تعارف حضرت حبیب الامت دامت برکاتہم العالیہ

 

مولانا سلمان خوشتر حبیبی مقیم حال ملاڈ ایسٹ ممبئی

حبیب الامت، عارف باللہ، حضرت مولانا، الحاج، حافظ، قاری، مفتی حبیب اللہ صاحب قاسمی دامت برکاتہم چشتی، قادری، نقشبندی، سہروردی، دارالعلوم دیوبند کے اکابر فضلاء میں سے ہیں- جنہوں نے پوری زندگی خدمت دین ، تبلیغ دین، اشاعت دین کے لئے وقف کردی ہے- آپ کی شخصیت اہل علم ، اہل افتاء، اہل تدریس، اہل خطابت ، اہل قلم میں معروف و مشہور ہے- آپ نے میزان سے دورہ حدیث بلکہ افتاء تک کی تعلیم ایک زمانہ تک دی ہے اور اب بھی تدریسی خدمات میں مصروف عمل ہیں، – تمام علوم و فنون پر آپ کی مضبوط دسترس حاصل ہے، آپ کے ہزاروں فیض یافتہ تلامذہ ہندو بیرون ہند ہمہ جہت دینی وعلمی خدمات میں مصروف ہیں-
آپ کے رشحات قلم کی تعداد درجنوں ہے جن سے علمی دنیابھرپور استفادہ کررہی ہے- بالخصوص التوسل بسید الرسل، نیل الفرقدین فی المصافحة بالیدین، المساعی المشکورہ فی الدعاء بعد المکتوبہ، احب الکلام فی مسئلة السلام، جذب القلوب، مبادیات حدیث، احکام یوم الشک، مسلم معاشرہ کی تباہ کاریاں، حضرات صوفیاء اور ان کا نظام باطن، تصوف و صوفیاء اور ان کا نظام تعلیم و تربیت، حبیب العلوم شرح سلم العلوم، صدائے بلبل، حبیب الفتاوی ، رسائل حبیب، تحقیقات فقہیہ جیسی اہم تصنیفات ہزاروں علماء سے خراج تحسین حاصل کر چکی ہیں -معتبر علماء نے ان بیش بہا قیمتی تصانیف کوشرف قبولیت سے نوازا، ان میں خاص طور سے حبیب الفتاوی کی چھ جلدیں اہل افتاء و دار الافتاء کے لئے سند کی حیثیت حاصل کرچکی ہیں- اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا کے آپ اساسی ارکان میں سے ہیں، جامعہ اسلامیہ دارالعلوم مہذب پور ، سنجرپور، اعظم گڈھ یوپی، انڈیا کے موسس و مہتمم اور شیخ الحدیث ہیں – جامعہ کے دار الافتاء و القضاء کے آپ رئیس و صدر ہیں، اور ہندوستان کے دیگر بہت سے اداروں کو آپ کی سر پرستی کا شرف بھی حاصل ہے، دینی ، علمی، ملی خدمت آپ کا طرہ امتیاز ہے- تصوف وسلوک سے بھی حضرت کی وابستگی ہے،
روحانی اعتبار سے آپ کا تعلق حضرت شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا صاحب نور اللہ مرقدہ سے ہے اور ایک طویل زمانہ تک ان کی صحبت میں رہنے اور اکتساب فیض کا موقع آپ کو دستیاب ہوا ہے، بعد کے اکابرین میں حضرت مفتی محمود حسن صاحب گنگوہی رحمہ اللہ و حضرت مولانا قاری صدیق احمد صاحب باندوی رحمہ اللہ و حضرت مولانا عبد الحلیم صاحب جونپوری رحمہ اللہ کی خدمت میں رہنے اور فیوض و برکات کے حاصل کرنے کا ایک طویل زمانہ تک شرف حاصل رہا ہے-اور الحمد للہ حضرت مفتی محمود حسن صاحب گنگوہی اور حضرت مولانا عبد الحلیم صاحب جونپوری رحمہما اللہ سے اجازت بیعت بھی حاصل ہے- روحانی اعتبار سے آپ کے فیض یافتہ ہزاروں ہزار افراد ہند و بیرون ہند میں پھیلے ہوئے ہیں-
میدان خطابت میں اللہ پاک نے آپ کو خصوصی ملکہ عطا فرمایا ہے ، آپ کا خطاب ” از دل خیزد بر دل ریزد” کا مصداق ہوتا ہے ، آپ کے خطابات کی مستقل سیڈی ہند و بیرون ہند میں پائی جاتی ہے-اور انٹرنیٹ پر بھی آپ کے خطابات موجود ہیں ، جن سے ایک عالم مستفید ہورہا ہے-(go you tube print mufti habibullah qasmi)
الغرض آپ بہت سے خصوصیات کے حامل ہیں ، اللہ پاک نے بے پناہ خوبیوں کا مالک بنایا ہے اللہ پاک ہم سب کو ان کی قدر دانی کی توفیق عطا فرمائے اور ان کے علوم و فیوض سے مستفید ہونے کی سعادت نصیب فرمائے- آمین

Comments are closed.