23مارچ کاپیغام

سمیع اللہ ملک
اس دنیامیں بسنے والے تمام انسان اوّل سے آخرتک دو قوموں میں تقسیم ہیں ایک وہ قوم ہے جودین اسلام کومانتی ہے جس کو مومن ومسلم کہاجاتاہے جبکہ دوسری قوم وہ ہے جودین اسلام کا انکارکرتی ہے جس کوکافرکہاجاتا ہے۔ قرآن کریم کا واضح اعلان ہے کہ:اللہ وہی ہے جس نے تم کوپیداکیا(جس کاتقاضہ تھاکہ اس پرسب ایمان رکھتے اورسب مومن ہوتے لیکن)پھرتم میں سے بعض کافر ہوگئے اور بعض مومن رہے۔اس آیت سے معلوم ہواکہ انسانوں کی تخلیق کے ابتدائی دورمیں کوئی انسان کافرنہ تھا،یہ کافراور مومن کی تقسیم بعد میں کچھ لوگوں کے کافرہوجانے سے وجود میں آئی۔یہی بات اس حدیث میں بیان فرمائی گئی ہے ہربچہ فطرت سلیم پرپیداہوتاہے(جس کاتقاضہ مومن ہوناہے)پھراس کے ماں باپ اس کویہودی یاعیسائی وغیرہ بنادیتے ہیں۔
قرآن مجید کی اس بالامذکورہ آیت سے معلوم ہواکہ تمام انسان دوقوموں میں تقسیم ہوگئے ہیں کافراورمومن اوراس تقسیم کاسبب کفر ہے ورنہ ابتداسب مسلمان تھے اورکفرکی وجہ سے مومن برادری سے خارج ہوگئے جبکہ مسلمان خواہ کسی ملک اورخطے کاہو کسی بھی رنگ اورقبیلے کاہو،کوئی زبان بولتاہو،ان سب کوقرآن نے ایک برادری قراردیا۔ ارشاد ہے:مسلمان تو سب(ایک دوسرے کے)بھائی ہیں اوردوسری طرف اسلام نے قیامت تک کیلئے یہ قانون بنادیاکہ مسلمان وکافراگرچہ آپس میں باپ بیٹے یاحقیقی بھائی ہوں تب بھی وہ ایک دوسرے کے وارث نہیں ہوسکتے۔
نبی اکرمﷺ کا ارشاد ہے کہ: مسلمان کافرکاوارث نہیں ہوسکتااورکافرمسلمان کاوارث نہیں ہوسکتا۔کافر کوئی بھی عقیدہ رکھے ایک ہی ملت ہیں۔حدیث میں ارشادہے کہ:کفرایک ملت ہیں۔ اس طرح قرآن و سنت نے دنیاکے تمام انسانوں کودوالگ الگ ملتوں میں تقسیم کرکے فیصلہ کردیاکہ مسلمان ایک ملت اورکافردوسری ملت ہیں اس کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کافروں کے ساتھ حسن سلوک،انصاف،خیرخواہی،مدارات توکرولیکن محبت و دوستی کسی صورت میں تمہارے لئے جائزنہیں ہے اورنہ ہی ان کواپنا رازداربناؤاورنہ ہی ان کے طورطریقے اختیارکروبلکہ جو کفارتم سے لڑے تمہارے دین کے درپے ہوں ان کے ساتھ جنگ کرو۔ایسے کافروں کے بارے میں قرآن نے ہدایت کی ہے کہ ہم حضرت ابراہیم اوران کے اصحاب کی تقلید کریں جنہوں نے اپنے ایسے ہی کافر ہم وطنوں اوراہل خاندان سے صاف کہہ دیا تھا کہ: ہم تم سے اوران(بتوں)سے بیزارہیں جن کی تم اللہ کے سواعبادت کرتے ہوہم تمہارے منکرہیں اورجب تک تم اللہ واحد پرایمان نہ لاگے ہمارے اورتمہارے درمیان ہمیشہ کھلم کھلا عداوت اوردشمنی رہے گی(المتحنہ:4)
عہدرسالت اورخلافت راشدہ میں کافروں سے جتنے جہادہوئے وہ اسی دوملی نظریہ پرمبنی تھے۔ساری صلیبی جنگیں اسی بنیادپر لڑی گئیں۔انبیاسابقین کوکافروں سے جتنے معرکے پیش آئے ان سب میں یہی دوملی نظریہ کارفرماتھا۔
دنیا میں مدینہ پہلی اسلامی ریاست تھی جو کہ اسی نظریہ کی بنیاد پر قائم ہوئی تھی اس کے بعد مملکت خداداد پاکستان وہ ریاست ہے جوکہ اسی نظریہ کی بنیادپرقائم ہوئی۔اس وقت دنیامیں جوممالک موجودہیں ان سب کی بنیادجغرافیائی سرحدیں ہیں جوکہ دراصل مغرب کانظریہ ہے اہل مغرب نے خاندانی،نسلی اورقبائلی بنیادوں میں ذراوسعت پیداکرکے قومیت کی بنیادیں جغرافیائی حدودپراستوارکیں جبکہ پاکستان کی بنیادنہ تورنگ زبان ونسل ہے اورنہ ہی جغرافیائی حدودبلکہ اس کی بنیادلاالہ الا اللہ ہے۔ کہ ایک عقیدہ اورایک کلمہ کی بنیادپرجو قوم بنی ہے یعنی امت مسلمہ اورملت اسلامیہ وہ سب اس مملکت کے باشندے ہیں۔
اسی نظریہ کی بنیادپربرصغیرہندوپاک کے مسلمانوں نے طویل قربانیوں کے بعداس مملکت کوحاصل کیا۔برصغیرمیں مسلمان ہزار سال حکومت کرنے کے بعدجب حکمرانوں اور بادشاہوں کی کوتاہیوں اوردین سے دوری کے باعث غلام بن گئے اورانگریزکاغلبہ ہوگیاجوکہ تقریباڈھائی سوسالوں پرمحیط عرصہ ہے۔ اس عرصہ میں مسلمانوں کے قائدین ومفکرین اورعلمانے آزادی کی جدوجہد مسلسل جاری رکھی۔1885میں ہندوں نے کانگریس کی بنیاد ڈالی اور ظاہر یہ کیا کہ وہ ملک کی تمام قوموں کو ان کے حقوق دلوائیں گے لیکن بعدمیں پتہ چلاکہ وہ صرف اپنے حقوق کا تحفظ چاہتے ہیں۔ان حالات میں 1906میں کل ہندمسلم لیگ کے نام سے مسلمانوں کی الگ تنظیم کی بنیاد ڈالی گئی۔
اسی زمانے میں پہلی جنگ عظیم چھڑگئی جس میں انگریزکامقابلہ جرمنی سے ہوااورترکی نے جرمنی کاساتھ دیا،ہندوستان کے مسلمان چونکہ ترکی کے سلطان کوحجازکی خدمت کرنے کی وجہ سے خلیفہ اسلام سمجھتے تھے اسی لئے انہوں نے مالی اور طبی امدادبہم پہنچائی جس کی وجہ سے حکومت برطانیہ کومسلمانوں سے عنادپیداہوگیالیکن انہوں نے مسلمانوں سے وعدہ کیاکہ ہم کواس جنگ میں کامیابی ملی توترکی کوکوئی نقصان نہیں پہنچائیں گے لیکن یہ ان کاوعدہ فریب تھا۔جب انگریزکوفتح ملی توانہوں نے ترکی کی سلطنت کے ٹکڑے ٹکڑے کردیئے۔ ہند کے مسلمانوں کواس فریب کی وجہ سے سخت تکلیف پہنچی اورانہوں نے خلافت کے تحفظ کیلئے مولانامحمدعلی جوہراوران کے بڑی بھائی مولاناشوکت علی کی رہنمائی میں تحریک خلافت شروع کی لیکن اسی زمانے میں ہندوں نے مسلمانوں کوہندوبنانے کیلئے شدھی تحریک شروع کی اورمسلمانوں کوختم کرنے کیلئے سنگٹھن کی تحریک بھی شروع کی۔
پھر1928میں کانگریس نے جوہندورپورٹ شائع کی اس میں مسلمانوں کیلئے علیحدہ نمائندگی کااصول جووہ بارہ سال قبل تسلیم کر چکے تھے بالکل نظراندازکردیاتوپھرمسلمانوں میں بڑاجوش پیداہوااورانہیں یقین ہوگیاکہ چونکہ ان کادین ان کی تہذیب اوران کی معاشرت سب کچھ مسلمانوں سے مختلف ہے اس لئے کسی حالت میں ہندوں سے تعاون نہیں ہوسکتا چنانچہ 1930میں مسلم لیگ کے الہٰ آباد والے اجلاس میں علامہ اقبال نے مسلمانوں کیلئے ایک علیحدہ وطن(پاکستان) بنانے کی تجویزپیش کی،چارسال کے بعد جب قائداعظم محمد علی جناح نے مسلم لیگ کی صدارت کامستقل عہدہ قبول کیاتوانہوں نے اس تجویزکوعملی جامہ پہنانے کی کوشش شروع کردی۔آخرکار23مارچ 1940کوانہوں نے لاہورکے اجلاس میں واضح طورپراعلان کردیاکہ جن علاقوں میں مسلمانوں کی اکثریت ہے وہاں ایک آزادمسلم ریاست قائم کی جائے ۔اس اعلان کوقرارداد پاکستان کہتے ہیں جس کی رو سے مسلمانوں کی آزاد اورخودمختارحکومت قائم کرنے کافیصلہ ہوا،اورمسلمانوں نے یہ نعرہ بلندکردیاکہ پاکستان کامطلب کیا:لا الہ الا اللہ۔اس زمانے میں ہندوکانگریس نے مسلمانوں کواپنی اکثریت کے جال میں پھانسنے کیلئے ہندومسلم بھائی بھائی کانعرہ چلتاکیاتومسلمانوں نے مسلم مسلم بھائی بھائی کاجوابی نعرہ بلندکیاجس سے پورابرصغیر گونج اٹھا،یہ صرف جذباتی نعرہ نہ تھابلکہ یہ مسلمانوں کے عقیدے اورایمان کی آوازاورسیاسی منشورکا عنوان تھا۔
یہ قرآن وسنت کاعطاکردہ دوملی نظریہ تھا،اسی نظریہ کی طاقت پرمسلمانوں نے بیک وقت تین طاقتوں انگریزوں،ہندوں اور سکھوں سے چومکھی لڑائی لڑکرپاکستان حاصل کیا۔یہی وہ نظریہ ہے جس پراس مملکت کاوجودمنحصرہے بلکہ امت مسلمہ کا وجوداس کی ترقی اورکامیابی بھی اسی نظریہ پرقائم رہنے پرہے اوریہ وہ طاقت ہے جس کامقابلہ دنیاکی باطل قوتیں نہیں کرسکیںاورہماراشاندارماضی اس پرشاہدہے کہ یہی وہ اسلامی برادری اورایمان اخوت تھی جس نے تھوڑے ہی عرصے میں مشرق و مغرب شمال وجنوب،کالے وگورے،امیر و غریب،عرب وعجم کے بے شمارافرادکوایک لڑی میں پرودیااورمسلمان دنیاکی سب سے بڑی طاقت بن گئے جب مسلمانوں نے اس میں کمزوری دکھائی توہرجگہ پسپائی سے دوچار ہوناپڑااوردشمنوں نے رنگ وزبان وطن اورعلاقہ نسب وقبائل کے مختلف ٹکڑوں میں تقسیم کرکے ان کوباہم ٹکرادیا۔اسپین سے مسلمانوں کی ہزارسال کی حکومت کاخاتمہ اسی وجہ سے ہوا،ترکی کی خلافت عثمانیہ اسی ٹکراؤکے نتیجہ میں پارہ پارہ اورپھوٹ کی نذرہوئی اورسقوط مشرقی پاکستان کے المناک سانحہ کیلئے بھی بھارت نے اسی وطنی اورلسانی قومیت کوآلہ کاربنایا ۔اب موجودہ پاکستان میں لسانی اوروطنی قومیت کے نئے بت تراش لئے گئے ہیں جن کی بنیادپرمسلمانوں کی ملت واحدہ کوپھرٹکڑے ٹکڑے کرنے کی سازش جاری ہے۔لسانی اور وطنی عصبیتوں نے ایسااندھاکردیا ہے کہ مشرقی پاکستان کی طرح اب پھربھائی بھائی کاگلاکاٹ رہاہے۔
حالانکہ رسول اللہ ﷺ نے حجتہ الوداع میں بڑی دل سوزی سے یہ وصیت فرمائی تھی کہ:میرے بعدکافرنہ ہوجاناکہ آپس میں ایک دوسرے کے گلے کاٹنے لگو۔جن گھناؤنی عصبیتوں کاصورپھونکاجارہاہے،ان کے بارے میں رسول اللہ ﷺ کایہ ارشادہرمسلمان تک پہنچ جاناچاہئے کہ:وہ شخص ہم میں سے نہیں جوعصبیت کی طرف بلائے اوروہ شخص ہم میں سے نہیں جس کی موت عصبیت پرآئے۔
اس صورتحال کی پشت پرہمارے دشمنوں کی سازشیں توکارفرماہیں ہی لیکن یہ بھی ایک واقعہ ہے کہ کوئی بیرونی سازش اس وقت تک کامیاب نہیں ہوسکتی جب تک اسے ہماری ایسی کمزوریاں ہاتھ نہ آجاتیں جن کے ذریعہ وہ اپنے مکروفریب کاتانابانابن سکیں۔اس حقیقت سے انکارنہیں کیاجاسکتاکہ ہماری سب سے بڑی کمزوری وہ ظلم بدعنوانیاں اورحق تلفیاں ہیں جن کاموجودہ سرمایہ دارانہ اورجاگیردارانہ نظام بازارمیں گرم ہے اورجواس ظالمانہ نظام کی بے دین فضانے قدم قدم پرپھیلا رکھی ہیں۔نئی نسل اس صورت حال پرمضطرب ہے اوراس اضطراب کوبنیادبناکربیرونی سازشوں نے اس پرلسانی اورصوبائی عصبیت کاجال پھینکا ہے۔
ہمارااصل مسئلہ پنجابی پٹھان سندھی یامہاجرنہیں،ان میں سے کسی طبقہ کوعلی الاطلاق ظالم اوردوسرے کوعلی الاطلاق مظلوم قراردیناپرلے درجے کی بے انصافی ہے بلکہ ہمارااصل مسئلہ وہ بے دینی اورخدافراموشی ہے جوظالم کوبے خوف وخطرظلم پر آمادہ کرتی ہے،یہی وہ ذہنیت ہے جس نے ہرجگہ مظالم اورحق تلفیوں کابازارگرم کیاہواہے۔یہی ذہنیت دوسروں سے ہروقت اپنے نام نہادحقوق کامطالبہ کرتی رہتی ہے لیکن اسے نہ اپنے فرائض کاکوئی احساس ہے نہ دوسروں کے حقوق کاپاس۔اس سب کاعلاج یہ ہے کہ نظریہ پاکستان کوحقیقی جامہ پہناکرقرآن وسنت پرمبنی اسلام کے نظام معیشت اورنظام عدل کوعملًانافذ کرکے ان مظالم بدعنوانیوں اورحق تلفیوں کاخاتمہ کردیاجائے۔
اس وقت اگرآپ پاکستانی سیاست کاتجزیہ کریں توہمیں تاریخی آئینہ سے جس چہرے کے خدوخال نظرآتے ہیں وہاں پچھلی سات دہائیوں سے زائداوفوبالعہدکا جس بری طرح تمسخراڑایاگیاہے،کس طرح غلط لوگوں کی حکومت،غلط سوچ اورغلط پالیسیوں کی بنا پرارضِ وطن میں دہشتگردی میں خون کی ہولی نے ساری دنیامیں پاکستان کوبدنام کرکے رکھ دیا ہے اورانہی وجوہات کی بنا پرملکی تجارت کوتباہی کے دہانے پرپہنچادیاہے اورغلط معاشی اورسودی پالیسیوں کی بنا پرعالمی مالیاتی اداروں نے نہ صرف درپردہ غلام بناکررکھ دیاہے بلکہ غیرپیداواری معاشی ثقافت نے پاکستان کے آپریشنل باڈی کوناکارہ بناکررکھ دیاہے۔اس کے وجوداورآزادی کواس کے اپنے سیاسی حکمران چیلنج کررہے ہیں۔اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستان کی قومی آزادی،سالمیت اورمستقبل کولاحق خطرات کوروکنے کیلئے نفرت انگیزاجتماعی نظریات کے سدباب کیلئے ایک ایسی منظم مہم کی ضرورت ہے جس کیلئے ہم نے
اپنے رب سے یہ وعدہ کیاتھاکہ ہمیں ایساخطہ ارض عنائت کیاجائے جہاں ہم بندوں کوبندوں کی غلامی سے نکال کراللہ کی غلامی میں لاسکیں جس کیلئے ضروری ہے کہ سازشوں،معاشی غنڈہ گردی،سیاسی قتل وغارت اوربیک ڈورسازشوں کے ذریعے اقتدارحاصل کرنے کیلئے غیرملکی آقاؤں کے احکام بجالانے والوں سے نجات حاصل کرکے اپنے رب کے بتائے ہوئے احکام کی تعمیل کیلئے آج کے دن توفیق کی دعاکی جائے۔23مارچ کویوم پاکستان مناتے ہوئے ایسے تجدیدعہدکی ضرورت ہے جہاں ہم اس کرپٹ نظام سے چھٹکارہ حاصل کرنے کیلئے اپنی قومی آزادی اورپائیدارمستقبل کیلئے قرآن کواپنآئین قراردیں۔اسی میں اس مملکت کی بقااورترقی پوشیدہ ہے اوریہی 23مارچ کاپیغام ہے۔

Comments are closed.