ملک کے معروف عالم دین مفتی عبیداللہ اسعدی کو جامعہ عربیہ سراج العلوم آٹا کلاں کا سرپرست اور مجلس منتظمہ کا صدر مقرر کیا گیا

سنت کبیر نگر (پریس ریلیز) ملک کے معروف عالم دین، جامعہ عربیہ ہتھوڑا باندہ کے شیخ الحدیث اور اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا کے سکریٹری مفتی عبیداللہ اسعدی کو جامعہ عربیہ سراج العلوم آٹا کلاں ضلع سنت کبیر نگر کا سرپرست اور مجلس منتظمہ کا صدر مقرر کیا گیا، یہ فیصلہ آج جامعہ ہذا میں منعقدہ مجلس منتظمہ کی میٹنگ میں کیا گیا، یہ اطلاع جامعہ عربیہ سراج العلوم آٹا کلاں کے ناظم مولانا صغیر احمد نظامی نے اپنے پریس ریلیز کے ذریعے دی. انہوں نے کہا کہ آج کا دن بہت ہی بابرکت تھا آج مفتی صاحب جامعہ کے معائنہ کے لیے تشریف لائے تھے، اس موقع پر کارکنان مدرسہ نے مفتی صاحب کی آمد کو غنیمت جانتے ہوئے ایک چھوٹا سا پروگرام منعقد کیا جس میں علاقہ کے علماء کرام و دانشوران عظام کی ایک بڑی تعداد شریک ہویی اس کے علاوہ قرب و جوار کے مکاتب کے اساتذہ و ذمہ داران بھی شریک ہوئے، کارکنان مدرسہ نے اتفاق رائے سے مفتی عبیداللہ اسعدی صاحب کا نام سرپرست اور مجلس منتظمہ کے صدر کے منصب کے لیے پیش کیا جسے مفتی صاحب نے قبول کیا، مولانا نظامی نے مزید کہا کہ یہ ادارہ اس علاقے کا ایک قدیم اور بڑا ادارہ ہے، جو کہ لاک ڈاؤن اور کورونا وبا کی وجہ سے تعطل کا شکار تھا لیکن اب ایک بار پھر سے نشاۃ ثانیہ ہوئی ہے اور اب مناسب سمجھا گیا کہ ادارہ کو منظم اور معیاری بنانے کے لیے ایک تجربہ کار اور بڑے عالم دین کو سرپرست بنایا جائے تاکہ ادارہ ان کے مشورہ کے مطابق چلے، اس سلسلے میں کارکنان مدرسہ نے اتفاق رائے سے مفتی عبیداللہ اسعدی صاحب کا نام پیش کیا جسے سبھوں نے پسند کیا اور یہ ہم سبھوں کی خوش قسمتی ہے کہ مفتی صاحب نے ہماری درخواست کو قبول کرتے ہوئے سرپرستی اور صدارت کے منصب کو زینت بخش دیا، مفتی صاحب نے اپنی مختصر گفتگو میں ادارہ کی نشاۃ ثانیہ پر اپنی بے انتہا خوشی و مسرت کا اظہار کیا اور کارکنان مدرسہ سمیت ناظم مولانا صغیر احمد نظامی کو مبارکباد پیش کی اور ادارہ کی تعمیر و ترقی میں اپنے ہر قسم کے تعاون کا مکمل یقین دلایا.
Comments are closed.