شیموگہ : شہر میں بڑے ہی جوش و خروش کے ساتھ جلوس محمدی کا اہتمام کیا گیا

 

شیموگہ (احساس نایاب) آج پیغمبر انسانیت محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت کے مبارک موقع پر شہر میں جلوس محمدی کا اہتمام کیا گیا، جس میں گذشتہ سالوں کے مقابلے اس سال مسلمانوں میں کچھ زیادہ ہی جوش و خروش دیکھا گیا اور معاشرے کے ہر طبقہ سے کثیر تعداد میں عوام و خواص نے شرکت کی، بالخصوص خواتین، نوجوان لڑکے اور لڑکیوں نے جلوس محمدی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور ہر طرح سے اپنے عاشق رسول اور فدائیان محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم ہونے کا ثبوت پیش کیا، ایک اندازے کے مطابق جلوس محمدی میں شامل ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ سے زائد تھی، اس موقع پر تقریباً تمام مرد و خواتین اور نوجوانوں کے ہاتھوں میں سبز پرچم، مختلف قسم کے بینر، پلے کارڈ تھے، وہیں اس موقع پر کچھ نوجوانوں نے مختلف نمائش کا بھی اہتمام کیا تھا، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت میں مختلف نعرے اور درود و سلام کی گونج بھی سنائی دے رہی تھی اور ہر فرد کی زبان پر عشق رسول صلی اللہ علیہ کے ترانے اور محبت رسول میں ڈوبے ہوئے نعرے تھے، ایک خاص بات یہ دیکھی گئی کہ گذشتہ چند سالوں میں شہر کا جو ماحول خراب کیا گیا، آج کے جلوس میں اس کا یہ اثر نظر آیا کہ مسلمانوں کو جس قدر دین اسلام اور پیغمبر اسلام سے برگشتہ کرنے کی کوشش کی گئی مسلمان آج اتناہی زیادہ اپنے نبی سے قریب نظر آئے اور عشق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میں جھومتے ہوئے نظر آئے وہیں سماج کے شرپسند عناصر اور نفرت پھیلانے والوں کے چہروں پر ہوائیاں اڑتی ہوئی نظر آئی، یہ حقیقت ہے کہ گذشتہ چند سالوں میں جتنا مسلمانوں کے خلاف ماحول بنایا گیا ہے مسلمان اتناہی متحد نظر آیا ہے اور اپنے دین اور اپنے نبی سے قریب ہوا ہے.

اس موقع پر جہاں ایک طرف لوگ عشق نبی میں جھوم رہے تھے وہیں کچھ نوجوان بے راہ روی میں مبتلا نظر آئے آور شریعت کے حدود کو پار کرتے ہوئے ڈی جے وغیرہ بجایا جوکہ شریعت کے سراسر خلاف عمل ہے، علماء اور ملی رہنماؤں کو چاہیے کہ نوجوانوں کو جلوس محمدی کے آداب سکھائیں اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے نام پر غیر شرعی کاموں سے پرہیز کریں.

Comments are closed.