یہ دنیا آزمائش کی جگہ ہے محمد قاسم اوجھاری

یہ دنیا آزمائش کی جگہ ہے

 

 

محمد قاسم اوجھاری

 

 

امام مسلم رحمہ اللہ نے ایک روایت نقل کی ہے: عن ابي سعيد الخدري رضي الله عنه قال قال رسول الله صلى الله عليه وسلم؛ الدنيا حلوة خضرة وان الله مستخلفكم فيها فينظر كيف تعملون فاتقوا الدنيا واتقوا النساء فان اول فتنة بني اسرائيل كانت في النساء (رواه مسلم، مشكاة المصابيح 267)

ترجمہ: حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: دنیا (بظاہر) بڑی مزے دار اور خوبصورت ہے، اور اللہ تعالی نے تمہیں اس میں اپنا خلیفہ بنایا ہے تو وہ تمہارے اعمال کو دیکھے گا لہذا تم دنیا سے بچو اور عورتوں کے (فتنے) سے بچو، کیوں کہ بنی اسرائیل سب سے پہلے عورتوں کے فتنے میں ہی مبتلا ہوئے تھے۔

 

مذکورہ حدیث میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے چار چیزوں کی طرف توجہ دلائی ہے اور یہ چار باتیں اتنی اہم اور ضروری ہیں کہ ان کے بغیر دنیا اور آخرت کی کامیابی کا تصور نہیں کیا جاسکتا۔

 

(1) الدنيا حلوة خضرة: یہ دنیا بڑی مزے دار ہے بظاہر بڑی اچھی لگتی ہے اس کی ظاہری چمک دمک آنکھوں کو خیرہ کرتی ہے اور دلوں کو بھاتی ہے، لیکن یہاں کسی چیز کو دوام نہیں ہے ہر چیز فنا ہونے والی ہے۔ لہذا اے لوگو: تم اس کی ظاہری چمک دمک اور اس کی لذتوں سے دھوکہ کھا کر اس کی محبت میں گرفتار مت ہو جانا۔

 

(2) ان الله مستخلفكم فيها الخ: دنیا کے اندر جتنی بھی چیزیں ہیں ہر چیز کا مالک اللہ تعالی ہے انسان کسی بھی چیز کا مالک نہیں ہے حتی کہ اپنی جان کا بھی۔ ہاں اللہ تعالی نے انسانوں کو اپنا نائب اور خلیفہ بنایا ہے اور دنیا کی چیزوں کو استعمال کرنے کا اختیار دیا ہے اور وہ یہ دیکھنا چاہتا ہے کہ تم میں کس کے اعمال سب سے زیادہ اچھے ہیں۔ لہذا اے لوگو: تم اللہ کی منشا اور مرضی اور اسی کے حکم کے مطابق زندگی گزارنے کی کوشش کرو۔

 

(3) اتقوا الدنيا: اے لوگو: تم دنیا سے بچو، کیونکہ دنیا کی محبت جب دلوں میں گھر کر جاتی ہے تو انسان کو دھوکا دینے جھوٹ بولنے چوری کرنے زنا کرنے قتل کرنے ظلم اور حق تلفی کرنے جیسے عظیم گناہوں میں کوئی تکلف نہیں رہتا۔ اور رفتہ رفتہ کبیرہ گناہوں کی برائی اس کے دل سے ختم ہو جاتی ہے جس کے نتیجے میں دنیا اور آخرت کی بربادیوں کی داستان شروع ہوجاتی ہے۔ اس لئے اے لوگو: تم دنیا سے ہمیشہ بچتے رہو۔

 

(4) اتقوا النساء الخ: عورتوں کے فتنے سے بچو، آج کل عورتوں کا فتنہ بڑے سر چڑھ کر بول رہا ہے، بے پردگی و بے حیائی اور مرد و زن کے اختلاط کو ترقی کی معراج سمجھا جارہا ہے، ہر طرح کی بد کاری اور جنسی آوارگی عام ہو رہی ہے جس کی وجہ سے عزتیں نیلام ہو رہی ہیں، اختلاف لڑائی جھگڑے اور قتل و قتال جیسے واقعات میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ عورتوں کے فتنے سے بھی بچو، کیونکہ بنی اسرائیل سب سے پہلے جس فتنے میں مبتلا ہوئے تھے وہ عورتوں کا ہی فتنہ تھا جس کی وجہ سے پوری قوم عذاب الہی کا شکار ہوئی تھی۔

 

لہذا اگر ہم دنیا اور آخرت میں کامیابی چاہتے ہیں تو مذکورہ باتوں پر عمل کرنا ضروری ہے، اللہ تعالی ہم سب کو عمل کی توفیق عطا فرمائے اور دین اسلام پر استقامت نصیب فرمائے۔ آمین

Comments are closed.