Baseerat Online News Portal

مفکر ملت مولانا جلال الدین عمریؒ کی حالات زندگی پر ہفت روزہ ملی بصیرت شائع کر رہا ہے خصوصی شمارہ

اصحابِ قلم سے اپنے تأثراتی پیغامات اور مضامین ارسال کرنے کی گزارش

ممبئی ۲۹؍ اگست ( بصیرت نیوز سردس ) بصیرت آن لائن ہندوستان کا سب سے قدیم اور معروف نیوز پورٹل ہے جسے الحمد للہ پرنٹ میڈیا میں بھی تین سالہ تجربہ ہو چکا ہے، بصیرت آن لائن تقریباً 2012 سے ملت کی آواز ایوانِ حکومت تک پہنچانے کی باوقار اور اہم خدمت انجام دے رہا ہے، نوجوان نسل بالخصوص فضلائے مدارس کو سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم سے جوڑنے اور انکو صحافت کی دنیامیں متعارف کرانے میں بصیرت آن لائن کا بہت ہی اہم کردار ہے اور اس وقت ایسے نوجوانوں کی بڑی تعداد ہے جو بصیرت آن لائن سے تحریک پاکر آزادانہ طور پر میڈیا کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں. جہاں بصیرت آن لائن اس وقت اردو اور انگریزی میں خبریں / مضامین اور تجزیے و تبصرے کی ترسیل کا اہم فریضہ انجام دے رہا ہے وہیں بے باکی سے ہفت روزہ اخبار "ملی بصیرت” کے نام سے شائع کر رہا ہے، اس کے علاوہ اپنے یوٹیوب چینل Baseerat Onlineکے ذریعے دینی، ملی و اصلاحی پروگراموں کو لائیو نشر کرنا، مختلف علمی و اصلاحی موضوعات پر علماء کرام کی تقاریر کو پیش کرنا، سیاسی و سماجی شخصیات کا انٹرویو شائع کرنا اور اس کے علاوہ مختلف مدارس کے بچوں کی تلاوت قرآن پاک، حمد، نعت و نظم کو ناظرین تک پہنچانے کا کام بحسن و خوبی انجام دے رہا ہے۔
بصیرت آن لائن کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ اکابر امت اور اسلاف کے آثار و نقوش سے نوجوان نسل کو متعارف کرایا جاتا رہے؛ تاکہ وہ اپنی تجرباتی اور عملی زندگی میں اکابر و اسلاف کے نقوش پر کاربند رہتے ہوئے امت مسلمہ اور دین حنیف کی خدمت کا دینی فریضہ انجام دے سکیں، اس مقصد کے حصول کے لیے بصیرت آن لائن اپنے نیوز پورٹل پر گاہے گاہے اسلاف و اکابر امت کے مضامین اور آثار کو اہتمام کے ساتھ شائع کرتا ہے، اس کے ساتھ ہی بصیرت آن لائن کی یہ بھی کوشش رہی ہے کہ حال میں ہم سے جدا ہونے والے اکابر قوم و ملت کی حیات و خدمات سے بھی نوجوان نسل بالخصوص فضلائے مدارس اور یونیورسٹی کے اسکالرس کو روشناس کرایا جا سکے.
الحمدللہ! بصیرت آن لائن نے سابق امیر شریعت اور آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ کے سابق جنرل سیکرٹری حضرت مولانا سید نظام الدین رحمۃ اللہ علیہ کے وفات کے فوراً بعد "پاسبان ملت” کے نام سے ایک خصوصی شمارہ شائع کیا جس کا رسم اجراء انتخاب امیر شریعت اجلاس منعقدہ ارریہ بہار میں سابق امیر شریعت حضرت مولانا سید محمد ولی رحمانیؒ کے ہاتھوں ہوا، خطیب الاسلام حضرت مولانا محمد سالم قاسمی رحمۃ اللہ علیہ کی حیات و خدمات پر’’خطیب الاسلام ایک عہد ساز شخصیت‘‘کے نام سے ایک خصوصی شمارہ شائع کیا گیا جس کا رسم اجرا جانشین خطیب الاسلام حضرت مولانا محمد سفیان قاسمی صاحب مدظلہ العالی مہتمم دارالعلوم وقف دیوبند کے ہاتھوں کریمی لائبریری انجمن اسلام ممبئی میں ہوا، اسی طرح مفکر ملت حضرت مولانا عبداللہ کاپودروی رحمۃ اللہ علیہ کی حیات و خدمات پر مشتمل ایک خصوصی شمارہ مختصر مگر جامع شائع کرنے کی سعادت بھی بصیرت آن لائن کے حصے میں آئی۔
اسی طرح ہندوستانی مسلمانوں کے ہر دلعزیز رہنما، مخلص و بے لوث قائد، ممبر آف پارلیمنٹ حضرت مولانا اسرارالحق قاسمی رحمۃ اللہ علیہ کی حیات و خدمات پر "رہبر ملت” اور دارالعلوم دیوبندکے شیخ الحدیث حضرت مولانامفتی سعیداحمدپالنپوری رحمۃ اللہ علیہ کے نام سے خصوصی شمارہ ترتیب دیا گیاہےجوکہ ابھی زیرطبع ہے۔جبکہ مصرکے سابق صدرمرسی رحمۃ اللہ علیہ کی وفات پرہفت روزہ ملی بصیرت نے خصوصی شمارہ شائع کیاجسے قارئین نے خوب سراہا۔
اب ارکانِ بصیرت نے یہ فیصلہ کیا کہ  سابق امیر جماعت اسلامی ہند و نائب صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ،  مفکر ملت مولانا جلال الدین عمریؒ کی عظیم خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک خصوصی شمارہ شائع کیا جائے جو ایک طرف حضرت مولانا جلال الدین عمری رحمۃ اللہ علیہ کو بصیرت میڈیا گروپ کا خراج عقیدت ہو تو دوسری جانب آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہو، اسی اہمیت کے مدنظر بصیرت آن لائن نے "مفکر ملت” کے عنوان سے خصوصی شمارہ شائع کرنے کا فیصلہ کیا ہے. الحمد للہ رسالہ تیاری کے مراحل میں ہے.
آپ سے مؤدبانہ و مخلصانہ درخواست ہے کہ آپ حضرات مفکر ملت مولانا جلال الدین عمری رحمۃ اللہ علیہ سے اپنے تعلقات کی روشنی میں اپنا تاثراتی مضمون / پیغام ارسال فرماکر شکریہ کا موقع عنایت فرمائیں..
والسلام
درخواست گزار: غلام مصطفی عدیل قاسمی
ایسوسی ایٹ ایڈیٹر ہفت روزہ ملی بصیرت ممبئی و جنرل سیکریٹری رابطہ صحافت اسلامی ہند
نوٹ : ان شاء اللہ آئندہ ہفتے خصوصی شمارہ منظر عام پر آ جائے گا، وقت کی قلت کو سامنے رکھتے ہوئے جتنی جلدی ممکن ہو اپنے مضامین اور پیغام ارسال کریں.
مضامین ارسال کرنے کے لیے مندرجہ ذیل ای میل ایڈریس/واٹس ایپ نمبر کا استعمال کریں
[email protected]
مزید معلومات کے لئے رابطہ کریں :
9059101653
9525475541

Comments are closed.