قوم و ملت کے بے لوث قائد تھے مولانا متین الحق اسامہ قاسمی پیام انسانیت کشن گنج یونٹ کے صدر مولانا ابو سالک ندوی کا اظہارِ تعزیت

قوم و ملت کے بے لوث قائد تھے مولانا متین الحق اسامہ قاسمی
پیام انسانیت کشن گنج یونٹ کے صدر مولانا ابو سالک ندوی کا اظہارِ تعزیت
کشن گنج 19/ جولائی (نامہ نگار) جمعیۃ علماء اترپردیش کے صدر مولانا متین الحق اسامہ قاسمی کے انتقال سے اہل علم طبقہ مغموم ہے۔ پیام انسانیت کشن گنج یونٹ کے صدر مولانا ابوسالک ندوی نے مولانا مرحوم کے لیے ایصال ثواب کے ساتھ اظہارِ تعزیت کیا، انہوں نے کہا کہ مولانا متین الحق اسامہ قاسمی قوم و ملت کے بے لوث قائد تھے، بے باک خطیب اور نبض شناس مصلح تھے۔ انہوں نے خدمت خلق کے لیے اپنے آپ کو وقف کر رکھا تھا۔ آپ جمعیة علماءاتر پردیش کے صدر ہونے کے ساتھ ساتھ کانپور کے مقبول ”قاضی شہر“ تھے، اس کے علاوہ رکن مجلس عاملہ جمعیة علماءہند ، صدر کل ہند رابطہ مدارس اسلامیہ دارالعلوم دیوبند زون 1، چیئرمین حق ایجوکیشن اینڈ ریسرچ فاو ¿نڈیشن کانپور ، صدر محکمہ شرعیہ و دارالقضاءکانپور ، صدر مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور ، امام وخطیب جامع مسجد اشرف آباد جاجموئی ناظم جامعہ محمودیہ اشر ف العلوم بھی تھے۔ آپ کو سیکڑوں مدارس و مکاتب کا سرپرست بنایا گیا۔آپ قاری صدیق صاحب باندویؒ ، مولانا اسعد مدنی ؒسمیت ملک کے موجودہ تمام اکابرین کے معتمد تھے۔
مولانا لمبے عرصے سے ذیا بیطس ، بلڈ پریشر ، تھائیرائڈ سمیت دیگر امراض میں مبتلا تھے ، حال ہی میں کرائی گئی کووڈ۔19 جانچ کی رپورٹ بھی پازیٹو آگئی تھی۔ جس کے بعد شہر کے ایک نجی اسپتال میں ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں مولانا کا علاج چل رہا تھا۔ بدھ کے روز رات 10 بجے کے قریب اچانک دل کادورہ پڑ ا ، جس کے بعد صورت حال نازک نظر آنے لگی، ڈاکٹروں نے انہیں کانپور میڈیکل کالج (ہیلٹ) ریفر کر دیا ، جہاں آئی سی یو میں کافی دیر تک چلے علاج کے بعد دیر رات تقریباً ڈھائی بجے مولانا نے 53 سال کی عمر میں دنیائے فانی کو الوداع کہتے ہوئے اللہ کو پیارے ہوگئے۔
مولانا ابو سالک ندوی نے بتایا کہ میں طالب علمی میں ان کے مدرسے میں جاتا رہتا تھا، اسی زمانے میں ”انجمن اصلاح المسلمین“ کے نام سے میں ایک انجمن چلاتا تھا، جس کے سرپرست حضرت ہی تھے، میری دعوت پر ایک مرتبہ مدرسہ مدنی بیت العلوم کے جلسے میں بھی تشریف لائے تھے۔
آپ جمعیہ علماءاترپردیش کے صدر ہونے کی حیثیت سے لاک ڈاؤن ہونے کے بعد سے مسلسل ملت کی خدمات میں مصروف عمل تھے، آپ نے اپنے آپ کو دینی و ملی کاموں کے لیے رات دن وقف کررکھاتھا اور ان دنوں بھی مسلسل ملی خدمات میں مصروفیت کی بنا پر ہی بیمار ہوئے تھے ۔ اللہ تعالی سے دعاءہے کہ وہ آپ کو ان ملی خدمات کے طفیل جنت الفردوس میں جگہ نصیب فرمائے۔ آمین!
………………………
Comments are closed.