Baseerat Online News Portal

یہودیوں کے مذہبی تہوار پر بیت المقدس سیل،کئی مقامات کا رابطہ کٹ گیا

آن لائن نیوزڈیسک
قابض اسرائیلی انتظامیہ نے یہودیوں کے مذہبی تہوار’یوم کپور‘ کی آڑ میں بیت المقدس میں غیراعلانیہ کرفیو لگا کرپورے شہر کا محاصرہ کرلیا ہے۔ شہر کے تمام اہم مقامات پر فوج اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے راستوں کی بندش کے بعد بعض علاقوں کا شہر سے رابطہ کٹ گیا ہے۔صہیونی قابض افواج نے منگل کو بیت المقدس شہر اور اس کی شاہراؤں کو بند کر کے یہودیوں کویوم کپور کی تعطیل کے بہانے  فلسطینی آبادیوں کو شہر سے الگ تھلگ کردیا۔مقامی ذرائع کے مطابق سڑکوں کی بندش نے شہر میں القدس کے باشندوں کی نقل و حرکت میں رکاوٹ پیدا کر دی ہے اور کئی علاقوں میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔ذرائع نے مزید کہا کہ قابض نے جبل المکبر قصبے کے آس پاس کنکریٹ کیوبز اور سرخ ٹیپیں لگائیں اور مسجد اقصیٰ کے جنوب میں واقع قصبے سلوان میں واقع وادی الربابہ محلے کے داخلی راستے بند کردیے۔قابض فوج نے الشیخ جراح محلے اور باب العامود کی طرف جانے والے المصرارہ محلے کا بھی محاصرہ کر لیا۔اسرائیلی فوج نے شاہراہ عنترہ بن شداد ، بیت حنینا قصبے کی طرف جانے والی الجسر روڈ اور مقبوضہ القدس کو نابلس سے ملانے والی شاہراہ بھی بند کردی گئی۔بندش کی وجہ سے قلندیہ چوکی پر ٹریفک کا ایک بڑا بحران پیدا ہوگیا اور مقبوضہ بیت المقدس کے شمال مشرق میں راس خمیس گیٹ کی طرف جانے والی سڑکیں بند ہوگئیں۔ فلسطینی شہری کئی گھنٹے ٹریفک جام میں پھنسے رہے۔

Comments are closed.