عید میلاد پر شریعت کا جنازہ بڑی دھوم سے نکلا

س ظ ٹپٹوری
آج بروز اتوار 9 اکتوبر 2022 شہر ہاسن کی مکہ مسجد کے آس پاس عاشقان رسول کی عاشقی لائق دیدتھی،آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی یقینی تاریخ وفات ١٢ ربیع الاول کو خوشیاں منائی جارہی ہیں، گلی میں جگمگاتے لائٹ اور نماز بیزاری کا مظاہرہ تو ہفتہ کی رات ہی سے کھل کر ہورہا تھا، نمازی تو نماز کے لئے جارہے تھے مگر عاشقین رسول مسجد کے بالکل بازو لائٹنگ کا لطف لے رہے تھے، میوزک کے ساتھ مختلف قسم کی قوالیوں کا تو پوچھنا ہی کیا، متعاشقین کے عشق پر تیل کا کام کررہی تھیں، لیکن آج صبح سے تو عشق کا الاو
خوب جل رہا ہے، رات کی قوالیاں صبح میں ڈی جے سے بدل گئیں، آواز میں دھماکہ، جو کسی بیمار کی جان لینے کے لئے کافی ہے، نوجوانوں کا ایک ہجوم ہے اور ان کے ہاتھوں میں ہولی کے مختلف رنگ جو ہندوؤں کے تہوار سے بالکل جدا نہیں تھے، ایک دوسرے پر رنگ کی پچکاری نے تو ہولی کی یاد تازہ کردیا، ان کے ساتھ چھوٹے چھوٹے معصوم بچوں کا رقص "کریلا نیم چڑھا” کے محاورہ کی تصدیق کررہا تھا،
دوپہر کے بعد تو گھر کی چھپی ہوئی مستورات کا صبر ٹوٹا اور ایک سے ایک ہوتے ہوتے ہجوم کی شکل میں بن سنور کر عشق رسول کا ثبوت دینے سڑکوں پر نکل آئیں اور دورویہ سڑکوں پر کھڑے ہوکر اپنے عشق کو مدلل کرنے لگیں،اور سڑک پر دوڑ رہی گاڑیوں سے جھانک جھانک کر ان دن کے چراغوں کا نظارہ ہورہا ہے،اور سڑک پر آنے جانے والوں کو روک روک کر شربت پلایا جارہا ہے حد تو یہ ہے کہ بعض مولوی نما لوگ ہری پگڑی پہن کر ان کاموں کو ہری جھنڈی دکھارہے ہیں اور مسلمانوں کو عشق رسول سکھا رہے ہیں.
استغفراللہ استغفراللہ استغفراللہ.
*نبی کی ذات کو جن کاموں سے نفرت تھی
*وہی ہم نذرانہ میں پیش کرنے چلے
س ظ ٹپٹوری
Comments are closed.