وزیراعلی مہاراشٹر ایکناتھ شندے کی رہائش گاہ کے قریب کانگریس کا زبردست احتجاج

ممبئی(ایجنسی)ماحولیات کے تحفظ کیلئے کام کرنے والے رضاکاروں کے ساتھ مہاراشٹر کانگریس کےانوائرونمنٹ سیل نے اتوار کو تھانے میں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی رہائش گاہ کے قریب آرے کالونی میں میٹرو کار شیڈ کی تعمیر کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔ اس دوران پولیس نے کئی مظاہرین کو تحویل میں لے لیا۔ اسی طرح آرے کالونی میں بھی سماجی کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے کارشیڈ کی مخالفت کی۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے مذکورہ شعبے کے ریجنل صدرسمیر ورتک کی سربراہی میں پارٹی کارکنوں کے ساتھ مظاہرین جب کیڈبری جنکشن پر پہنچے تو پولیس نے انہیں وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ سے تقریباً ۲۵۰؍ میٹر کی دوری پر روک دیا۔مظاہرین جن میں خواتین بھی شامل تھیں، اپنے ہاتھوں میں پلےکارڈز اور بینرس اٹھارکھے تھے جن پر ’سیو آرے‘ اور ماحولیات کی حفاظت سے متعلق دیگر نعرے تحریر تھے۔وہ نعرے بھی لگارہے تھے۔ پولیس نے تقریباً ۲۵؍ مظاہرین کوتحویل میں لے کر انہیں واگلے اسٹیٹ پولیس اسٹیشن لے گئی ۔ بعد ازیں انہیں وارننگ دے کر چھوڑ دیا ۔
احتجاج کی خبر ملتے ہی تھانے میں وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کے باہر سیکوریٹی میں اضافہ کردیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ماضی میں مہاراشٹر میں بی جے پی کی سابق حکومت نے آرے کالونی کے جنگل میں ۱۸۰۰؍ ایکڑ اراضی پر میٹرو ریل کا کارشیڈ تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا تھا لیکن ماحولیات کے تحفظ کیلئے کام کرنے والے رضاکاروں، مقامی افراد اورشہریوں کی جانب سے آرے کالونی کے جنگل کے درختوں کو بڑے پیمانے پر کاٹے جانے کے خلاف احتجاج کیا جارہا تھا۔ اس دوران شیوسینا، این سی پی اور کانگریس کی اتحاد والی مہاوکاس اگھاڑی (ایم وی اے) حکومت بن گئی اور میٹروکارشیڈ کو آرے کے بجائے کانجورمارگ میں تعمیر کرنے کا فیصلہ کیاگیا لیکن جس زمین پر کار شیڈ تعمیر کرنا تھا اس کے مالکانہ حقوق سے متعلق تنازع عدالت میں زیرسماعت ہونے کی وجہ سے کار شیڈ تعمیر نہیں ہوسکا ۔ اسی دوران مہاوکاس اگھاڑی حکومت گر گئی اور شیوسینا کے باغی لیڈران کے ساتھ مل کر بی جے پی نے ریاست میں دوبارہ اپنی حکومت بنالی۔نئی حکومت بنتے ہی میٹرو کارشیڈ کو دوبارہ آرے کالونی میں تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے خلاف مسلسل احتجاج کیا جارہا ہے لیکن حکومت کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے بلکہ وہ میٹروریل کے ٹرائل رن کی تیاری میں مصروف ہے۔
Comments are closed.