سپریم کورٹ پہنچا بلقیس بانو کےمجرموں کی رہائی کا معاملہ، جلد سماعت کا مطالبہ، چیف جسٹس نے کہا: دیکھیں گے
نئی دہلی(ایجنسی) گجرات فسادات سے جڑا بلقیس بانو کیس اب سپریم کورٹ پہنچ گیا ہے۔ سپریم کورٹ میں 11 مجرموں کی رہائی کے خلاف درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں جلد سماعت کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ یہ عرضی سبھاشنی علی ، ریوتی لال اور روپ ریکھا ورما نے دائر کی ہے۔ سی جے آئی نے کہا کہ وہ اس معاملے کو دیکھیں گے۔ سینئر وکیل کپل سبل اور ایڈوکیٹ اپرنا بھٹ نے جلد سماعت کا مطالبہ کیا ہے۔ سبل نے کہا کہ معاملے کی سماعت بدھ کو ہی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ گجرات حکومت نے 14 لوگوں کے قتل اور حاملہ خاتون کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کے 11 مجرموں کو رہا کر دیا ہے۔
بلقیس کا اس معاملے پر ردعمل یہ تھا کہ اس اقدام سے ان کا انصاف پر یقین متزلزل ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دو دن پہلے 15 اگست 2022 کو گزشتہ 20 سال کا درد دوبارہ ظاہر ہوگیا، میرے خاندان اور میری زندگی کو تباہ کر دیا اور میری 3 سالہ بیٹی کو چھین لیا۔وہ آزاد ہوگئے ہیں۔” بلقیس نے کہا، "میرے پاس کہنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔ میں دنگ رہ گئی ہوں۔ میں صرف یہ کہہ سکتی ہوں کہ عورت کا انصاف اس طرح کیسے ختم ہو سکتا ہے؟ مجھے اپنے ملک کی سپریم کورٹ پر بھروسہ تھا، سسٹم پر بھروسہ تھا اور میں آہستہ آہستہ اس بڑے ‘صدمے’ کے ساتھ جینے کی عادی ہو رہی تھی۔
اہم بات یہ ہے کہ گجرات حکومت نے اپنی معافی کی پالیسی کے تحت تمام مجرموں کی رہائی کو منظوری دے دی ہے۔ ممبئی کی ایک خصوصی سی بی آئی عدالت نے 21 جنوری 2008 کو بلقیس بانو کی اجتماعی عصمت دری اور ان کے خاندان کے سات افراد کو قتل کرنے کے الزام میں 11 مجرموں کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ بعد میں ان کی سزا کو بمبئی ہائی کورٹ نے برقرار رکھا تھا۔
Comments are closed.