بےبی نامہ:نامولود زرگر اپنی ماں سے مخاطب ہے۔۔۔۔۔۔

تابش سحر
پیاری ماں! میں حیرت انگیز تبدیلیوں کے دور سے گزر رہا ہوں دوسرے بچّوں کو خدا تعالیٰ تین اندھیروں میں پیدا کرتا ہے مگر میرے لیے پانچ اندھیرے ہیں، تین اندھیرے وہی جو سب کے لیے یکساں ہیں، چوتھا جیل کا تاریک حجرہ اور پانچواں جہالت کی تاریکی جس کو تعصّب پسند انسانوں نے تحسین کی نگاہ سے دیکھا تبھی تو حاملہ ہتھنی کی حالتِ زار پر سب شکوہ کناں نظر آئے اور آپ کی حالت پر کسی کو بھی ترس تک نہیں آیا۔ میری پیاری ماں! حالات بہت خراب ہیں لیکن آپ پرواہ نہ کریں ہمارا رب ہمارے ساتھ ہے جو راہِ ہدایت کے متلاشی انسانوں کو تاریکیوں سے نکال کر روشنی کی طرف لے آتا ہے۔ پیاری ماں! میں جانتا ہوں کہ آپ کو آرام کی سخت ضرورت ہے مگر حق پسندوں کے لیے کبھی آرام نہیں، آزادی اور انصاف کا نعرہ لگانے والے ہمیشہ ظلم و جبر کی آنکھ میں کھٹکتے رہیں، انہیں قربانیاں پیش کرنی پڑیں، جھوٹے الزامات کا سامنا کرنا پڑا، فرشتوں نے مجھے پاکدامن مریم کا واقعہ سنایا، فرعون کے ظلم و ستم کی منظر کشی کی، حضرت موسیٰؑ کے’ تحریکِ عدل و انصاف کی داستان سنائی، ان کی مبارک جدوجہد اور قربانی کو عیاں کیا، فرعون کے غرق اور حضرت موسیٰؑ کی کامیابی کو بیان کیا تب کہیں جاکر میرے غم کا مداوا ہوا، میرے ننھے بےچین دل کو قرار ملا۔ ماں! فرشتے بہت پیاری مخلوق ہے مگر تاریخ کے موضوع پر انہوں نے انسانوں (مسلمانوں) کے کچھ ایسے واقعات سنائے جن کے سبب مجھے ان انسانوں کی عظمت فرشتوں سے بھی بڑھ کر محسوس ہوی جیسے ایک مظلوم عورت کی پکار پر بادشاہِ وقت کا بےقرار ہوکر اپنے لاؤلشکر سمیت مدد کے لیے نکل پڑنا، ایک مسلمان بہن کی صدا پر مسلم بھائیوں کا سمندر عبور کر کے پہونچنا، مظلوم اور بےگناہ قیدیوں کی آزادی کے خاطر جان کی بازی لگادینا، پیاری ماں! کیا مسلمان اس دنیا سے مٹ گئے؟ یا جذبۂِ اسلامی کا فقدان ہے؟ آپ کی خراب حالت کے سبب میری بھی طبعیت اضمحلال کا شکار ہوگئی ہے لیکن مجھے بھی آپ کی طرح اپنے رب پر بھروسہ ہے وہ ہمیں بےیار و مددگار نہیں چھوڑے گا، میں جلد ہی آپ کی گود میں آکر آپ کی تنہائی کا خاتمہ کروں گا پھر ہم دونوں مل کر انسان نما بھیڑیوں سے ڈٹ کر لڑیں گے لیکن میں اپنے مسلمان بھائیوں کو معاف نہیں کروں گا جو ہماری مدد کرنے کے بجائے اب بھی آپسی اختلافات اور فرقہ واریت کو ہوا دینے میں مشغول ہیں۔
نوٹ: – {وہ تمہاری ماؤں کے پیٹ میں تمہاری تخلیق کچھ اس طرح کرتا ہے کہ تم بناوٹ کے ایک مرحلہ سے دوسرا مرحلہ تین اندھیروں کے اندر طئے کرتے ہو۔ الزمر ۳۹}
نوٹ ۲: – زرگر کے معنیٰ سُنار ہے، ایران کی ریاست قزوین میں زرگر نامی ایک علاقہ بھی موجود ہے۔
Comments are closed.