مہلوک سکندر کے قاتل کی تحقیق کرکے قرار واقعی سزاد ی جائے: ناظم امارت شرعیہ

 

 

امارت شرعیہ کے ایک مؤقر وفدنے مہلوک کے گاؤں پہونچ کر حالات کی جانکاری لی

 

پھلواری شریف(پریس ریلیز)

 

حالیہ دنوں میں ضلع اورنگ آباد کے رفیع گنج بلاک کے باشند ہ جناب سکندر خان کے بہیمانہ قتل پر سخت ردعمل کااظہار کرتے ہوئے ناظم امارت شرعیہ بہار اڈیشہ ،جھارکھنڈ ومغربی بنگال مولانا مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی نے کہا کہ اس سانحہ نے ریاست بہار کے لاء ایند آرڈر پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے، انہوں نے کہا کہ صحیح صورت حال کو جاننے اور سمجھنے کے لیے امیر شریعت بہار اڈیشہ،جھارکھنڈ ومغربی بنگال حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی مد ظلہ کے حکم وہدایت پر امارت شرعیہ کا ایک مؤقر وفد مولانا قمر انیس قاسمی معاون ناظم امارت شرعیہ کی قیادت میں جائے حادثہ پر بھیجا گیا اس وفد میں مولانا مفتی عبد اللہ انس قاسمی دار القضاامارت شرعیہ اور مولانا سرفراز مظاہری شریک تھے، وفد ،مہلوک کے وطن چرکوپا گاؤں پہونچاانہوں نے بتایا کہ ۱۰؍نومبر ۲۰۲۶ء کی رات چرکوپا کے باشندہ سکندر خان اے ایل پی ہاسپیٹل ایک دلت خاتون کو خون عطیہ کرنے گئے ہوئے تھے ،وہاں نظم وانتظام کو لے کر کچھ کہا سونی ہوئی ،جس کے بعد انتہائی بے رحمی وبربریت کے ساتھ مارپیٹ کی گئی،لوہے کےرڈ سے مارکر بے جان کر دیا ، نازک حالت میں پٹنہ میدانتا ہاسپیٹل علاج کے لیے ریفر کیا گیا جہاں ۱۴؍ نومبر ۲۰۲۶ء کو مرحوم زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے ، ۱۵؍نومبر ۲۰۲۶ء کو مرحوم کے آبائی وطن چرکوپا میں تدفین عمل میںآئی،مرحوم کے پسماندگان میں بیوی ، آٹھ ماہ کی بچی ،بوڑھے والدین اور چند بھائی ہیں ، وفد نے مرحوم کے اہل خانہ وپسماندگان سے ملاقات کی اور حضرت امیر شریعت مد ظلہ العالی ،ناظم امار ت شرعیہ زید مجدہم کی طرف سے اظہار تعزیت پیش کیا اور صبر وضبط کی تلقین کرتے ہوئے کہاکہ ایسے حالات میں ہمارا مذہب ہمیں صبر کرنے اور قضا وقدر کے فیصلہ پر جمے رہنے کی تعلیم دیتا ہے۔ اس لیے ہمیں صبر وضبط کا مظاہرہ کرنا چاہیے ،امارت شرعیہ مصیبت کی اس گھڑی میں آپ لوگوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے ،اس وفد کےہمراہ علاقائی ذمہ داروں میں جناب نقیب الحسن صاحب نقیب امارت شرعیہ ،جناب تجمل خان صاحب سیاسی رہنما ، جناب اشتیاق خان صاحب پنچایت سمیتی، جناب افسر رضا ایڈوکیٹ صاحب خاص طور موجود رہے ۔اس رپورٹ کی روشنی میں ناظم امارت شرعیہ مولانا مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی نے کہا کہ جن لوگوں نے ظالمانہ طریقہ سے سکندر خان کو زدوکوب کیا جس کے نتیجہ میں ان کی موت واقع ہوئی ہے ایسے لوگوں کو فورا گرفتار کیا جائے اور انہیں قرار واقعی سزادی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی شخص ایسی ظالمانہ حرکت نہ کرسکے اور ناظم صاحب نے حکومت بہار سے مطالبہ کیاہےکہ فاسٹ ٹریک عدالت کے ذریعہ اس کی کارروائی کرکے مرحوم کےاہل خانہ کو انصاف دلایا جائے اور ساتھ ہی سکندر خان کی اہلیہ وبچے کو معقول کا معاوضہ دیا جائےکیوں کہ اس کےچھوٹے چھوٹے بچے ہیں اور کوئی کمانے والانہیں ہے ۔

Comments are closed.