غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری ، ۸؍شہید ۴۰؍ سے زائد زخمی، حماس کا منہ توڑ جواب دینے کا اعلان

غزہ پٹی۔۵؍ اگست: غزہ پر اسرائیل کی ایک بار پھر بمباری جاری ہے۔ فلسطینی صحافیہ آیا اسلیم کی رپورٹ کے مطابق شعبہ صحت نے رپورٹ دی ہے کہ ۸؍ فلسطینی اسرائیلی بمباری میں شہید اور ۴۴ کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔ شہید ہونے والوں میں کئی بچے بھی شامل ہیں۔ بتایاجارہا ہے کہ پیر کی شام اسرائیلی فوجیوں نے ایک رہائشی عمارت کو اپنی جارحیت کا نشانہ بنایا ہے جس میں ’سرایا القدس‘ کے رہنما تیسرالجبری بھی شہید ہوگئے ہیں۔ اسرائیلی بمباری پر حماس کے ترجمان نے کہا کہ قابض فوج اسلامی جہاد تحریک کے اہداف پر بمباری کر کے سرخ لکیر عبور کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بمباری کے بعد کوئی جنگ بندی نہیں ہوگی، ہم مزاحمت کےلیے متحد ہے اور لڑنے جا رہے ہیں، اب کوئی ثالثی نہیں ہوگی ، اسرائیل نے جنگ شروع کر دی ہے اور اسے ذمہ داری اٹھانی ہوگی۔ ادھر فلسطینی میڈیا نے بتایا کہ قابض فوج نے غزہ کی پٹی کے شمال اور جنوب میں القدس بریگیڈز کے رسد گاہوں اور مقامات کو نشانہ بنایا، اور اس ہدف کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں متعدد ہلاکتیں ہوئیں۔بمباری کی وجہ سے فلسطینی سڑکوں پر نکل آئے اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی۔ فلسطینی صحافیہ آیا اسلیم نے ٹوئٹر پر دنیا کے مسلمانوں سے درخواست کرتے ہوئے لکھا کہ ’’اللہ غزہ کے لوگوں اور ان کے اہل خانہ کی حفاظت فرمائے، آمین۔ ہم غزہ میں زمین پر ہیں اور بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں کہ حالات کیسے آگے بڑھتے ہیں۔ براہ کرم غزہ کے بہادر، حوصلہ مند لوگوں کو اپنی دعاؤں میں رکھیں اور اس مقدس سرزمین اور اس کے لوگوں کی حفاظت کریں‘‘۔
Comments are closed.