اسلام کا موجودہ خلیفہ کون؟

 

از قلم: اسما عامر

چند دن پہلے لوگ، جہاد بالگوگل میں مصروف تھے۔ ہر شخص نے اپنا واٹس اپ سٹیٹس اپ ڈیٹ کیا تھا کہ گوگل پر جائیں، اسلام کے موجو دہ خلیفہ کو تلاش کریں اور فلاں فلاں کام کریں۔ اور ہمارے معصوم مسلمان بہن،بھائی جہاد کا فریضہ ادا کرنے کے لیے سر توڑ کوششیں کرنے لگے یہ جانے بغیر کہ کیا اس کام کے پیچھے ہمارے ایمان اور اس کی بنیادوں کو کمزور کرنے کی کوئی چال تو نہیں؟ دھڑا دھڑ سرچ کی جا رہی ہے کہ اسلام کا موجودہ خلیفہ، اسلام کا موجودہ خلیفہ، کوئی بھی پختہ ایمان والا شخص ایسا کرنے یا ایسا بولنے سے پہلے یہ ضرور سوچے گا کہ اسلام کا سلسلہ خلافت حضرت ابوبکرصدیقؓ سے شروع ہو کر حصرت علیؓ پر ختم ہو گیا ہے تو اب اسلام کے موجودہ خلیفہ کو

تلاش کرنے کا کیا مقصد؟ ایسا کرنا گناہ کے زمرے میں آتا ہے۔ جس طرح نبوت کا سلسلہ ختم ہو گیا ہے حضرت محمدﷺ کے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا اسی طرح پہلے خلیفہ حضرت ابوبکرصدیقؓ، دوسرے خلیفہ حضرت عمر فاروقؓ، تیسرے خلیفہ حضرت عثمان غنیؓ اور چوتھے خلیفہ حضرت علیؓ ہیں اور آپؓ کے بعد خلافت کا سلسلہ ختم ہو گیا۔ لیکن افسوس کہ اس بارے میں سوچنا تو دور کی بات اس کی تصدیق بھی نہ کی۔

مسلمانوں! یہ کوئی عام پوسٹ نہ تھی جسے آپ اندھا دھند آگے پھیلائے جا رہے تھے یا کوئی ایصال ثواب کا کام نہیں تھا جس کو کرنے سے آپ نیکیاں سمیٹتے جا رہے تھے بلکہ یہ اسلام کے خلاف نہایت غیر مہذب چال تھی۔ جس میں آپ بھی ملوث ہوتے جا رہے تھے۔ جب ہم پر یہ واضح کر دیا گیا ہے کہ خلافت کا سلسلہ حضرت علیؓ پر ختم ہو گیاہے توآپ کا اسلام کے موجودہ خلیفہ کو تلاش کرنا،گناہِ عظیم ہے۔ لیکن ہمیں تو اپنی پوسٹ پر ڈھیروں ڈھیر لائیک، ویوز اور کامنٹس چاہیں، چاہے وہ پوسٹ آپ کی آخرت کے لیے بنائی گئی زندگی بھر کی جمع پونجی کو راکھ کا ڈھیر بنا دے۔ نہایت افسوس کی بات ہے کہ یہ سنگین گناہ ان مسلمانوں سے سرزد ہوا ہے جو اسلام پر حرف آنے پر تلواریں بے نیام کیے میدان میں اتر آتے تھے۔ وہ آج بھی میدان میں اترے تو ہیں لیکن اپنے ہی سپاہیوں کو نشانہ بنا کر۔

کیا ہماری حکومت اس پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کرے گی؟ کیا مخالفینِ اسلام کے اس سنگین جرم پر انہیں کوئی سزا نہیں دی جائے گی؟ کیوں ان منافقین سے اب تک بائی کاٹ نہیں کیا گیا جو اسلام کا خلیفہ بنے بیٹھے ہیں؟ کیا ہم مسلمان اپنےاُن صحابہ اکرامؓ کی قربانیوں کو فراموش کر چکے ہیں جنہوں نے اسلام کی خاطر اپنی جانیں تک قربان کر دیں؟ کیا ہمارا ایمان اتنا بوسیدہ ہو چکا ہے کہ اس بارے میں سوچنا تک گوارہ نہ کیا کہ ہمارے اس عمل سے ان کی تمام قربانیاں بے معنی ہوتی نظر آرہی ہیں۔ کس قدر بے رحمی سے ہم نے ان ہستیوں کی خلافت کو بے مول کر دیا جنہوں نے اسلام کی بنیاد رکھی، صرف ایک پوسٹ کو پھیلانے کی خاطر۔ آپﷺ نے فرمایا کہ میرے بعد اگر کوئی نبی ہوتا تو وہ عمر ؓ ہوتے۔ اس حدیث سے صحابہ اور خلفا راشدین کا مقام واضح ہوجاتا ہے۔ جب ہم مسلمان یہ گوارہ نہیں کرتے کہ اسلام پر کوئی آنچ آئے تو ہم یہ کیسے گوارہ کر لیں کہ اب بھی کوئی خلافت کے منصب پر فائز ہو۔ اللہ ہم سب کو غور و فکر کرنے اور اسلام کے خلاف ہونے والی سازشوں کو روکنے کی توفیق عطا کرے۔ آمین

Comments are closed.