"باپ ایک انمول نعمت ہے”
سارہ یوسف زئی حیدرآباد
باپ دنیا میں اللہ رب العزت کی عظیم نعمت ہے۔ انسان جو کچھ بھی ہے والد ہی کی وجہ سے ہے۔ باپ ایک سائبان شفقت ہے جس کے سائے میں اولاد پروان چڑھتی ہے۔ باپ کے ہوتے ہوئے اولاد خود کو محفوظ سمجھتی ہے۔ باپ وہ ہستی ہے جو اپنے اہل خانہ کی کفالت کے لیے دن رات جٹا رہتا ہے۔ نہ اس کو اپنے آرام کی پروا ہوتی ہے اور نہ ہی اپنے صحت کی۔ وہ اپنے دن رات صرف اس مقصد میں صرف کرتا ہے کہ کچھ اور محنت کرلوں تو اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ کرلوں۔ باپ اپنی اولاد کی ہرخواہش کو پوری کرنے کی کوشش کرتا ہے. باپ وہ ہستی ہے جو کبھی ہمیں اپنی پریشانی یا الجھن نہیں بتاتا؛ بلکہ خود سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند ہر مشکل اور دشواری کا سامنا کرتا ہے۔
باپ ایک چھت کی مانند ہوتا ہے جس طرح ایک چھت گھر کے مکینوں کو موسم کے سرد گرم ماحول سے محفوظ رکھتی ہے ،اسی طرح باپ موسم کے ناروا سلوک سے ہمیں تحفظ دیتا ہے ۔ آندھی طوفان اور گرج چمک سے بچا کے رکھتا ہے ۔ اگر باپ کی عظمت کا پاس کرتے ہوئے اطاعت ،فرمانبرداری ،خدمت اورتعظیم کرکے اس کی رضاحاصل کی جائے تو اللہ پاک کی طرف سے ہمیں دین ودنیا کی کامیابیاں ، سعادتیں اورجنت جیسی نعمتیں مل سکتی ہیں۔
باپ ایک مقدس محافظ ہے جو ساری زندگی خاندان کی نگرانی کرتا ہے ۔ باپ ہی ہوتا ہے جو اپنے اہل وعیال اور اولاد کو پالنے کے لیے خود بھوکا رہ کر یا روکھی سوکھی کھا کرگزارہ کرتا ہے؛ لیکن پوری کوشش کرتا ہے کہ اس کے بچوں کو اچھا کھانا، پینا، تعلیم اور تربیت میسر ہو. باپ کا مقام بیان کرتے ہوئے خاتم النبیین سرور عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ’’باپ جنت کے دروازوں میں سے ایک دروازہ ہے اگر تو چاہے تو اس دروازے کی حفاظت کر یا اس کو ضائع کردے ۔‘‘
ہر باپ کا یہی خواب ہوتا ہے کہ وہ اپنے بچے کو اعلیٰ سے اعلیٰ معیاری زندگی فراہم کرے؛ تاکہ وہ معاشرے میں باعزت زندگی بسر کرسکے اور معاشرتی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے باپ کی اِن قربانیوں کا صلہ ان کے ساتھ ادب سے پیش آکر، ان کے سامنے عاجزی اختیار کر کے دیں۔ والدین کے حقوق ادا کرنا درحقیقت اللہ کی تابعداری ہے ۔ پس اس لحاظ سے اللہ تعالیٰ کی خوشنودی باپ کی خوشنودی میں اور اللہ تعالیٰ کی ناراضگی باپ کی ناراضگی میں مضمر ہے۔ والد اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے اور باپ سچے جذبے اور صادق رشتے کا نام ہے، جس کا کوئی نعم البدل نہیں۔ باپ کا رشتہ ہر غرض بناوٹ اور ہر طرح کے تقاضے سے پاک ہوتاہے۔ اللہ رب العزت ہمیں صحیح معنوں میں والدین کی خدمت کی توفیق نصیب فرمائے، ان کا سایہ تادیر ہمارے سروں پر قائم و دائم رکھے اور اللہ تعالیٰ ہم سب کو والدین کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ (آمین)
Comments are closed.