دہلی اور جموں کشمیر پولس نے حوالہ آپریٹر کو گرفتار کیا

 

دہشت گرد تنظیم لشکرطیبہ اور البدر کو حوالہ کے ذریعہ مبینہ ٹیررفنڈنگ کرنے کا الزام

نئی دہلی۔۱۹؍اگست: دہلی پولیس اور جموں وکشمیر پولیس کے جوائنٹ آپریشن میں دہشت گرد تنظیم لشکر طیبہ اور البدر کے ٹیرر فنڈنگ کے لئے کام کرنے والے ایک حوالہ آپریٹر کو گرفتار کیا گیا ہے۔ دہلی پولیس کی اسپیشل سیل کی ٹیم نے دہشت گرد تنظیموں کے لئے حوالہ لین دین کرنے والے گرفتار شخص کی شناخت محمد یٰسین (48 سال)، باشندہ گلی نلبندن، ترکمان گیٹ، دہلی کے طور پر کی گئی ہے۔ محمد یٰسین پیشے سے گارمنٹ تاجر ہے اور دہلی کے مینا بازار سے کام کرتا ہے۔دہلی پولیس کے اسپیشل سیل کے اسپیشل کمشنر ایچ جی ایس دھالی وال کے مطابق اطلاع ملی تھی کہ جموں وکشمیر میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کو بڑھاوا دینے کے لئے حوالہ منی کو دستیاب کروایا جارہا ہے۔ اس کو آپریٹ کرنے کا کام دہلی کے مینا بازار سے کام کرنے والا محمد یٰسین نامی شخص کر رہا ہے۔اس اطلاع کی بنیاد پر ایس پی للت موہن نیگی اور اے سی پی ہردے بھوشن کی نگرانی میں دہلی رینج کے اسپیشل سیل کے انسپکٹر سنیل کمار راجین اور انسپکٹر ہروندر جوشی کی قیادت میں ٹیم کی تشکیل کی گئی۔ جانکاری ملی کہ محمد یٰسین جو کہ باشندہ گلی نلبندن، ترکمان گیٹ، دہلی کا رہنے والا ہے، وہ دہشت گرد تنظیم لشکر طیبہ اور البدر کے ٹیرر فنڈنگ سے متعلق حوالہ لین دین میں ایک ایجنٹ کے طور پر کام کرتا ہے۔

Comments are closed.