غزہ میں 24 گھنٹوں کے دوران 19 شہید، 81 زخمی ، شہداء کی تعداد 52 ہزار سے تجاوز کر گئی

بصیرت نیوزڈیسک
محصور اور زخموں سے چور غزہ ایک بار پھر انسانی المیے کی نئی داستان رقم کر رہا ہے۔ فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران قابض اسرائیل کی بمباری اور حملوں کے نتیجے میں 19 معصوم فلسطینی شہید اور 81 زخمی ہوئے، جنہیں مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
وزارت صحت کی جانب سے مرکز اطلاعات فلسطین کو موصول ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ کئی شہداء اور زخمی اب بھی ملبے تلے اور سڑکوں پر پڑے ہیں، جہاں سکیورٹی صورتحال اور بمباری کے خطرات کے باعث ایمبولینس اور سول ڈیفنس کی ٹیمیں بروقت نہیں پہنچ پا رہیں۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ 7 اکتوبر 2023 ءسے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک شہداء کی مجموعی تعداد 52 ہزار 829 ہو چکی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد 1 لاکھ 19 ہزار 554 تک پہنچ چکی ہے۔
وزارت صحت کے مطابق صرف 18 مارچ 2025ء سے اب تک 2,720 فلسطینی شہید اور 7,513 زخمی ہو چکے ہیں، جو انسانی تاریخ کے ایک المناک باب کا حصہ بن چکے ہیں۔
وزارت نے شہداء اور لاپتا افراد کے اہل خانہ سے اپیل کی ہے کہ وہ وزارت کے آن لائن پلیٹ فارم پر جا کر مکمل کوائف درج کریں، تاکہ ان کے پیاروں کی معلومات کو باقاعدہ ریکارڈ میں شامل کیا جا سکے۔
غزہ کی فضاؤں میں اب بھی گولہ بارود کی بو رچی بسی ہے اور قابض اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں کے جنازے روز کا معمول بن چکے ہیں۔ دنیا کی مجرمانہ خاموشی قابض دشمن کے جرائم میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔
Comments are closed.