امارت شرعیہ کے زیر اہتمام فروغِ تعلیم اور تحفظِ اردو تحریک کو کامیاب بنانا ہمارا ملی فریضہ

مفتی محمد امداداللّٰہ قاسمی

حضرت امیر شریعت مفکر اسلام مولانا محمد ولی رحمانی دامت برکاتہم کے حکم پر ملک کی با وقار تنظیم امارت شرعیہ بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ کے زیرِ اہتمام یکم فروری سے ٨/فروری تک بہار کے تمام اضلاع میں بنیادی دینی تعلیم کے فروغ، خود کفیل دینی مکاتب اور معیاری عصری تعلیم گاہوں کے قیام نیز اردو زبان کے تحفظ کے لئے بڑے پیمانے پر تحریک چلائی جا رہی ہے جس کا مقصد ملت کے خواص حضرات میں نئی نسلوں کی بنیادی دینی تربیت اور عصری تعلیم کے تئیں فکر پیدا کرنی ہے‌۔ اسی کے مدنظر ضلع مدھوبنی کے مرکزی مقام دارالقضاء امارت شرعیہ مدرسہ فلاح المسلمين گواپوکھر بھوارہ مدھوبنی میں ۳/فروری بروزبدھ بوقت ۱۰/ بجے دن تاظہر خواص کا ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوگا۔ جس کی صدارت امارت شرعیہ کے متحرک اور فعال ناظم مولانا شبلی القاسمی دامت برکاتہم فرمائیں گے۔

اس موقع سے بنیادی دینی تعلیم کے لئے خود کفیل مکاتب کے قیام، اسلامی ماحول میں معیاری اسکولوں کے قیام اور اردو کے تحفظ کے لیے قابل عمل پہلوؤں پر بھی غور کیا جائے گا.

مذکورہ باتیں مفتی محمد امداداللّٰہ قاسمی نے اپنے ایک اخباری ‌بیان میں کہا، انہوں نے حضرات ائمہ ، علمائے کرام، دانشوران اور علم دوست حضرات سے ہر سطح پر اسے کامیاب کر نے کی گذارش کی اور کہا کہ اس تحریک کو کامیاب کرنا ہمارا ملی فریضہ ہے۔ جو لوگ اس کام کو کر سکتے ہیں وہ اپنی خدمات رضا کارانہ طور پر ملت کے بچوں کی تعلیم وتربیت کے لیے فارغ کریں اور اس کے لئے تحریک چلائیں۔ انشاء اللہ! تحریک کے دور رس اور دیر پا اثرات مرتب ہوں گے.

انہوں نے ضلع بھر کے ملی دانشوران، سماجی کارکنان، اور محبینِ اردو سے درخواست کی کہ وقت کا خیال رکھتے ہوئے ‌۳/فروری بہ روز بدھ بوقت ۱۰/بجے دن؛ مدرسہ فلاح المسلمين گواپوکھر بھوارہ مدھوبنی تشریف لاکراپنے مفید مشوروں سے نوازیں۔

Comments are closed.