نماز کی اہمیت

 

✏️ حسن رضا مشرف قادری عفی عنہ

 

انسان کی پیدائش کا مقصد ، انسان کے خالق ، خداے بزرگ و برتر اللہ عزّوجل نے اپنی عبادت بتایا ہے ـ افضل ترین عبادت نماز ہے ، جو کہ ہر عاقل بالغ مسلمان مرد و عورت پر دن میں پانچ مرتبہ فرضِ عین ہے ـ

نماز کی فرضیت و اہمیّت ایسی تاکیدی ہے کہ دو صورتوں کے علاوہ کسی حال میں بھی معاف نہیں ……….. جیسا کہ امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری زید شرفہ اپنی مایہ ناز کتاب ” *فیضانِ نماز* ” کے صفحہ نمبر 16 پر دونوں صورتوں کو تحریر فرماتے ہیں : ” ① جُنون یا بے ہوشی مسلسل اتنی لمبی ہو جائے کہ چھے نمازوں کا وقت گزر جائے مگر ہوش نہ آئے تو یہ نمازیں معاف ہو جائیں گی اور ان کی قضا بھی لازم نہیں ② عورت کو حَیض یا نفاس آجائے تو ایسی حالت میں نماز معاف ہو جاتی ہے “ ـ

 

رات کو فتاویٰ قاضی خان پڑھتے ہوئے ایک مسئلہ پڑھا تو نماز کی اہمیت اور واضح ہو گئی …….. ملاحظہ کیجیے !!!

 

” اگر دونوں ہاتھ شل ہوں ، *وضو اور تیمّم کرنے سے عاجز ہو* تو وہ اپنے دونوں بازوؤں کو کُہنیوں سمیت اور چہرے کو زمین پر مَلے اور *نماز پڑھنا نہ چھوڑے* ” ـ

 

{ فتاویٰ قاضی خان ، کتاب الطہارۃ ــ باب الوضو ، ج ١ ، صــ ١٤٢ }

 

اے مسلمان! غور کر اور اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا شکر بجا لا کہ اُس نے *تیرے اعضا کو سلامت رکھا تُو وضو کر سکتا ہے* ، مسجد میں حاضر ہوسکتا ہے ـ پھر کون سی چیز تجھے اُس کی بارگاہ میں حاضری سے روکتی ہے ؟ اُس معبودِ حقیقی اللہ عزّوجل کی عبادت میں سُستی نہ کر *صحت کو بیماری سے پہلے غنیمت جان* اور اللہ کی عبادت پر کمر بستہ ہو جا کہ یہی تیری پیدائش کا مقصد ہے ـ

 

اللہ پاک ہمیں پکا نمازی بنائے ، ہر نماز باجماعت مسجد میں ادا کرنے کی توفیق بخشے ـــ اٰمین ، اٰمین ثم اٰمین

Comments are closed.