ایک لڑکی کو کیسا ہونا چاہئیے؟

کومل ناز (دریا ننگل)

 

جب بھی ہم کبھی لڑکی کا نام سنے تو ہمارے ذہن میں پہلا خیال آتا ہے "عزت”. پردے میں رہنے والی ایک پیاری سی پری جسے بابا پیار سے گڑیا بلاتے ہیں۔ اپنے باپ پر جان چھڑکنے والی اور اپنی ماں کی راج دلاری۔ ماں باپ کو ہمیشہ خوش دیکھنے والی۔ ایک لڑکی کو بہادر، نڈر، بلند حوصلے والی ہونا چاہیے۔ ایسا حوصلے والی کہ کبھی اسے یا اس کے ماں باپ کو یہ نہ لگے کہ یہ ہماری بیٹی ہے، بیٹا نہیں۔ اپنی عزت کو بچاتے ہوۓ اپنے ماں باپ کا سہارا بنے۔ زمانے کے ہر طرح کے حالات و واقعات سے نپٹنے کی ہمت رکھے۔ اور اپنے ماں باپ، چھوٹے بہن بھائیوں کا سہارا بنے۔

میں بذات خود لڑکی ہونے کی حیثیت سے ہر لڑکی کو یہ پیغام دیتی ہوں کہ ڈرو نہیں اگر زمانہ خلاف ہے تمہارے، اپنے ماں باپ کی دعائیں لیتی جاؤ اور آگے بڑھتی جاؤ۔ تمہیں ابھی بہت آگے تک جانا ہے۔ تمہارے لیے بہت سارے امتحان ہیں۔ بہت مشکلات ہیں۔ لیکن تم نے سب کا بہادری سے مقابلہ کرنا ہے۔ ہر حال میں مقابلہ کرنا ہے۔ تم کمزور نہیں ہو۔ تم سب کچھ کر سکتی ہو۔

اکثر یہ بات جو ہم لڑکیوں کا حوصلہ پست کر دیتی ہے وہ یہ کہ ہم غریب ہیں۔ ہمارے پاس پیسے نہیں ہیں۔ ہم کیسے حالات کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ کر سکتے ہیں ہم لڑکیوں۔۔ کیا ہوا جو ہم غریب ہیں؟ کیا ہوا جو ہمارے پاس پیسے نہیں ہیں؟ اللہ رب العزت نے ہمیں ہمارے ماں باپ کی دعا جیسی نعمت سے نوازا ہے۔ تو پھر کیوں ڈرنا؟ ہم کریں گے۔ ہم سب کچھ کرسکتے ہیں۔

وہ لڑکیاں جن کے پاس پیسے ہیں جو امیر ہیں۔ان میں سے کئی سوشل میڈیا پر اپنی عزت نیلام کرتی پھر رہی ہیں۔ ہر عام انسان ان پر الزام لگا سکتا ہے، انہیں برا بھلا کہ سکتا ہے۔ ارے ڈرنا تو ان کا بنتا ہے۔ ہمارا کیوں؟ عزت و احترام سے اپنے پروردگار کو خوش رکھنے کی کوشش کریں۔ ماں باپ کو خوش رکھیں۔ اللہ رب العزت ہم سب کی عزت کو محفوظ رکھے اور ہمیں اتنی ہمت عطا فرمائے کہ ہمارے ماں باپ کے سر فخر سے بلند ہو اور وہ فخر سے کہے کہ "یہ میری بہادر بیٹی ہے”. آمین ثم آمین یارب العالمین۔

Comments are closed.