مالیگاؤں میں انڈین یونین مسلم لیگ کی بنیاد اور تاریخی سرگرمیاں

قائد ملت محمد اسماعیل (کیرالا) اور محبوب ملت غلام محمود بنات والا (ممبئی) کامالیگاؤں سے لگاؤ
مسلم لیگ سے وابستہ مالیگاؤں کی معروف دینی، تعلیمی، صنعتی، سماجی و سیاسی شخصیات کا مختصراً تعارف
ایس این انصاری، فری لانس رائٹر
سن 1947میں آزادی ہند کے بعد ملک میں اقلیتوں کی سماجی، سیاسی، معاشی و تعلیمی پسماندگی کو مد نظر رکھتے ہوئے مسلم قائدین و رہنماؤں نے دستور ہند بننے کے دوران اور پہلے انتخابات سے قبل ہی ایک سیاسی پلیٹ فارم قائم کرنے کی جدوجہد شروع کر دی تھی۔ جس کے بعد انڈین یونین مسلم لیگ سیاسی پارٹی کا قیام سن 1948میں عمل آیا جو ایک ملی اتحاد کی عظیم الشان مثال بنی۔ سن 1952سے لیکر آج تک مسلم لیگ کے اراکین راجیہ سبھا اور لوک سبھا کے انتخابات میں حصہ لیتے رہے اور کامیاب نمائندگی کرتے رہے ہیں۔ جس کی عمدہ مثالیں کیرالا ماڈل اور تامل ناڈو ریاستیں ہیں۔
سن 1948میں مدراس سے محروم قائد ملت محمد اسماعیل ؒ کی قیادت میں ملک بھر سے مسلم دانشوروں کے اتحاد کے ساتھ انڈین یونین مسلم لیگ کا قیام عمل میں آیا۔ مسلم لیگ کا مقصد ہندوستان کی تمام اقلیتوں خصوصی طور پر مسلمانوں کی سیاسی نمائندگی کرنا اور انھیں باوقار طریقے سے ملک میں آئینی حقوق و حکومت میں ساجھیداری کرنا۔ شہر مالیگاؤں میں مسلم لیگ گذشتہ پچاس برسوں سے متحریک ہے جس کے نقش پا آج بھی شہر میں موجود ہیں۔ ایسے مخلص افراد بھی موجود ہیں جنھوں نے تا حیات مسلم لیگ میں رہ کر وفاداری کا ثبوت پیش کیا۔
سن 1960میں مالیگاؤں مسلم لیگ کا قیام عمل میں آیا۔ اس وقت کی معروف سماجی شخصیت مرحوم مبین احمد خان غازی(مینا نگر) نے مسلم لیگ کی بنیاد رکھتے ہوئے مسلم لیگ کا تعارف عوام کے درمیان پیش کیا۔ انھوں نے بطور آزاد امیداور اسمبلی اور پارلیمنٹ کا الیکشن لڑا۔ بعد ازاں شہر میں ریلوے لائن کی تحریک کی شروعات کی۔ شہر کی ترقی کا خواب دیکھنے اور جدوجہد کرنے والے درد مند افراد نے مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کرنا شرو ع کردی۔ موصوف کے صاحبزادوں میں غازی امان اللہ خان اور غازی اعتضاد خان آج بھی میدان سیاست میں سرگرم عمل ہیں۔
سن1962میں شہر کی معروف دینی، تعلیمی و صنعتی گھرانے کے مرحوم حاجی عبدالرحیم سیٹھ (نیاپورہ) نیشنل پل والے مسلم لیگ کے صدر بنے۔ موصوف کی ملی سرگرمیوں اور قومی خدمات کو دیکھتے ہوئے بانی انڈین یونین مسلم لیگ مرحوم محمد اسماعیل ؒ تین مرتبہ مالیگاؤں تشریف لائے اور ان کے مکان پر قیام کیا تھا۔ محمد اسماعیل صاحب نے شہر کی قدیم اردو لائبریری کا دورہ بھی کیا تھا۔جس کا ذکر اردو لائبریری کی کتابوں میں موجود ہے۔ دوسری جانب مرحوم غلام محمود بنات والا بھی کئی مرتبہ شہر تشریف لائے اور ان کا پہلا جلسہ قدوائی روڈ پر پرتیما فوٹو اسٹوڈیو کے پا س منعقد ہوا تھا۔ مرحوم حاجی عبدالرحیم ان زمانہ میں ڈی آئی آر کے تحت ناسک کی جیل میں دو ماہ تک قید رہے۔
سن 1969میں عبدالواحد انصاری (ناز پرفیومرس، کمہار باڑہ) مسلم لیگ کے صدر بنے اور مشاورت چوک میں خدام المسلمین دواخانہ جاری کیا۔ سن 1971میں خدام المسلمین کا نام تبدیل کر کے الشفاء امدادی دواخانہ رکھا گیا۔ جسے جماعت اسلامی کی زیر نگرانی دے دیا گیا۔ مرزا غالب روڈ بڑی مکہ مسجد کے شاپنگ سینٹر میں عرفات ایجوکیشنل سو سائٹی کے زیر اہتمام صغراحجن امدادی دواخانہ جاری کیا گیا۔ شہر میں رکشا پر پہلا گشتی امدادی دواخانہ مضافات میں طبی خدمات کیلئے جاری کیا گیا تھا۔ جس کے ذمہ داران میں ہمدانی شکیل احمد (سابق صدر)، امین انصاری (نائب صدر) اور ان کے رفقاء کے ساتھ مل کر سماجی خدمات انجام دیتے رہے۔
مالیگاؤں کی نامور ادبی، تعلیمی، سماجی و سیاسی شخصیت احمد نسیم مینا نگری بھی مسلم لیگ کے متحرک رکن تھے۔ سن 1977میں مہاراشٹر کے اسمبلی انتخابات میں حصہ بھی لیا تھا۔ مرحوم مثبت سوچ و فکر کے مالک تھے اور انھو ں نے کئی کارہائے نمایاں انجام بھی دئیے۔ ان ہی کی جدوجہد سے مسلم لیگ کے پرچم تلے بنکر بازار، عزیز کلو اسٹیڈیم، امبیڈکر پل اور کئی تعمیری کام وجود میں آئے۔ موصوف کو شعر و شاعری سے بھی خاصا لگاؤتھا۔ ان کے تین شعری مجموعے خاک رنگ، زر خواب اور شعور حیات آج بھی ان کے خیالات کی عکاسی کرتے ہیں۔ مسلم لیگ کیلئے کئی اخبارات میں لکھتے بھی رہے جس میں انوار مطلع، ثبات اور شناخت قابل ذکر ہیں۔
سن 1979سے 1981تک ہمدانی شکیل احمد (ایڈیٹر، مالیگاؤں کل اور آج) مالیگاؤں مسلم لیگ کے صدر رہے۔ جس وقت پیغمبر اسلام کی شان میں گشتاخی کی گئی تھی اس وقت مسلم لیگ نے شہر مالیگاؤں سے جیل بھرو آندولن شروع کیا تھا۔ اس تحریک نے پورے مہاراشٹر ہلچل مچا دی تھی جس کا ذکر غلام محمود بنات والا نے اورنگ آباد اجلا س میں کیا تھا۔مسلم لیگ کی پہلی خاتون کارپوریٹر نجمہ بیگم گولڈن نگر سے بنی۔ بعد ازاں شہر مالیگاؤں کے بیباک صحافی سمیع اللہ انصاری (ایڈیٹر، ہاشمی آواز) مسلم لیگ کے مقامی صدر بنے۔ مالیگاؤں کارپوریشن الیکشن سن2001میں مسلم لیگ کے کارپوریٹر بنے۔ بہترین نمائندگی و کارکردگی کی بدولت مسلم لیگ کے ریاستی صدر و سیکریٹری کے عہدے پر فائز رہے۔ ایک زمانہ تک ہاشمی آواز اخبار مسلم لیگ کی ترجمانی کرتا رہا۔
فی الحال مالیگاؤں ڈیولپمنٹ فرنٹ کے ترقی پسندو تعلیم تافتہ نوجوانوں نے مسلم لیگ کی قیادت اپنے ہاتھوں میں لی ہے۔مالیگاؤں مسلم لیگ میں احتشام شیخ بیکری والا(صدر)، عمران راشد، ساجد نعیم (نائب صدر)، صابر ماسٹر(سیکریٹری)، ندیم شیخ، وسیم موسی(جوائنٹ سیکریٹری)، ابوذر غفاری(خازن)، اعجاز شاہین (ترجمان)و دیگر نئے پرانے ممبران شامل ہیں۔ آئند کارپوریشن انتخابا ت میں مسلم لیگ قابل و لائق امیدواروں کو موقع فراہم کرے گی۔ شہر کی مقامی سیاست سے بیزار اور ترقی کا خواب دیکھنے والے شہریان کیلئے مسلم لیگ بہتر متبادل ہے جس کا مقصد ہر شعبہ میں شہر کی ترقی ہے۔

Comments are closed.