کی سوانحِ حیات اور مختلف سوانحی و تاثراتی مضامین کا مجموعہ، جس کے متعدد ایڈیشن شائع ہو چکے ہیں۔ اس کے جدید ایڈیشن میں آپ کے والد کی ساری کتابوں کا لب لباب پیش کیا گیا ہے۔

(2) درسِ بخاری: والدِ محترم کے ختمِ بخاری کے موقع پر دیے گئے درس کو فی البدیہہ قلم بند کرکے شائع کرایا۔

(3) مواعظِ شیخ اجمیری: ایک جلد میں والدِ محترم کے مواعظ کا مجموعہ۔

(4) ملفوظاتِ شیخ اجمیری: اپنے والد محترم کے ملفوظات اور تربیتی باتوں پر مشتمل دو جلدوں کا مجموعہ۔

(5) خطباتِ رشید: آپ کے علمی و اصلاحی بیانات کا مجموعہ، جو دس جلدوں میں شائع ہوا۔ اسے آپ کے شاگرد مولانا نظام الدین (مدرس مدرسہ مفتاح العلوم تراج) اور دیگر علما نے مرتب کیا، جو مختلف مقامات سے شائع ہو چکا ہے۔

(6) اتباعِ سنت اور حضرت اجمیری: اتباعِ سنت اور حضرت اجمیریؒ کی نسبت سے متعلق موضوعات پر مشتمل تصنیف۔

(7) منبہات کا گجراتی ترجمہ: دینی و اخلاقی مواد کو گجراتی زبان کے قارئین تک پہنچانے کی کوشش۔

(8) پردہ اور عورت کے موضوع پر گجراتی کتابچہ: خواتین اور پردے سے متعلق دینی مسائل پر تحریر۔

”میڈیکل سائنس اور اسلام“ کے موضوع پر آپ کے قسط وار مضامین گجراتی دینی مجلے ”حیات“ میں، جو آپ کے خسر مولانا سید عبد الحق قادریؒ کی زیر ادارت نکلتا تھا، لمبے عرصے تک شائع ہوتے رہے۔ اسی مجلے میں آپ کے والد کی وفات کے سانحے پرآپ کا مضمون بھی شائع ہوا تھا۔ اس کے علاوہ آپ کے مختلف مضامین گجرات کے مختلف رسائل و جرائد میں شائع ہوتے رہے ہیں۔

اللہ تعالیٰ آپ کی عمر و صحت میں خوب برکت عطا فرمائے اور امت مسلمہ کو آپ سے تادیر فیض یاب ہونے کی توفیق عطا فرماتا رہے۔ آمین۔

Comments are closed.