رمضان اللہ کا قیمتی تحفہ

عائشہ صدیقہ عبداللہ(کراچی)
رمضان المبارک کا مہینہ مسلمانوں کے لئیے حق تعالٰی شانہ کا بہت بڑا انعام ہے۔ رمضان المبارک برکتوں، رحمتوں، عافییتوں اور بڑا ہی اجرو ثواب کا مہینہ ہے۔ اگر ہم اس رحمت کے مہینے سے محروم ہو جائے تو یہ ہمارے لیئے بڑی ہی سنجیدگی کا باعث ہے۔
ایک حدیث میں ہے حضورؐ نے فرمایا کہ: اگر لوگوں کو یہ معلوم ہو جائے کہ رمضان کیا چیز ہے تو میری امت یہ تمنا کرے کہ سارا سال رمضان ہی ہو جائے۔
اس حدیث سے یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ رمضان کی کتنی برکات اور فضائل ہیں۔ رمضان المبارک عبادتوں کا مہینہ ہے اور اس میں کی جانے والی عبادت کا اجر تمام مہینوں سے افضل ہے۔ اللہ تعالٰی نے رمضان کے روزے فرض کیئے ہیں۔ اس میں قیام یعنی تراویح کو سنت قرار دیا ہے اور اس مہینے میں عبادت کی کثرت سے تاکید کی گئی ہے۔ اس مہینے میں نفل عبادت کا ثواب دوسرے مہینوں کے فرائض کے برابر ہے اور ایک فرض کا ثواب دوسرے مہینوں کے ستر فرائض کے برابر ہے اس لیئے ہمیں رمضان المبارک میں عبادات زوق و شوق سے دل سے لگن سے خشوع و خضوع سے ادا کرنی چاہیئے۔ یہ مہینہ صبر کا مہینہ ہے اور صبر کا بدلہ جنت ہے یعنی روزے کی حالت میں بھوک پیاس کی شدت کو صبر و استقامت سے برداشت کرنا اور اپنے نفس کو گناہوں سے دور رکھنا اس پر صبر کرنے کا بہت بڑا اجر ہے۔ رمضان کے مہینے کو مصیبت اور آفت سمجھنا اور اس میں عبادات سے غفلت انتہائی محرومی کی بات ہے۔ رمضان تو رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے۔ اس کے روزے رکھنے سے ہمارے اندر غم خواری اور ہمدردی کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔غریبوں، یتیموں اور مسکینوں کا احساس اجاگر ہوتا ہے۔اس بابرکت مہینے میں غریبوں اور مسکینوں کو زکوٰة اور فطرہ کے ذریعے ان کی مدد کرنے کا بہت ثواب ہے۔
ختمِ رمضان میں آگ سے خلاصی کی بشارتیں وارد ہوئی ہیں۔حضورؐ دو چیزیں مانگنے کا امر فرماتے تھے۔ جنت کا حصول اور دوزخ سے امن۔ رمضان کریم میں اللہ تعالٰی اپنے بندوں کو بہت سے انعام عطا فرماتے ہیں۔
روزے دار کی منہ کی خوشبو اللہ کے نزدیک مشک سے زیادہ پسندیدہ ہے۔
دریا کی مچھلیاں تک روزے دار کے لئیے دعا کرتی ہیں۔
جنت روزے دار کے لئیے ہر روز آراستہ کی جاتی ہے۔
سرکش شیاطین کے شر سے محفوظ کر دیئے جاتے ہیں اور رمضان میں رحمت کے جوش اور عبادت کی کثرت کی وجہ سے شیاطین بہکانے میں تھک جاتے ہیں۔
رمضان کی آخری رات میں روزے دار کی مغفرت کی جاتی ہے۔
رمضان المبارک میں دعائیں کثرت سے مانگنی چاہیئے اس بابرکت مہینے میں دعائیں قبول ہوتی ہیں اور روزے داروں کی دعائیں رد نہیں ہوتی۔
ایک روایت میں ہے۔ حق تعالٰی شانہ رمضان میں عرش کے اٹھانے والے فرشتوں کو حکم دیتے ہیں کہ اپنی اپنی عبادت چھوڑ دو اور میرے بندے کی دعا پر آمین کہا کرو۔
اللہ تعالٰی کی محبت تو دیکھیں کیسے کیسے وسیلے بنا دیتے ہیں اپنے بندوں کی خوشی کی خاطر پر ہم انسان اس کی رضا کے لئیے کیا ہم ایک مہینہ بھی دل لگا کر اس کے لئیے نہیں گزار سکتے؟
رمضان المبارک کتنا رحمتوں والا مہینہ ہےاللہ تعالٰی نے اس کی سحری میں رحمت، دن میں، بھوک میں، پیاس میں رحمت، برداشت میں رحمت، دعاؤں میں رحمت اور تراویح میں رحمت غزض تمام عبادات میں رحمت ہی رحمت نازل فرمائی ہے۔
اتنا عظیم ہے وہ رب کہ رمضان میں ہماری بخشش کے لئیے طاق راتوں سے اس نے ہمیں نواز ہے جس میں چند ٹوٹی پھٹی عبادات کر کے ہم جنت پا سکتے ہیں۔ اللہ پاک نے ہمیں جہنم سے خلاصی اور جنت کی خوشنودی حاصل کرنے کا ذریعہ بتایا۔اس میں سب سے افضل رات شبِ قدر کی رات مقدس رات عطا فرمائی جو کہ ہزار مہینوں سے افضل رات ہے۔اس میں کی گئی عبادت پر پچھلے تمام گناہ بخش دیئے جاتے ہیں ۔ یہ رات نجاتِ جہنم کی رات ہے اور مغفرت کی رات ہے۔
اس کے علاوہ اعتکاف کا بھی زیادہ ثواب ہے اور اس کی فضیلت اس سے زیادہ کیا ہوگی کہ بنی کریمؐ ہمیشہ اس کا اہتمام کیا کرتے تھے۔ رمضان کا مہینہ افضل مہینہ ہے اس لیئے اس میں عبادت کا زیادہ سے زیادہ اہتمام کرنا ضروری ہے اور جو رمضان المبارک کی برکتوں سے اپنی بداعمالیوں اور کوتاہوں کی وجہ سے محروم رہا اس کے لیئے ہلاکت ہے۔ اللہ تعالٰی ہم سب کو اس خاص مہینے کی رحمتیں ، برکتیں نصیب فرمائے ، ہماری دعاؤں کو قبول فرمائے، ہم گناہ گاروں پر اپنی رحمت نازل فرمائے اور یہ رمضان ہماری نجات کا سبب بنائے۔ آمین۔

Comments are closed.