نوپور شرما معاملہ :صحافی سمیع اللہ خان کے ٹوئٹ پر ممبئی سی آئی ڈی کا نوٹس

ممبئی۔ ۱۹؍اگست: نوپور شرما کی شان رسالت میں گستاخی کا معاملہ ہنوز سرخیوں میں ہے، اس سلسلے میں اب معروف اور بیباک صحافی سمیع اللہ خان کے ٹویٹ پر ممبئی کی سی آئی ڈی برانچ نے نوٹس بھیجا ہے، سمیع اللہ خان نے گستاخ نوپور شرما کے خلاف یہ ٹویٹ تب لکھا تھا جب وہ اس کی گستاخی کے خلاف ٹرینڈ چلا رہے تھے اور یہ ٹرینڈ عالمی سطح پر بھی پہنچا تھا، نوپور شرما کی گستاخی کے بعد صحافی سمیع اللہ خان نے اس بابت بیداری پھیلانے کے لیے #StopInsultingProphetMuhammad کے ہیش ٹیگ سے ٹرینڈ مہم چلائی تھی، اسی ہیش ٹیگ میں جو ٹویٹ انہوں نے ۵جون کو کیا تھا، سی آئی ڈی نے اسی ٹویٹ کے خلاف پہلے قدم کے طور پر ٹویٹر مینجمنٹ کو نوٹس بھیجا ہے، جس میں سی آئی ڈی سوشل میڈیا لیب نے دعویٰ کیا ہے کہ نوپور شرما کے خلاف سمیع اللہ خان کا یہ ٹویٹ ہندوستان کی انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کے خلاف ورزی ہے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ سمیع اللہ خان کے جون مہینے میں کیے گئے ٹویٹ پر ممبئی سی آئی ڈی اگست میں حرکت میں آ رہی ہے جبکہ ٹویٹ میں صرف نوپور شرما کی رسول اللهﷺ کی شان میں کی گئی بدتمیزی اور بدزبانی کے خلاف آواز اٹھائی گئی ہے، لیکن اب اچانک اس پر نوٹس آ رہا ہے وہ بھی ممبئی کی جانچ ایجنسی کی طرف سے اسے مہاراشٹر میں سرکار تبدیلی کے بعد بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد کے بدلاؤ کے طور پر بھی دیکھا جارہا ہےایک طرف جہاں نوپور شرما کی بدزبانی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے، وہیں شرمناک طور پر نوپور شرما کے خلاف آواز اٹھانے والے اور مہم چلانے والے ملت اسلامیہ کے متحرک و مخلص افراد کو ہراساں اور خوفزدہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔نوپور شرما معاملے کو اجاگر کرنے کے بعد آلٹ نیوز کے جرنلسٹ محمد زبیر کو بھی دیگر مقدمات میں پھنسانے کی کوشش کی گئی تھی اور اب اسی معاملے میں بیداری کی مہم چلانے کی وجہ سے صحافی سمیع اللہ خان کے ٹویٹ پر نوٹس بھیجی گئی ہے۔

Comments are closed.