Baseerat Online News Portal

الٹے چور کوتوال کو ڈانٹے!! 

 

 

نوراللہ نور

 

اہانت رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر ہند اور بیرون ہند کے مسلمانوں نے جس بیداری اور حوصلہ مندی کا ثبوت دیا ہے وہ آج کے ماحول میں قابل رشک ہے۔

ہماری تھوڑی سی بیداری نے ان کے حواس باختہ کردیئے ہیں اور وہ لوگ جو اقتدار کے زعم میں ایک قدم پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں تھے انہیں فوراً بیک فٹ پر لاکھڑا کردیا۔

اشیاء کے بائکاٹ اور سفیر کی بے عزتی کے بعد ان کے عقل ٹھکانے لگ گئی ہے معافی تلافی پر بھی آمادہ ہوگئے ہیں مگر ان کا رویہ اب بھی” الٹے چور کوتوال کو ڈانٹے” والاہے۔

ٹوئٹر پر "زی نیوز ” کے پیج پر ایک خبر نشر کی گئی تھی جس میں ” پرسنل لاء بورڈ” نے دھمکی آمیز لہجے میں کہا تھا کہ اگر حکومت خاطیوں کے سزا نہیں دیتی ہے ہم سڑکوں پر اتر آئیں گے۔

اس ٹوئٹ کے نیچے جو تبصرے درج تھے آپ ان کو پڑھیے اور اندازہ لگائیے کہ بھاجپا کے آئی ٹی سیل والے اب بھی بے شرمی کے ساتھ اس گستاخ کا دفاع کر رہے ہیں اور حکومت کی طرف سے اب بھی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

چند ایک ٹوئٹ ملاحظہ فرمائیں! ایک نے لکھا کہ ” ان کا دھرم دھرم، اور ہمارے مذہب کی کوئی اہمیت نہیں” ایک دوسرے شخص نے لکھا کہ مسلم پرسنل لاء پر بندش لگا دینی چاہیے” اسی طرح خود گستاخ رسول کا یہ بیان کہ انہوں نے ہمارے دیوی دیوتاؤں کی بے حرمتی کی جس کے جواب میں میں نے ایسا کیا ” ایک نے لکھا کہ ہم نوپور شرما کی حمایت کرتے ہیں” اسی طرح ایک شخص نے کانپور والے حادثہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان پتھر بازوں کا کوئی مستقبل نہیں ہے ان کا یہی کام ہے آخر ان پتھر بازوں کی گرفتاری کب ہوگی؟

سوال یہ ہیکہ آخر دھرم، ذات پات کا کھیل شروع کس نے کیا ؟ یہ تو ان ہی لگائی ہوئی بیج ہے جس کو انہوں نے ہمارے لئے بویا تھا اب اس کا زہر ان کی طرف سرایت ہورہا ہے تو یہ لوگ کیوں بلبلا رہے ہیں؟

جب عدلیہ نے ایک بار بندش لگادی کہ کوئی سروے اب نہیں ہوگا کسی بھی مذہبی عبادت گاہوں کا نیچر تبدیل نہیں کیا جائے گا تو پھر سروے کا کیا مطلب ہوتا ہے ؟ پھر اس کے بعد فوارے کو شیو لنگ بتاکر ایک گروہ کے جذبات کو آپ نے ہی پہلے ٹھیس پہنچائی اور جب آپ پر ری ایکشن ہوا تو تڑپ اٹھے۔

آپ پر جب کہ ایک بار ایکشن کا ری ایکشن ہوا تو آپ بوکھلا گئے لیکن فریق مخالف کی جانب سے تو ایک عرصے سے ہمارے مذہبی جذبات کو مجروح کیا گیا، اذان کی اجازت ہمیں آئین ہند دیتا ہے مگر آپ اس پر بھی واویلا مچائے، حجاب ہمارا مذہبی اور آئینی حق دونوں تھا اس کے باوجود ہماری بہنیں ابھی تک تعلیم سے رکی ہوئی ہیں، مسلم خواتین کو ریپ کی دھمکی کھلے عام دی گئی ، تب تو آپ خاموش بیٹھے تھے، نسل کشی کے عنوان سے دھرم سنسد ہوئے ان سب سے جذبات مجروح نہیں ہوئے؟ ہمیں تکلیف نہیں ہوئی؟

اگر مسلم پرسنل لا پر بندش کا مطالبہ کیا جارہاہے تو پھر آر ایس ایس کی جتنی شاخائیں ان پر کاراوئی ہو، اور رہی بات پتھر بازی کی تو تم جھوٹ بول سکتے ہو تمہاری میڈیا جھوٹ دکھا سکتی ہے مگر اس کے علاوہ بھی کیمرے ہیں جن کو سب پتہ ہے کہ پتھر بازی کون کر رہا تھا۔

اور شیو لنگ پر رائتہ تو آپ ہی کی جانب سے پھیلا گیا جب ویڈیو میں صاف دکھ رہا ہے کہ وہ کیا ہے پھر بھی ہٹ دھرمی پر اڑے رہنا چہ معنی دارد ؟ کسی نے بھی کسی دیوی دیوتا کا مذاق نہیں بنایاہے اور اگر کچھ ہوا ہے تو اس کے ذمہ دار خود آپ ہی لوگ ہیں نہ کہ ہم۔

اگر دیکھا جائے تو ایک عرصے سے ہم ہی مشق ستم بنے ہوئے ہیں اور اس کے بعد اس جھوٹے پروپگنڈے کے ذریعے نبی کی شان میں گستاخی کی جارہی ہے اور مورد الزام بھی ہمیں ہی ٹھہرایا جا رہا ہے۔

گذشتہ واقعات کے تناظر میں کسی کو بھی کسی طرح جواز نہیں ہے بولنے کا بلکہ حق یہ ہیکہ ایسے لوگوں کی گرفتاری ہونی چاہیے اور کوئی بھی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے، اور ایک جھوٹے اور لچر دعویٰ کی بنیاد ایسے نفرتی لوگو کی پشت پناہی نہیں ہونی چاہیے!

Comments are closed.