جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے سابق پروفیسر ڈاکٹر فیضان اللہ فاروقی کی وفات  

جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے سابق پروفیسر ڈاکٹر فیضان اللہ فاروقی کی وفات

 

 

 

ڈاکٹر محمد نجیب قاسمی سنبھلی (www.najeebqasmi.com)

 

 

2020 میں اب تک سو سے زیادہ بڑے علماء کرام اس دنیا سے رخصت ہوگئے ہیں، یہ خبر نبی اکرم ﷺ کے اقوال کی روشنی میں کوئی اچھی علامت نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کی حفاظت فرمائے، آمین۔ فی الحال کورونا وبائی مرض سے نجات آسان نہیں ہے۔ بس اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اس وبائی مرض کے خاتمہ کا فیصلہ فرمائے۔ آمین۔ احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہمارے اختیار میں ہے، باقی ہمارا یہ ایمان وعقیدہ ہے کہ وقت آنے پر ایک لمحہ کی بھی مہلت نہیں دی جاتی ہے۔

 

مولانا ڈاکٹر فیضان اللہ فاروقی قاسمی صاحب بھی اسی وبائی مرض سے متاثر ہوکر 22 جولائی کی رات دو بجے تقریباً 70 سال کی عمر میں انتقال فرماگئے۔ 22 جولائی کی شام تین بجے دہلی کے قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔ موصوف کا تعلق یوپی میں مؤ (کوئریاپار) سے تھا۔ 1968 میں دارالعلوم دیوبند سے فراغت کے بعد بڑودہ میں ایم ایس یونیورسٹی، جامعہ ملیہ اسلامیہ (نئی دہلی) اور حیدرآباد (افلو) کے شعبہ عربی سے منسلک رہے۔ مارچ 1987 میں جواہر لال نہرو یونیورسٹی (نئی دہلی) میں جولائی 2017 میں ریٹائرمنٹ تک تدریسی خدمات انجام دیتے رہے۔ بیسیوں طلبہ نے آپ کی نگرانی میں پی ایچ ڈی مکمل کرکے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔ موصوف نے متعدد کتابوں کے ترجمہ بھی کئے ہیں۔ موصوف انتہائی نیک اور شریف انسان تھے۔ اللہ والوں سے خاص تعلق رکھتے تھے۔ آپ خاموش طبیعت کے حامل تھے، نام نمود سے بہت دور تھے۔ عربی زبان کی خاموش گرانقدار خدمات پر 2019 میں آپ کو صدر جمہوریہ ایوارڑ سے بھی نوازا گیا۔

 

موصوف نے ابوالفضل اینکلیو(نئی دہلی) میں بلال مسجد کے قریب واقع اپنے مکان میں ذاتی مصارف پر ایک مکتب قائم کررکھا تھا جس میں عصر سے عشاء تک اسکول میں زیر تعلیم بچوں کے لئے قرآن کریم کی تعلیم اور دینی تربیت کا انتظام تھا۔ میں نے بھی تقریباً دو سال جامعہ ملیہ اسلامیہ (نئی دہلی) میں پڑھنے کے زمانہ میں مغرب عشاء کے دوران بچوں کی دینی تربیت کسی معاوضہ کے بغیر انجام دی تھی۔ موصوف کے دونوں بیٹے (عرفان اللہ فاروقی اور ابوطلحہ فاروقی) اور بیٹی (آمنہ فاروقی) میرے شاگرد ہیں۔ اللہ تعالیٰ تینوں کو خوش وخرم رکھے۔

 

اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کی قبر کو جنت کا باغیچہ بنائے اور انہیں جنت الفردوس میں بلند مقام عطا فرمائے۔ آمین۔

Comments are closed.