ضلع کلکٹر ارریہ کی کوششوں کو سلام!

مفتی محمداطہرالقاسمی
جنرل سکریٹری جمعیۃ علماءارریہ
لگ بھگ ایک ہفتہ سے ملک کی مختلف ریاستوں سے لاک ڈاؤن میں پھنسے مدارسِ اسلامیہ کے طلبہ عزیز مسلسل اپنے وطن پہونچ رہے ہیں جن میں ضلع ارریہ کے طلبہ بھی شامل ہیں جن کی ایک بڑی تعداد ہے۔ان میں بطور خاص جامعہ اشاعت العلوم اکل کوا مہاراشٹر،جامع مسجد امروہہ اور ریاست تلنگانہ (جو راستے میں ہیں)کے طلبہ عزیز جو ضلع ارریہ سے تعلق رکھتے ہیں بطور خاص قابلِ ذکر ہیں۔کوروناوائرس اور اس سے تحفظ کے لئے جاری لاک ڈاؤن میں ضلع انتظامیہ،پولیس عملہ اور محکمہ صحت کی ٹیم اپنی جان جوکھم میں ڈال کر مسلسل اپنے اپنے شہریوں کے تحفظ کے لئے قربانیاں پیش کررہی ہیں۔اس سلسلے میں ضلع کلکٹر ارریہ کاکردار وطن لوٹنے والےاپنے تمام شہریوں کے ساتھ بطور خاص مدارس اسلامیہ کے ان طلبہ عزیز کے حوالے سے بیحد باعثِ مسرت،لائق تحسین اور قابل مبارکباد ہے۔اس سلسلے میں طلبہ عزیزکے ساتھ موصوف کی ہمدردی،پیارومحبت اور مصیبت کی گھڑی میں ہرپل خدمت کے لئے ہشاش بشاش اور پیش پیش رہنے سے ضلع ارریہ کے کونے کونے میں موصوف کے لئے طلبہ عزیز کی مائیں،بہنیں اور گارجین انہیں مسلسل اپنی بےپناہ محبتوں اور دعاؤں میں یاد کررہے ہیں۔دیگر جماعتوں اور ذمے دار احباب کے ساتھ جمعیۃ علماء ارریہ کے خادم ہونے کے ناطے مذکورہ طلبہ عزیز بحمد اللہ مسلسل احقر سے بھی رابطے میں ہیں اور بندہ بھی روزہ،تراویح اور دیگر عبادات کے ساتھ مصیبت زدہ ان مہمانانِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت کوعبادت سمجھتے ہوئے اپنی ممکنہ تمام تر کوششوں جاری رکھے ہوئے ہے۔اس سلسلے میں جوکی ہاٹMLA جناب شاہنواز عالم صاحب کی مسلسل قربانیاں بھی قابلِ تحسین و صدآفریں ہیں۔آج ہی جوطلبہ امروہہ سے آرہے ہیں جوسارے مراحل طے کرتے ہوئے بحفاظت اپنے اپنے گھروں کو پہونچ رہے ہیں۔ان میں سےایک طرف مفتی انعام الباری صاحب قاسمی استاذ مدرسہ اسلامیہ یتیم خانہ ارریہ اور جمعیۃ علماء بلاک رانی گنج کے سکریٹری مفتی دلشاد نعمانی بچوں کی حوصلہ افزائی کےلئے رانی گنج موجود ہیں تو دوسری طرف دوطلبہ جوفاربس گنج بلاک جاناچاہ رہے تھےمگرنادانی میں سمراہاتھانہ کے پاس بس سےاترگئےاوربس انہیں چھوڑ کرکشن گنج چلی گئی توجمعیۃ علماء فاربس گنج کی ٹیم(مولانا آس محمد مظاہری اور ماسٹر عمر حسین فقرنہ)نے BDO,SDO فاربس گنج سے پرمیشن لیکر فورویلر کے ذریعے انہیں فاربس گنج بلاک لے جاکر سارے‌حکومتی و طبی مراحل کے بعد ان کے گھر احمد پور اوراہی پہونچایا۔جمعیۃ علماء ارریہ مصیبت کی اس گھڑی میں ضلع کلکٹر ارریہ کی بے مثال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے آگے بھی ان سے یہی امیدیں وابستہ کئے ہوئے ہے۔ساتھ ساتھ تمام مدارس اسلامیہ کی انتظامیہ بطورِ خاص جامعہ اشاعت العلوم اکل کوا،تلنگانہ اور جامع مسجد امروہہ کے حساس و جفاکش ذمے داران مدارس کی ان قربانیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور ساتھ ہی امارت شرعیہ پٹنہ اور ملک کی تمام دینی ومذہبی جماعتوں اور ملک و ملت کے تمام فعال و متحرک حساس احباب کی درازئ عمر اور صحت وسلامتی کی دعائیں کرتی ہے۔خداوندعالم سے دعاء ہے کہ وہ رمضان المبارک کی عبادتوں اورصدقات و خیرات کے صدقے میں ہمارے ملک بھارت کے ساتھ ساتھ پوری عالم انسانیت کوکورونا وائرس کے عذاب سے نجات عطافرمائےاور ملک کے مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے تمام احباب کے لئے دعائیں کرتی ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کے لئے بھی وطن آمد کی راہ ہموار فرمائے اور پوری دنیا کوعید کی حقیقی خوشیاں نصیب فرمائے!

Comments are closed.