"محبتیں”
ناصرہ نواز (سرگودھا)
ہماری زندگی میں بہت سے رشتے ہیں یا ان رشتوں میں ہماری زندگی ہے۔ماں باپ،بہن بھائی،بھابیاں ،نندیں۔ہر رشتہ خوبصورت ہے اگر اس میں توازن رکھا جاۓ۔رشتوں کو نبھانا اور ان کو ساتھ لے کر چلنا ہی اچھے انسان کی خوبی ہے۔ہمارے ڈراموں میں یا ہمارے گھروں میں ایک سیاست چل رہی ہے۔بھابی ،نند کی دشمن ہے اور نند بھابی کی ،ساس بہو کا اتنا گرا ہوا مقام دیکھنے کو مل رہا ہے کہ انسان کو انسان کہتے ہوۓ شرم آتی ہے۔سازشیں اور نفرتیں پھیل رہی ہیں۔
یقین مانیں یہ رشتے بہت بہت خوب صورت ہوتے ہیں اگر آپ ایک قدم بڑھا کر کسی رشتے کو تباہ ہونے سے بچائیں گے تو آپ کا کیا جاۓ گا۔آپ کو دلی خوشی ملے گی جوان حالات میں آپکے دماغ کو سوچیں خراب کر رہی ہیں وہ جا کر کہیں دور بسیں گی۔منہ پہ اچھا بن جانا ،مسکرا دینا اور دل بغض سے بھرا ہو تو یہ رشتے نہیں آپ کے بیمار ذہن کی علامت ہے۔
اگر آپ ساس ہیں تو ماں بن کے تو دیکھیں ۔بیٹیوں سے بھی تو غلطیاں ہوتی ہیں ان پر بھی تو پردہ ڈالتی ہیں۔ بہو کو بیٹی سمجھ کر تو دیکھیں وہ آپ کے نام کے راگ الاپے گی۔آپ کے کام کو خوشی سے کرے گی۔
اگر آپ بہو ہیں تو ہونٹوں پہ مسکراہٹ تو رکھ کے دیکھیں آپ کی زندگی میں اتنا خوب صورت بدلاؤ آۓ گا کہ آپ خود حیران رہ جائیں گی۔کوئی بات ناگوار گزری ،آپ کے مزاج کے مطابق نہیں ہے تو کوئی بات نہیں۔دنیا میں ہر وقت سب کچھ ہماری مرضی سے نہیں ہوتا بہو سے ایک اچھی بیٹی بن جائیں۔اس بات سے نہ صرف آپ کے سسرال میں آپ کو عزت دی جاۓ گی بلکہ آپ کے شوہر کے دل میں عزت اور احترام آپ کے لیے پہلے سے زیادہ ہو گا وہ آپ کا پہلے سے زیادہ خیال رکھے گا جب آپ اس کے اپنوں کا خیال رکھیں گی تو آپ کو اپنائیت سے رکھے گا۔شوہر جب تھکا ہارا گھر آۓ تو شکایتوں کے انبار نہ لگائیں خوب صورت مسکراہٹ سے اس کا استقبال کریں آپ کی ایک مسکراہٹ اس کی دن بھر کی تھکن اتار دے گی۔
اگر آپ نند بھابی ہیں تو آپس میں شیئرنگ کر کے تو دیکھیں باتیں کریں۔کبھی بنا کہے ایک دوسرے کو چاۓ پلا دیں۔ بھائی بھابی کی ان بن ہے تو اس کو سلجھا دیں بھائی غلط ہیں تو ان کو سمجھا دیں بھابی کی غلطی ہے تو پیار سے سمجھا دیں۔ہماری انا بری ہے کوئی رشتہ برا نہیں ہے۔
مجھے سمجھ نہیں آتی وہ کیسی عورتیں ہیں جو اتنی سنگدل اور بے رحم بن جاتی ہیں جو اپنے ہی لاڈلے کے بچوں کو بوجھ سمجھتی ہیں۔دل میں بچوں کی ماں کے لیے نفرت لیے ساری زندگی فضول سی نفرت میں ضائع کر دیتی ہیں۔
وہ کیسی عورتیں ہیں جو ماں باپ ،بہن بھائیوں کے خلاف شوہر کے کان بھرتی ہیں آپ لوگ مسلمان عورتیں بنیں اچھی اور مضبوط عورتیں۔
اچھی عورتیں پتہ ہے کیسی ہوتی ہیں ؟؟؟
آسیہ رضی اللہ عنہ جیسی جو فرعون کے ساتھ رہ لیتی ہیں۔
ایوب علیہ السلام کی بیوی جیسی جب ان کا شوہر ان کو دنیا کی کوئی آسائش نہیں دے پا رہے تھے حالات بہت خراب ہو گئے تھے لیکن وہ صبر کے ساتھ ان کے ساتھ رہیں اور خدمات کرتی رہیں۔
فاطمہ رضی اللہ عنہ بنیں جب چکی سے آٹا پیستے ہاتھ چھالوں سے بھر جاتے اور لبوں پہ شکایت تک نہیں آتی تھی۔
کوئی بھی انسان فطری طور پہ برا نہیں ہوتا۔عورت کی تو ذات میں ہی رب تعالیٰ نے لچک رکھی ہے۔ عورت ہی ہے جو گھر کو بناتی یا بگاڑتی ہے۔عورت جب ہر سانچے میں ڈھل جاتی ہیں تو ڈھال لیں خود کو۔پیار ،محبت اور امن کا گہوارہ بنا لیں خود کو۔صرف پیار محبت سے پیش آئیں۔پیار کریں پیار سیکھائیں رشتوں کو محبت دینا سیکھیں آپ خود کو بہت ہلکا پھلکا اور مطمئن محسوس کریں گے۔اپنوں کے ساتھ زندگی جینے کا اپنا ہی مزہ ہے۔آج آپ یہ کر کے تو دیکھیں اپنے اوپر سے انا اور بے اعتنائی کا لبادہ اتار دیں۔محبت کو لینا اور دینا سیکھیں۔
Comments are closed.