نئی نسل کے دین و ایمان کی فکر کیجئے مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی

 

سیتامڑھی ۱۱ دسمبر ۲۰۲۰

اس وقت سب سے بڑا مسٔلہ نئی نسل کو دین و ایمان پر باقی رکھنے کا ہے، آپ اپنی نسلوں کو اس طرح تیار کیجئے کہ جب آپ کی آنکھیں بند ہونے لگے اور آپ ان سے دریافت کریں کہ میرے بعد کس کی عبادت کروگے تو وہ کہیں کہ ہم اس دین پر قائم رہیں گے جو اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم لے کر آئے، ان خیالات کا اظہار امارت شرعیہ بہار و اڈیشہ و جھاڑکھنڈ کے نائب ناظم مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی نے کیا وہ راجوپٹی جامع مسجد سیتامڑھی میں قائد وفد کی حیثیت سے کلیدی خطاب فرمارہے تھے، انہوں نے فرمایا کہ بنیادی تعلیم کا ایسا نظام بنائیے کہ نئی نسل ایمان و و اسلام پر قائم رہے، جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سعید احمد نقشبندی نے فرمایا کہ فطری ضرورتوں کی تکمیل کے لئے جس طرح لوگ سردی گرمی نہیں دیکھتے ویسے ہی شرعی ضرورتوں کی تکمیل میں بھی موسم رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے،گرمی سردی جس قدر ہو باجماعت نماز کا اہتمام کرنا چاہیے، مفتی تبریز عالم قاسمی ناظم تعلیمات دارالعلوم الاسلامیہ امارت شرعیہ نے فرمایا کہ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو، آپسی تنازعات اور جھگڑوں کو قرآن و حدیث کی روشنی میں دارالقضاء میں حل کرائیں آپ متحدرہیں گے تو آپ کی قوت مضبوط رہے گی، مولانا انوار اللہ فلک صاحب قاسمی نے فرمایا کہ زمین پر قدم ہار گئی، اس کا مٹنا یقینی نہیں ہے، لیکن جو قوم ذہنی طور پر شکست کھا گئی تو وہ مٹ جائے گی، امارت شرعیہ کا کام ذہنی طور پر امت مسلمہ کو شکست سے بچانا ہے، اور زمینی طور پر کھڑا رکھنا ہے، انہوں نے کہا کہ بازی میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے، بازی ہار جانا برا نہیں ہے ہمت ہار جانا برا ہے ۔ مفتی سراج الدین مظاہری نے امارت شرعیہ کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ امارت شرعیہ بہار و اڈیشہ و جھاڑکھنڈ کی سب سے زیادہ مضبوط و مستحکم و فعال و متحرک تنظیم کا نام ہے ، امارت شرعیہ مفکر اسلام حضرت مولانا محمد سید ولی رحمانی صاحب دامت برکاتہم کی قیادت اور قائم مقام ناظم حضرت مولانا محمد شبلی القاسمی کی ہدایت و نگرانی میں احسن و خوبی خدمات انجام دے رہی ہے، اجلاس سے مولانا محمد رضوان صاحب قاسمی نے بھی خطاب کیا ۔مولانا رئیس، مولانا عمیر نے اجلاس کو کامیاب بنانے کے لئے جدو جہد کی، اجلاس کا آغاز حافظ محمد عبد اللہ کی تلاوت اور اختتام حضرت مولانا سعید احمد صاحب نقشبندی دامت برکاتہم کے دعا پر ہوا۔

Comments are closed.