Baseerat Online News Portal

ماہ رمضان قرآن مجید کی سالگرہ

مکرمی!
رمضان المبارک کا مقدس مہینہ رواں دواں ہے،اس وقت جب کہ یہ تحریر لکھی جارہی ہے اس کا ایک عشرہ یعنی رحمت کا عشرہ ہم سے رخصت ہوچکا ہے،اس بابرکت مہینہ کو اللہ نے جہاں بے شمار خوبیوں اور خصوصیات سے نوازا ہے وہیں اس کی ایک مزیت یہ بھی بیان کی ہے کہ اس میں قرآن مقدس ایسی عظیم کتاب اور رہنمائے حیات کو نازل فرمایا گیاہے،چنانچہ اللہ تعالی نے سورہ بقرہ آیت 185 میں فرمایا” کہ رمضان کا مہینہ وہ ہے جس میں قرآن پاک کو نازل کیا گیا”،یہ انداز بیان ظاہر کر رہا ہے کہ رمضان اور قرآن کا آپس میں گہرا تعلق ہے،اس اعتبار سے ہم بلا ہچکچاہٹ یہ کہہ سکتے ہیں کہ رمضان قرآن کی سالگرہ منانے کا مہینہ ہے،اسی لئے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم اس مبارک مہینہ میں جبرئیل امین علیہ السلام کے ساتھ قرآن کا دور فرمایا کرتے تھے اور آخری سال آپ نے دو بار دور فرمایا،(بخاری)
یہاں یہ واضح رہے کہ تلاوت قرآن یا اس کے دور کایہ مفہوم ہرگز نہیں کہ محض دور مکمل کرنے کی خاطر قواعد تجوید اور اصول کی رو رعایت اور تدبر و تفکر کئے بغیر زبان کو تیزی سے حرکت دی جائے،بلکہ تلاوت کے ساتھ ساتھ خشیت الہی اور خوف خدا کو دل میں بسائے رکھنا بھی از بس ضروری ہے،حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتی ہیں کہ قرائت قرآن کے سلسلہ میں سب سے اچھا آدمی وہ ہے جو تلاوت کر رہا ہو اور اسے دیکھ کر آپ سمجھیں کہ وہ اللہ تعالی سے ڈر رہا ہے،(صحیحہ)
یہ کیفیت اگر تلاوت میں پیدا نہ ہوں تو محض زبان کو حرکت دینے کا کوئی فائدہ نہیں،جیسا کہ صحیحین کی ایک روایت میں مذکور ہے کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ”قرآن مجید اس وقت تک پڑھا کرو جب تک تمہارے دل اس کے معانی پر متفق رہیں جب تم اس کا مفہوم سمجھنے میں اختلاف میں پڑ جاو تو کھڑے ہو جایا کرو،
اس حدیث میں جہاں قرآن کے مفاہیم اور معانی میں اختلاف سے بچنے کی تلقین کی گئی ہے وہیں اس میں ایسی تلاوت سے بھی منع کیا گیا ہے جس میں لاابالی پن کا مظاہرہ کیا جاتا ہو،کیونکہ قرآن پاک کی روح یہ ہے کہ اسے تدبر و تفکر کے ساتھ پڑھا جائے،لیکن صد افسوس کہ ہمارے معاشرے میں قرآن مجید کو سمجھ کر پڑھنے والے افراد عنقا بن چکے ہیں،ہر کوئی بلا سوچے سمجھے تلاوت کرکے یہی سمجھتا ہے کہ اس نے تمام حقوق ادا کردئیے-
حافظ عبدالسلام ندوی
جامعہ حسان بن ثابت مظفرپور بہار

Comments are closed.