ہمت مت ہارو

ام مسفرہ
امی اگرچہ کچن میں کھانا بنا رہی تھی مگر بار بار مڑ کر ارشد کی طرف دیکھ رہی تھی جو آن لائن کلاس اٹینڈ کر رہا تھا اور اس کا ریاضی کا پریڈ چل رہا تھا۔ سر کئی سوالات کر رہے تھے اور سمجھا بھی رہے تھے۔ ارشد جواب نہیں دے رہا تھا اور اسطرح منہ بسورے بیٹھا تھا جیسے ختم ہونے کا انتظار کر رہا ہو۔
جب کلاس ختم ہوئی وہ کچن کی طرف خوشی خوشی دوڑتا آیا "امی کچھڑی اور ٹماٹر کی چٹنی بنی کیا؟”
"اوہ تو تمہیں بھوک لگی ہے ؟” امی نے پوچھا
ہاتھ پیٹ پر پھیرتا آنکھیں مٹکاتا کہنے لگا
"ہاں بڑے زوروں کی ، خوشبو بھی بہت آرہی”
"اس لیے تمہارا دل ریاضیات میں لگ رہا تھا ”
"نہیں امی بس ریاضی بہت بور ہے۔ مجھے کچھ سمجھ نہیں آرہا۔ "اس نے منہ بنا کر کہہ دیا۔
امی نے کھانے کی پلیٹ پکڑا دی ” پچھلے سال تک تو تم کو "بہت پسند تھا پھر امسال کیا ہوا ”
"بس اب ریاضی میرا پسندیدہ نہیں رہا۔ بہت مشکل ہوتا جارہا ہے” وہ کھانا لے کر بیٹھ گیا اور پہلے ہی لقمے پر تعریف کرنے لگا۔
اسی شام امی برآمدے میں کپڑے ڈالنے گئی ۔ راشد سائیکل کھیل رہا تھا۔ اچانک امی کی نظر کسی چیز پر پڑی اور وہ مسکرانے لگی۔ راشد کو آواز لگائی۔ ” جی امی”وہ سائیکل رکانے لگا۔
بیٹا یہ کیا ہے؟
امی کے اشارے کو قریب سے دیکھ کر بولا "مکڑی کا جالا ہے”
"اور اسے کیسے ہٹاتے ہیں ذرا سائیکل سے نیچے اتر آؤ اور اسے ہٹا کر بتاؤ”
وہ ہنستے ہوئے بولا "آپ ڈر گئیں کیا” گھر سے جھاڑو لا کر صاف کردی۔
امی نے اس کے کندھے پر دونوں ہاتھ رکھ دیے۔ "بیٹا مکڑی نے کتنی محنت سے گھر بنایا تھا تم نے کتنی آسانی سے نکال دیا۔ کیا اب مکڑی ڈر جائے گی گھر نہیں بنائے گی”
"امی آپ بھی نا! مکڑی کا گھر کتنے بار بھی توڑو تب بھی وہ بناتی ہے۔” اسکی آنکھوں میں دیکھ کر امی کہنے لگی
"یہ مکڑی ہمیں سکھاتی ہے کہ ہمت نہیں ہارنا چاہیے۔ اگر ہماری کوشش ضائع بھی جاۓ تو نئے سرے سے شروعات کرنی چاہیے۔ اسی مکڑی کے نام کی اک سورہ قرآن میں سورہ العنکبوت کے نام سے ہے۔ الله کی یہ مخلوق تمہیں بھی کچھ کہہ رہی ہے”
"مجھے ؟ مجھے کیا کہنا چاہتی ہوگی” اس کے معصوم سے سوال پر امی کو پیار آیا
"یہی کہ ریاضی سے گھبراتے نہیں، نا ہی بور ہوتے ہیں۔ کوشش کرو، دل سے سر کو سنو جو نا سمجھے سر سے یا مجھ سے یا تمہارے ابو سے پوچھ لیا کرو اور بار بار مشق کرو۔ تمہیں ضرور دوبارہ دلچسپی آئے گی”
اس کی پیشانی کی لکیریں مٹنے لگی اور وہ مسکراتے ہوۓ اپنے امی سےلپٹ گیا۔
Comments are closed.