خدمت ایجوکیشنل اینڈ چیرٹیبل ٹرسٹ کے زیر اہتمام پیٹریوٹ پبلک اسکول ، دانی میں تعلیمی بیداری کانفرنس بحسن و خوبی اختتام پذیر

 

دربھنگہ(پریس ریلیز)

خدمت ایجوکیشنل اینڈ چیریٹیبل ٹرسٹ کے زیر اہتمام دانی میں ایک عظیم الشان تعلیمی بیداری کانفرنس و تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا۔

یہ پروگرام تین نشستو ں پر مشتمل تھا ، پہلی نشست سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کوئز سے متعلق تھی ، جس میں طلبہ و طالبات نے سیرت النبی پر مبنی سوالات و جوابات کی شکل میں اپنا پروگرام پیش کیا ۔

دوسری نشست : بعد نماز عصر محترمہ نازیہ حسن صاحبہ ( ڈپٹی میئر، شہر دربھنگہ ) کی صدارت میں منعقد ہوئی ،اس نشست میں آل دربھنگہ سطح پر منعقدہ تقریری و تحریری سیرت النبی ﷺ کوئز کی کامیاب طالبات کے ساتھ ساتھ دسویں و بارہویں جماعت میں امتیازی کامیابی حاصل کرنے والی طالبات کو بھی انعامات سے نوازا گیا.

اور ساتھ ہی نازیہ حسن صاحبہ نے طالبات کو دینی و عصری تعلیم سے آراستہ ہوکر نیک ، باوقار اور خودکفیل خاتون بننے پر زور دیا ۔

پروگرام کی تیسری و اہم نشست بعد نماز مغرب منعقد ہوئی ، جس کی صدارت حضرت مفتی اشرف عباس صاحب قاسمی (استاذ حدیث دارالعلوم دیوبند ورکن آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ) نے فرمائی ، اور نظامت کے فرائض مولانا مصطفی سبیلی صاحب نے انجام دیے ، جبکہ پروگرام میں بحیثیت مقرر حضرت مفتی خبیب احمد صاحب قاسمی ( بانی وناظم معہد القرآن والسنہ ، دربھنگہ )

حضرت مفتی آفتاب صاحب غازی( بانی و ناظم معہد الطیبات ، دربھنگہ )

حضرت مفتی صادق احمد خاں صاحب ( سابق قاضی، شہر ممبئی )

حضرت مولانا ذکی احمد صاحب ندوی(استاذ تفسیر مدرسہ تعلیم القرآن ، بستی )

حضرت مولانا ظفر عالم کیفی صاحب ( استاذ دارلعلوم ، بالاساتھ)

و جناب ڈاکٹر غلمان رضا صاحب ( استاذ، انٹرنیشنل

انڈین اسکول ، جدہ )

نے شرکت فرمائی ، وہیں بطور مہمان خصوصی جناب محمد علی اشرف فاطمی صاحب ( سابق مرکزی وزیر تعلیم )نے شرکت کی ۔

صدر جلسہ حضرت مفتی اشرف عباس صاحب قاسمی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسلامی تاریخ میں اعلیٰ علم و تحقیق، اور پاکیزہ تہذیب و تمدن مسلمانوں کی شناخت رہی ہے۔ ،قرآن کریم کی پہلی وحی ہی اقرأ یعنی مشن تعلیم سے متعلق تھی ۔ جہاں ہماری قوم کو اچھے حافظ و عالم ، مفتی و قاضی ، مفسر و محدث اور مدرس و فقیہ کی ضرورت ہے ، وہیں اچھے قانون داں، وکلاء وحجز ،صحافی ،سیاست داں اور تاجر کی بھی ضرورت ہے ۔ لہذا مسلمانوں کو تعلیم کے ہر ایک میدان

میں اپنا امتیاز قائم کرناچاہئے ۔ اور اس قسم کے پروگرام ملت کے نونہالوں کو حوصلہ اور رہنمائی فراہم کرنے کا ایک اہم و مفید ذریعہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

حضرت مفتی آفتاب عالم غازی صاحب نے بچوں کو سیرت النبی ‎ﷺکے مطالعہ اور اپنی زندگی میں اس سے روشنی حاصل کرنے پر زور دیا ۔

حضرت مولانا خبیب احمد صاحب قاسمی نے

طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے فرمایا کہ آپ جہد مسلسل اور مضبوط قوت ارادی کے ذریعہ دنیا و آخرت کی ہر بلندی کو حاصل کرسکتے ہیں۔

مولانا ذکی احمد صاحب ندوی نے پروگرام کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالا اور اس قسم کے پروگرام کومزید وسعت دینے پر زور دیا۔

جناب غلمان رضا صاحب نے طلبہ کی کیئر کونسلنگ اور دسویں و بارہوں کے بعد مختلف شعبہ تعلیم کے انتخاب حوالے سے توسیعی خطاب فرمایا۔

پروگرام کے مہمان خصوصی جناب محمد علی اشرف فاطمی صاحب نے نوجوانوں کو ٹیکنکل ایجوکیشن اور تجارت کے میدان میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دی۔

خدمت ایجوکیشنل اینڈ چیریٹیبل ٹرسٹ کے سکریٹری مفتی عبداللہ ندوی ایڈوکیٹ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور نامہ نگار کو بتایا کہ

اس آل دربھنگہ سیرت النبی کوئز مقابلہ کا مقصد بچوں کو دین وسیرت طیبہ سے واقف کرانا ہے تاکہ وہ قرآن وسنت کی روشنی میں صالح زندگی گزار سکیں، ساتھ ہی مدارس و عصری درسگاہوں کے طلبہ وطالبات کومختلف کیئریر آپشنزسے بھی واقف کرانا ہے تاکہ وہ پوری بصیرت کے ساتھ اپنے لئے صحیح میدان عمل کا انتخاب کرسکیں اور ان کا مستقبل روشن و تابناک ہوسکے ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ ماہ ۱۶/۱۷مئی کو چار مختلف سینٹرز اردومڈل اسکول ، سڑھوارہ، اردو پرائمری اسکول، دانی ، مدرسہ ضیاء الاسلام ، جلو ارہ اور صدیقات گرلز اکیڈمی ، دربھنگہ میں سیرت النبی کوئز کا تقریری و تحریری مقابلہ منعقد کیا گیا تھا جس مختلف اسکولز و مکاتب کے ۳۰۰ سے زائد طلبہ و طالبات نے شرکت کی اور اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ، اسی مناسبت سے اس کانفرنس میں تقسیم انعامات کی تقریب بھی رکھی گئی تھی جس میں تمام شرکاء کوئز کو سند اور انعامات سے نوازا گیا ہے ۔

اس پروگرام کی خاص پیشکش یہ رہی کہ دانی پنچایت کے جن طلبہ و طالبات کے دسویں و بارہویں میں اول پوزیشن حاصل کیا انہیں بھی انعامات سے نواز کر ان کی حوصلہ افزائی کی گئی ۔

ساتھ ہی دانی پنچایت کی مختلف علمی ، دینی، سماجی اورسیاسی شخصیات کی خدمت میں مومنٹو پیش کر ان کی عزت افزائی کی گئی جن میں جناب مفتی خبیب احمد صاحب قاسمی،جناب مولانا ظفر عالم کیفی صاحب قاسمی، جناب مولانا ذکی احمد صاحب ندوی ، جناب قیس عالم صاحب، جناب ڈاکٹر عمیر ثاقب صاحب ، جناب فیصل رحمان عامر صاحب ،جناب ڈاکٹرانوراشرف صاحب اور جناب اصغر علی صاحب خصوصیت کے ساتھ قابل ذکر ہیں۔

اس پروگرام میں قرب و جوار سے تشریف لانے والے علماء و دانشوران اور عوام کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔

Comments are closed.