"المعھدالعلمی النعمانی،بہرائچ” کوموصول ہونے والے فقہی مقالات

مفتی محمداشرف قاسمی
دارالافتاء:شہرمہدپور، اُجین،ایم پی
خانقاہ نعیمیہ بہرائچ(یوپی،انڈیا)کے مہروماہ کے تذکروں پر مشتمل اپنی کتاب *”ایسے اسلاف سے ملتا ہے ہمارا شجرہ”* کوآخری شکل دینے کے لیے محترم مفتی محمد زبیرصاحب ندوی کی میزبانی میں 2/اپریل 2021ء کوشہربہرائچ میں حاضری ہوئی،جہاں اپنے میزبان کے ذریعہ قائم کردہ مرکزِعلم وتحقیق *المعھد العلمی النعمانی* میں بھی خصوصی حاضری کاموقع ملااوروہاں مفتی صاحب موصوف کے ذریعہ قائم کردہ *”ون ایئر آن لائن افتاءکورس* کے مشارکین ومشارکات کی طرف سے مختلف وجدید موضوعات پرلکھے گئے فقہی مقالات کے مطالعہ و جائزہ کے ساتھ اسی شب میں ان مقالات سے گھنٹوں استفادہ کاموقع ملا۔
چونکہ دیگرمقامات و مہدپورمیں *دارالافتاء* میں تقریبا دودہائیوں سے فتوی نویسی کے ساتھ *مجددالف ثانی اکیڈمی* میں جامعاتی وغیرجامعاتی مقالات کے مطالعے وتحریر کا بھی راقم الحروف کودس سالہ خام تجربہ ہے ،بریں بنا
*المعھد العلمی النعمانی، بہرائچ* کو موصول ہونے والے مقالات کے سرسری وتنقیدی مطالعے کے بعد
پورے وثوق واعتماد کے ساتھ میراتأثرہےکہ:
*”یہ مقالات تحقیقی وفقہی لحاظ سے کافی معیاری ہیں اوران میں اکثر مقالات نہ صرف ایم فل،پی ایچ.ڈی۔ اور ڈِی۔لٹ کے تحقیقی مقالات کے مماثل ومتوازی ہیں بلکہ بعض مقالات جامعاتی تحقیقات پرفائق اوراپنی موجودہ شکل وصورت میں لائقِ اشاعت ہیں۔”*
مفتی صاحب موصوف کے مجموعۂ فتاوی *محقق ومدلل منتخب فتاویٰ* کی طباعت کے لیے بندہ کو فکر تھی۔ لیکن *ون ایئر آن لائن افتاء کورس* کے مشارکین کی طرف سے *المعھد العلمی النعمانی،بہرائچ* کوموصول ہونے والے وقیع مقالات(جوکافی ضخامت پرمشتمل اسٹڈی ٹیبل پرتہ بہ تہ رکھے تھے۔) کے بارے میں آرزو ہوئی کہ اگران کی بھی طباعت کی کوئی صورت پیدا ہوجائے ،تو فقہی وتحقیقی سرمایے میں ایک تاریخی اضافہ ہوگا۔ ان شاءاللہ
اس موقع پر *ون ایئر آن لائن افتاء کورس* کے مشارکین ومشارکات کی خدمت میں تہنیت وتبریک کے ساتھ ہی مولانا فضیل احمد صاحب ناصری کےایک شعرسےمیرِ کارواں و سالارِقافلہ محترم مفتی محمدزبیرندوی حفظہ اللہ
کومبارک باد پیش کرتاہوں۔ ع
ہمالے کی بلندی بھی تری رفعت پہ نازاں ہے
جوسچ کہئے توحیرت خیز ہے ذوقِ نموتیرا
فقط والسلام
کتبہ:محمد اشرف قاسمی،
خادم الافتاء:شہرمہدپور، ضلع:اجین(ایم پی)
6/اپریل2021ء
E.Mail: [email protected]
Comments are closed.