محرم جلوس کے دوران بجلی حادثے میں کوتاہی برتنے پر سکت پور تھانہ انچارج منیش کمار معطل

در بھنگہ پولیس سپرنٹنڈنٹ نے مشترکہ جانچ رپورٹ کی بنیاد پر کی کارروائی، معطلی کے دوران پولیس مرکز دربھنگہ میں تعیناتی
جالے (محمد رفیع ساگر/بی این ایس)
محرم کے موقع پر 05 جولائی کی شام تقریباً 6:30 بجے تارڈیہ بلاک کے ککوڈھا گاؤں میں تعزیہ جلوس کے دوران ہائی وولٹیج بجلی کا تار گرنے کے سبب ایک شخص کی موت اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کے سانحہ کے بعد، واقعہ کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ کی جانب سے تحقیقات کا حکم دیا گیا تھا۔
ضلع مجسٹریٹ کے دفتر کے حکم نامہ (نمبر 4348/سی، مورخہ 05.07.2025) کے تحت، ایڈیشنل کلکٹر (عوامی شکایت) دربھنگہ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ (رورل) دربھنگہ کو اس واقعہ کی مشترکہ جانچ کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ اس کے تحت، مورخہ 09.07.2025 کو جانچ مکمل کر کے دفتر مراسلہ نمبر 349/ لوک شکایت کے ذریعے رپورٹ پیش کی گئی۔
جانچ رپورٹ میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ محرم سے قبل منعقدہ امن کمیٹی کی میٹنگ میں جلوس کے دوران بجلی کی عارضی کٹوتی، تعزیہ و اونچے جھنڈے پر کڑی نگرانی، اور دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات دی گئی تھیں، جن پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ بجلی محکمہ کے ایگزیکیٹو انجینئر، بینی پور کے مطابق ان کے کسی بھی افسر یا ملازم کو مقامی سطح سے بجلی بند کرنے کی کوئی ہدایت موصول نہیں ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق سکت پور کے تھانہ انچارج مَنیِش کمار، موقع پر موجود ہونے کے باوجود بجلی کٹوانے کی ہدایت دینے میں ناکام رہے، جو کہ نظم و نسق کے تحفظ میں سنگین غفلت اور انتظامی لاپرواہی کے مترادف ہے۔ ان کی اس کوتاہی کو حادثے کے وقوع پذیر ہونے میں ایک اہم وجہ مانا گیا ہے۔
ایڈیشنل کلکٹر (لوک شکایت ) و پولیس سپرنٹنڈنٹ (رورل) کی سفارشات سے اتفاق کرتے ہوئے سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ جگوناتھ ریڈی جلاریڈی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس انسپکٹر مَنیِش کمار کو معطل کر دیا ہے۔ معطلی کے دوران انہیں صرف زندگی گزارنے کے الاؤنس (سبسسٹنس الاؤنس) کا حق حاصل ہوگا اور ان کا ہیڈکوارٹر پولیس مرکز، دربھنگہ متعین کیا گیا ہے۔
Comments are closed.