بچھڑا کچھ اس ادا سے کہ رُت ہی بدل گئی۔ مفتی محمد اکرم قاسمی

بچھڑا کچھ اس ادا سے کہ رُت ہی بدل گئی۔
مفتی محمد اکرم قاسمی
بذریعہ سوشل میڈیا اطلاع پاکر بےحد دُکھ اور افسوس ہوا کہ 18؍ جولائی 2020ء کو میرے محسن و مشفق استاذ حضرت مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمیؔ (صدر جمعیۃ علماء یوپی و قاضئ شہر کانپور) مختصر سی علالت کے بعد اس دارِ فانی سے جوارِ رحمت میں منتقل ہوگئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون
خدائے لم یزل کے بنائے ہوئے قانون کے تحت ہر شخص کو ایک نہ ایک دن اس عارضی حیات کو مکمل کر کے ابدی زندگی کے سفر پر چلے جانا ہے۔
جانے والا اس دنیا سے رخصت تو ہوجاتا ہے؛ لیکن پسماندگان کے لئے اس کا جانا زندگی کا سب سے بڑا حادثہ ہوتا ہے۔ مولانا مرحوم کی وفات بھی ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ساتھ بندے کے لئے بھی کسی بڑے حادثے سے کم نہیں ہے؛ کیوں کہ حضرت مولانا میرے مشفق استاذ و محسن مربی تھے اور نہایت ہی گہرا تعلق تھا، مولانا کی وفات سے بندے کو بھی گہرا صدمہ پہنچا ہے؛ بلکہ ان کی اچانک وفات سے دینی، ملی و علمی تحریک و تنظیم سے وابستہ حضرات کو بھی صدمہ پہنچا ہے، اور کیوں نہ پہنچتا کہ مولانا اسامہ صاحبؒ کو اللہ رب العزت نے گوناگوں اوصاف و محاسن سے نوازا تھا، وہ بہ یک وقت کئی محاذوں پر سرگرم تھے۔ رابطۂ مدارس عربیہ، جمعیۃ علماء ہند، مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور، جامعہ محمودیہ اشرف العلوم جاجمؤ اور اس کے زیرِانتظام چلنے والے بیسیوں مکاتب و مدارس اور دیگر متعدد دینی، ملی، سیاسی اور رفاہی تنظیموں کے وہ سرپرست، ذمےدار یا رکن تھے۔ ان کی وفات سے مذکورہ تمام ادارے، تنظیمیں اور تحریکیں اپنے فکرمند سرپرست، جہدِ مسلسل رکھنے والے ذمےدار اور ہمہ وقت میدانِ عمل میں سرگرم رہنے والے رکن رکین سے محروم ہوگئیں۔
بچھڑا کچھ اس ادا سے کہ رُت ہی بدل گئی
اک شخص سارے شہر کو ویران کر گیا
اس غم کے موقع پر بندہ حضرت مولانا مرحوم کے بڑے صاحبزادے جناب مولانا امین الحق عبداللہ اسامہ صاحب قاسمیؔ و دیگر اہلِ خانہ کی خدمت میں تعزیتِ مسنونہ پیش کرتا ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تبارک و تعالی پسماندگان کو صبرِ جمیل اور استاذ محترم کو اپنی شایانِ شان اجرِ جزیل عطا فرمائے، میدانِ محشر میں شافعِ محشر و ثاقئ کوثر کی شفاعت اور ان کے دستِ مبارک سے جامِ کوثر نصیب فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔ آمین
نور اللہ مرقدہ، ثقَی اللہ ثراہ و جعل الجنۃ مثواہ.
شریکِ غم:
مفتی محمد اکرم قاسمی اکبرپوری
ناظم: جامعہ دارالعلوم، اجین (ایم پی)
۲۷؍ذیقعدہ ۱۴۴۱ھ
19؍جولائی 2020
Comments are closed.