Baseerat Online News Portal

عالم اسلام ایک گوہر نایاب سے محروم

ابو معاویہ محمد معین الدین ندوی قاسمی
خادم التدریس،جامعہ نعمانیہ، ویکوٹہ، آندھرا پردیش

شہر استبداد کے دیوار و در ڈھاتا رہا
گم شدہ اسلاف کی تصویر دکھلاتا رہا
ان کے کمالات و محاسن میں جواب اس کا نہیں
اس قبیلے میں کوئی بھی ہم رکاب اس کا نہیں
آج بتاریخ 25، رمضان المبارک 1441ھ/مطابق 19مئ2020 بروز منگل بوقت چاشت عالم اسلام کے عالمی دینی درسگاہ مادر علمی دارالعلوم دیوبند کے صرف شیخ الحدیث وصدرالمدرسین، یا برصغیر کے ایک چوٹی کے عالم دین ہی نہیں بلکہ عالم اسلام کے عبقری شخصیت،قدوةالمفسرين، زبدة العارفين، رئيس المحدثين، استاذالاساتذه، عالم ربانی، علماء سلف کے سچے پیروکار، ان کی سیرت کا بہترین نمونہ، غیرت و حمیت اسلامی کا علمبردار، مجسمہ علم و عمل، اصول و ضوابط کی پاسداری میں یکتائے زمن، اخلاص و للہیت اور خشیت ایزدی کا پیکر، شارح بخاری و ترمذی، علوم ولی اللہی کے سچے جانشین، موسی ع وہارون ع کے ایک عمدہ نمونہ ، مردم شناس و مردم ساز، مربی جلیل، ہزاروں کے سائبان شفقت، لايخافون لومة لائم کا خوگر، بھاری اعمال ناموں والی شخصیت، ترجمان اہلسنت والجماعت، جامع الکمالات والمحاسن، میرے بخاری شریف کے چھ اساتذۂ کرام میں سب سے محبوب استاذ، استاذ محترم حضرت اقدس مفتی سعید احمد صاحب پالن پوری قدس سرہٗ اپنے پیچھے ہزارہا علماء، صلحاء اور طلباء کو روتے بلکتے چھوڑ کر اس فانی دنیا سے عالم عقبی کی طرف روانہ ہوگئے۔
انا لله وانا اليه راجعون، ان الله ما اخذ وله مااعطى وكل شئ عنده باجل مسمى.
حضرت قدس سرہٗ کا سانحہ اس قدر شاق و سنگین ہے کہ اپنی نوعیت میں صرف ایک حادثہ نہیں بلکہ اس کے ضمن میں صدہا سانحات مضمر ہیں۔
ليس على الله بمستنكر
ان يجمع العالم فى واحد
شورش کاشمیری مرحوم نے یہ اشعار شاید ایسے ہی موقعہ کے لئے کہا تھا
عجب قیامت کا حادثہ ہے اشک ہے آستیں نہیں ہے
زمین کی رونق چلی گئی ہے، افق پہ مہر مبیں نہیں ہے
تیرے جدائی سے مرنے والے وہ کون ہے جو حزیں نہیں ہے
مگر تری مرگ ناگہاں کا مجھے ابھی تک یقیں نہیں ہے
اتر گئے منزلوں کے چہرے، امیر کیا، کارواں گیا ہے
مگر تری مرگ ناگہاں کا مجھے ابھی تک یقیں نہیں ہے
اللہ تعالی کا آپ پر بے حساب اور بے کراں رحمتیں نازل ہوں، رب ذوالجلال آپ کی جملہ حسنات کو قبول فرمائے، اور قبر میں کروٹ کروٹ راحت و سکون نصیب فرماتے ہوئے آپ کو جنت الفردوس کا مکیں بنائے۔
اللهم اغفر له، وارحمه، وعافه، واعف عنه، وارفع درجاته فى اعلى الجنات، اللهم لا تحرمنااجره، ولا تفتنا بعده، آمين يارب العالمين

Comments are closed.