ملک بھر میں ایک ہزار سدبھاؤنا دھرم سنسد کا فیصلہ

دھرم سنسد کے ذریعہ نفرت پھیلانے والے افراد اور گروہوں کے اثرات کو ختم کریںگے: ندیم صدیقی
ممبئی۔ ۲۲؍اگست:( پریس ریلیز ) تمام محبان وطن کے لئے بڑی تشویش کی بات ہے کہ ہمارے وطن عزیز میں گزشتہ کچھ عرصہ سے فرقہ پرست عناصر مصروف کار ہیں اور پوری طاقت کے ساتھ دستور کی پامالی ،قانون شکنی اور ملک میں مسلمانوں، اقلیتوں، دلتوں اور کمزور طبقات کے لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنانے میں لگے ہوئے ہیں ۔جمعیۃ علماء ہند ایک صدی سے خدا پرستی ،وطن دوستی ،متحدہ قومیت ، عدم تشدد کی پالیسی پر کاربند رہی ہے جمعیۃ علماء ہند کے اکابرین اور کارکنان نے فرقہ پرستی ،تنگ نظری اور انتہا پسندی سے کبھی سمجھوتا نہیں کیا ہے نہ ہی آزادی سے پہلے نہ ہی آزادی کے بعد ۔ان خیالات کا اظہار جمعیۃ علماء مہا راشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب نے گذشتہ کل دفترجمعیۃ علماء پاتھری ضلع پربھنی میں منعقدہ جمعیۃ علماء کے ایک مشاورتی اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورت حال میں ملک سے محبت کرنے والے وفادار شہری اور تنظیمیں خاص کر جمعیۃ علماء ہند جیسی تنظیم خاموش نہیں بیٹھ سکتی اور نفرت وعناد کی ان قوتوں کے خلاف امن واتحاد باہمی یگانگت اور مذہبی مفاہمت کا ماحول پیدا کرنے کے لئے مل جل کر اقدام کرنا اپنا فرض تصور کرتی ہے ۔اس لئے جمعیۃ علماء 28 ؍ اگست کو پورے ملک میں سدبھائونا سنسد پرو گرام منعقد کر رہی ہے اوردھرم سنسد کے ذریعہ نفرت پھیلانے والے اَفراد اور گروہوں کے اثرات کو ختم کرنے کے لیے ملک گیر سطح پر کم از کم ایک ہزار’’ سدبھائونا سنسد‘‘ پروگرام ہوں گے، جس میں سبھی مذاہب کے بااثر اَفراد کو مدعو کیا جائے گا۔مشاوتی اجلاس کا آغاز قر آن کریم کی تلاوت اور نعتیہ کلام سے ہوا ،تمام شرکاء کے اتفاق رائے سے جمعیۃ سدبھائونا منچ ضلع پر بھنی کی کمیٹی کی تشکیل عمل میں آئی جس میں شاکر صدیقی صاحب ( کونسلر بلدیہ پاتھری) کو جمعیۃسدبھائونا منچ ضلع پر بھنی کا کنوینر منتخب کیا گیا اور مولانا محمد صادق ندوی صاحب،ڈاکٹر انور علی شاہ صاحب،عتیق انعامدار صاحب معاون معاون کنوینر منتخب کئے گئے ۔علاوہ ازیں اس اجلاس میں پر بھنی شہر و ضلع جمعیۃکو ایکٹیو کرنے کے لئے سنجیدگی کے ساتھ غور و خوض کیا گیا ۔ ایسے ہی تمام ضلع کی تمام یونٹوں شہر و تعلقہ جات میں جمعیۃ سدبھائونا کمیٹیاں قائم کرنے اور 28 ؍ اگست کو سدبھائونا سنسد کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ا س موقع پر مولانا صادق ندوی ضلع صدر ،پر بھنی کے جنرل سکریٹری مدثر خان ،پر بھنی دونوں زون کے صدور مولانا عبد الرحیم خان ندوی اور محمد نعمان ندوی صاحبان ،و سکریٹری حافظ مشتاق فرقانی ،تعلقہ گنگا کھیڑ کے صدر حافظ عبد الخالق صاحب، پاتھری کے صدر مولانا قمر الدین ندوی صاحب ،اور نائب صدر شاکر صدیقی صاحب ،رضوان سر مانوت و دیگر موجود تھے ۔
Comments are closed.