مادرِ علمی دارالعلوم دیوبند میں تعلیمی سفر کا آغاز کب اور کیسے؟

 

🖋️ محمد دلشاد قاسمی

 

علم ایک ایسی حقیقت ہے جس کی عظمت و اہمیت کا اعتراف ہر مکتبۂ فکر کے افراد نے کیا ہے، اور کیوں نہ ہو کہ علم وہ نور ہے جس کی روشنی میں جہالت و تاریکی کے تمام پردے چاک کیے جا سکتے ہیں۔ یہ بھی ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ اعلیٰ تعلیم و تربیت کا حصول ہر سلیم الفطرت انسان کی دلی خواہش اور زندگی کا ایک اہم مقصد ہوتا ہے۔

 

بندۂ ناچیز کے دل میں بھی ایک عرصے سے یہ داعیہ موجزن تھا کہ اعلیٰ تعلیم و تربیت کے زیور سے آراستہ ہوکر اپنے علمی وجود کو نکھاروں، علوم و فنون میں مہارت حاصل کروں اور اپنی زندگی کو علم و عمل کے لیے وقف کردوں۔

 

چنانچہ انہی عزائم اور بلند حوصلوں کے ساتھ، اپنے مشفق و مربی اساتذۂ کرام کے مشورے سے، جن میں بالخصوص حضرت مولانا صفی الرحمن صاحب قاسمی دامت برکاتہم العالیہ، سابق صدر المدرسین و ناظمِ تعلیمات مدرسہ اسلامیہ شکرپور بھروارہ، دربھنگہ، بہار کا نام سرفہرست ہے، اسلامی علوم کے عظیم مرکز، ازہرِ ہند، مادرِ علمی دارالعلوم دیوبند کا رخ کرنے کا فیصلہ کیا۔

 

تاہم ایک طرف اعلیٰ تعلیم کے حصول کا شوق انگڑائیاں لے رہا تھا تو دوسری طرف اپنی کم مائیگی اور علمی بے بضاعتی کا احساس قدم روکنے کی کوشش کر رہا تھا۔ دل میں یہ خیال بھی بار بار سر اٹھاتا کہ آیا اس بندۂ کم مایہ میں اتنی استعداد و صلاحیت ہے بھی کہ میخانۂ قاسم سے جامِ علم نوش کرکے اپنی علمی تشنگی بجھا سکے؟

 

اسی کشمکش کے عالم میں ایک دن شفقت و مودّت کے پیکر، استادِ محترم نے حوصلہ افزائی کرتے ہوئے فرمایا:

 

’’دلشاد! تم جاؤ، اگر خدانخواستہ دارالعلوم دیوبند میں داخلہ نہ ہوسکا تو میں تمہارا داخلہ خادم العلوم باغوں والی میں کروا دوں گا۔‘‘

 

حضرت کے ان چند جملوں نے جو حوصلہ اور تقویت عطا کی، اس کا اندازہ وہی شخص کرسکتا ہے جو خود کسی ایسے مرحلے سے گزرا ہو۔ بسا اوقات ایک مشفق استاد کا چند لفظوں پر مشتمل حوصلہ افزا جملہ، طالب علم کی پوری زندگی کا رخ متعین کردیتا ہے۔

 

بہرحال، ایک کتاب کافیہ کی شرح اور تدریسِ قرآن جیسے مختصر علمی سرمائے کے ساتھ یہ بندۂ ناتواں دارالعلوم دیوبند کی جانب روانہ ہوگیا۔

 

جب دیوبند پہنچا تو یہاں کا منظر ہی کچھ اور تھا۔ ایک طرف دارالعلوم کی پرشکوہ اور بلند و بالا عمارتیں اپنی عظمت و جلالت کا احساس دلا رہی تھیں، تو دوسری طرف مسجدِ قدیم میں طلبہ کی مسلسل علمی مشغولیت، شب و روز کی محنت، اور آخری پہر میں بارگاہِ الٰہی میں آہ و زاری کے مناظر قلب و نظر کو ایک عجیب کیفیت سے دوچار کر رہے تھے۔ یہ سب کچھ دیکھ کر دل میں ایک نیا حوصلہ پیدا ہوا، شوق کو مہمیز ملی اور عزم و ارادے کو تازگی نصیب ہوئی۔

 

لیکن اس سب کے باوجود احساسِ کم تری کا سایہ ابھی تک ذہن و دماغ پر مسلط تھا۔ ایک طرف حصولِ علم کا ولولہ تھا، دوسری طرف اپنی علمی حیثیت کا احساس؛ دونوں کے درمیان کشمکش جاری تھی۔ بالآخر عزم و حوصلے نے احساسِ کم تری پر غلبہ پالیا۔

 

چنانچہ چند کتابیں لے کر بندۂ ناچیز نے بھی یہ عزمِ مصمم کرلیا کہ اب دن ہو یا رات، ایک ہی ورد زبان پر ہوگا: داخلہ، بس داخلہ! اور اس مقصد کے حصول کے لیے حتی المقدور جدوجہد کی جائے گی۔

 

اس کے لیے مستقل قیام گاہ مسجدِ قدیم کو منتخب کرلیا؛ گویا طعام کے علاوہ باقی تمام اوقات وہیں گزارنے کا فیصلہ ہوا۔ چار دن کی مسلسل محنت، مطالعے اور تیاری کے بعد جب اپنی علمی استعداد کا اندازہ ہوا تو محسوس ہوا کہ سابقہ محنتیں گویا کچھ بھی نہ تھیں، یہاں تو علمی دنیا ہی الگ تھی۔

 

یہاں ایک بات قابلِ ذکر ہے کہ سالِ کافیہ میں بندۂ ناچیز نے وفاق المدارس کے پورے امتحان میں پہلی پوزیشن کے ساتھ کامیابی حاصل کی تھی۔ لیکن دارالعلوم دیوبند کے داخلہ امتحان کا مرحلہ اس سے یکسر مختلف اور کہیں زیادہ کٹھن محسوس ہورہا تھا۔

 

داخلہ امتحانِ چہارم عربی کا پہلا پرچہ کتاب کافیہ کا تھا، جو اپنے فن کی مشکل ترین کتابوں میں شمار ہوتی ہے۔ یہ پرچہ دراصل موقوف علیہ کی حیثیت رکھتا تھا؛ یعنی اس میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد ہی دیگر کتب کے امتحانات میں شرکت کی اجازت مل سکتی تھی۔

 

امتحان سے قبل سیٹ نمبر معلوم کرنے کے لیے طلبہ کا ہجوم، فہرست میں درج امیدواروں کی کثرت اور ان کی تعداد دیکھ کر دل میں پیدا ہونے والا ایک انجانا خوف، پھر امتحان گاہ کا ماحول اور اس کی ہیبت؛ یہ سب مناظر آج بھی ذہن کے پردۂ سیمیں پر نقش ہیں۔

 

تاہم بفضلِ الٰہی موقوف علیہ میں کامیابی حاصل ہوگئی، جس سے حوصلے بلند ہوئے اور دیگر امتحانات میں شرکت کی راہ ہموار ہوگئی۔

 

بعد ازاں دیگر کتبِ ممتحنہ کے امتحانات میں بھی شرکت کی، لیکن کتاب شرح تہذیب، جو میرے لیے بالکل نامانوس تھی اور جس سے سابقہ مطالعہ نہ ہونے کے برابر تھا، اس کا امتحان دینے کے بعد گزشتہ پرچوں کی بنیاد پر دل میں پیدا ہونے والی امیدوں پر اوس پڑتی محسوس ہوئی۔ یوں ایک بار پھر دل اندیشوں اور وسوسوں کی زد میں آگیا۔

 

بالآخر انتظار کی گھڑیاں ختم ہوئیں اور وہ دن آن پہنچا جس کا فیصلہ تقدیر کے دفتر میں پہلے ہی رقم ہوچکا تھا۔

 

فائنل لسٹ آویزاں ہوئی تو دل میں خوشی کی ایک لہر دوڑ گئی، لیکن اس کے ساتھ ہی سینے کی دھڑکنیں بھی تیز ہوگئیں۔ نگاہیں بے قراری سے فہرست میں اپنا نام تلاش کر رہی تھیں۔ تلاشِ بسیار کے بعد جب منتخب ہونے والے چھیاسٹھ طلبہ کی فہرست میں آخری، یعنی چھیاسٹھویں نمبر پر ’’دلشاد‘‘ نام کی جھلک نظر آئی تو گویا دل باغ باغ ہوگیا۔ فہرست میں آخری نمبر پر ہونے کے باوجود اس لمحے جو مسرت حاصل ہوئی، اسے الفاظ میں بیان کرنا آسان نہیں۔

 

یوں الحمدللہ داخلے کی کارروائی مکمل ہوئی اور اس بندۂ ناچیز کے لیے دارالعلوم دیوبند کے علمی و روحانی ماحول میں قدم رکھنے کی راہ ہموار ہوگئی۔

 

داخلے کے بعد ایک اعلان نظر سے گزرا، جس میں تحریر تھا کہ 25 شوال المکرم کو شیخ الحدیث و صدر المدرسین حضرت مولانا مفتی سعید احمد صاحب پالن پوری رحمہ اللہ مدرسہ ثانویہ میں تعلیمی سال کے آغاز کے موقع پر خطاب فرمائیں گے۔

 

اس موقع پر ہمارے ایک پیش رو نے پہلے ہی نصیحت کر رکھی تھی کہ حضرت مفتی صاحب کا جب بھی بیان ہو، قلم اور کاپی ساتھ لے کر ضرور جانا؛ کیونکہ ان کے علمی و تحقیقی بیانات میں ایسی قیمتی باتیں ہوتی ہیں جنہیں محفوظ کرلینا چاہیے۔

 

چنانچہ بندۂ ناچیز بھی قلم و کاپی لے کر اس مجلس میں حاضر ہوا اور حضرت کے بیان سے چند اہم باتیں نوٹ بھی کیں۔ یوں اس عظیم علمی درس گاہ میں میری حاضری محض داخلے کی تکمیل تک محدود نہ رہی، بلکہ ایک نئے علمی، فکری اور روحانی سفر کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔

 

یہ سفر صرف چند کتابوں کے مطالعے اور اسباق کی تکمیل کا نام نہیں تھا، بلکہ یہ اپنی ذات کو سنوارنے، علمی تشنگی بجھانے، اساتذۂ کرام کی صحبت سے فیض یاب ہونے اور زندگی کو ایک نئے زاویے سے دیکھنے کا سفر تھا۔

 

الغرض! اسی طرح مادرِ علمی دارالعلوم دیوبند میں میرے تعلیمی سفر کا آغاز ہوا۔

 

ابھی تو داستان کا یہ صرف پہلا ورق ہے؛ اس عظیم ادارے میں گزارے گئے ایام، اساتذۂ کرام کی علمی و روحانی مجالس، طلبہ کی محنت و مشقت اور ان چھ سالوں میں حاصل ہونے والے اسباق کی ایک طویل داستان باقی ہے۔

 

اگلی قسط میں ان شاء اللہ یہ بیان کرنے کی کوشش کروں گا کہ دارالعلوم دیوبند میں ہم نے کیا سیکھا، کن شخصیات سے فیض حاصل کیا اور اس علمی ماحول نے ہماری زندگی کو کس طرح متاثر کیا۔

 

جاری ۔۔۔۔۔

Comments are closed.