خوشی کیا ہے ؟

ازقلم: میمونہ لیاقت (خوشاب)

خوشی قلبِ اطمینان کا نام ہے، خوشی ایک انمول تحفہ ہے، خوشی سے انسان کا چہرہ شاداب رہتا ہے، جب دل سکون میں ہو اور انسان پرسکون ہو تو اسے خوشی کہتے ہیں۔

افسوس آج کا انسان خوشیوں سے مسرور نہیں ہے۔

خوشی کی بہت سی اقسام ہیں خوشی اور مسرت کا زاویہ ہر انسان کا الگ الگ ہوتا ہے۔ کوٸی دو وقت کی روٹی کھا کر بھی خوش رہتا ہے اور کوٸی کروڑوں کما کر بھی خوش نہیں رہتا۔

 

کوٸی اپنی مرضی کی غذا لے کے خوش رہتا ہے تو کوٸی جو بھی مل جاۓ اسی پہ خوش رہتا ہے۔

کسی کی خوشی اپنی سگریٹ اور ٹی وی سے وابستہ ہوتی ہے۔

کوٸی اپنے بچوں کو دیکھ کے خوش ہوتا ہے تو کوٸی اپنوں کو عروج پہ دیکھ کے۔

کوٸی محلوں میں رہ کے خوش ہوتا ہے تو کوٸی جھونپڑی میں بھی۔

کوٸی کسی کو بکھیر کر ریزہ ریزہ کر کے خوش رہتا ہے تو کوٸی دوسروں کو خوش دیکھ کر خوش ہوتا ہے ۔

خوشی انسان کی طبیعت پر بڑا گہرا اثر چھوڑتی ہے۔

میرے خیال میں اصل خوشی خیرات کرنے میں ہے یہ نہ صرف وصول کرنے والے کے لیے مفید ہے بلکہ اپنی صحت اور مسرت کے لیے بھی بہت ضروری ہے ۔دوسروں کی مدد کر کے انسان بہت اطمینان میں رہتا ہے ۔خیرات انسان کی زندگی پر بہت گہرا اثر چھوڑتی ہے۔یہ ہماری زندگی پہ بہت خوشگوار اثرات مرتب کرتی ہے۔ اگر آپ کے پاس اتنی رقم نہیں کہ دوسروں کی مدد کیسے کریں تو آپ دوسروں کو وقت دیں عزت دیں، مریض کی عیادت کریں، کسی کے گھر کھانا بھیج دیں۔

دوسروں کی پریشانیوں کو سن کر ان کے دل کا بوجھ ہلکا کریں، دوستوں سے بات چیت کا عین وہی اثر ہوتا ہے جو درد دور کرنے والی دوا کا ہوتا ہے۔

باقی سب خوشیاں عارضی ہیں۔ جو خوشی رب کی رضا پہ راضی رہنے پہ ہوتی ہے وہ خوشی کبھی ختم نہیں ہوتی۔ رب کی رضا کی خاطر دوسروں کو قبول اور برداشت کرنا سکھیں۔ اس دنیا میں کوٸی بھی مکمل اور پرفیکٹ نہیں ہے ہم لوگوں کے بیرونی رویے کو اپنی ذات میں پوشیدہ اطوار سے ناپتے ہیں جو درست نہیں ہوتا۔ بس یہی احساس ہماری خوشیوں کوتباہ کر دیتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ لوگوں کو ان کی خامیوں اور کوتاہیوں سمیت برداشت کیا جاںٔے۔زندگی آسان ہو جاںٔے گی۔

اللّٰہ پاک کے ذکر میں دل اور روح دونوں کا سکون ہے۔ جو اللّٰہ پاک کی خاطر حقوق العباد میں خوشیاں تلاش کرتے ہیں ان کے لیے اللّٰہ کی طرف سے بہت بڑا انعام ہے۔ اللّٰہ پاک فرماتے ہیں کہ جس نے کسی انسان کی ضرورت پوری کی اسکی ضرورت میں پوری کروں گا۔ جس نے کسی کی پردہ پوشی کی اس کی پردہ پوشی میں کروں گا۔ اللّٰہ پاک نے نیک اور صالح اعمال کرنے والوں کے لیے جنت کی بشارت دی ہے۔ میرے خیال میں جنت سے بڑھ کوٸی خوشی نہیں ہے۔

اللّٰہ پاک ہم سب کا مقصد جنت کا حصول بناںٔے۔

آمین اللھم آمین

Comments are closed.