اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن کے زیر اہتمام محسن انسانیت صلی اللہ علیہ وسلم کوئز کمپٹیشن کا انعقاد

فیروز آباد کی رمشا زاہد نے دوسری پوزیشن حاصل کرکے علاقے کا نام روشن کیا
فیروز آباد۔ ۱۶؍اکتوبر: طلبہ تنظیم اسٹوڈنٹ اسلامک آرگنائزیشن (ایس آئی او) دہلی کے زیراہتمام ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے ’’محسن انسانیت ﷺ‘‘ کوئز مسابقہ کا انعقاد کیاگیا تھا۔ یہ مسابقہ آن لائن منعقد کیاگیا، اس میں ملک بھر سے طلبہ وطالبات شریک ہوئے جس کی مجموعی تعداد تین ہزار کے قریب تھی۔ مسابقہ میں شرکت کے لیے مساہمین کو پی ڈی ایف کتابیں بھی مہیا کرائی گئی تھیں۔ ۲؍ اکتوبر کو ہندی اور انگلش زبانوں میں آن لائن امتحان لیاگیا، اس مسابقے میں امتیازی نمبرات حاصل کرنے والے ٹاپ تین طلبہ کے لئے ایس آئی او کی جانب سے انعامات دئیے گئے اور اور شرکت کرنے والے ہر طالب علم کو توصیفی اسناد سے نوازا گیا۔ پہلا انعام عازمینہ عروض کولکاتہ کو 97.9فیصد نمبرات حاصل کرنے پر دس ہزار کا انعام دیاگیا ، دوسرے انعام کےلیے فیروز آباد کی مردم خیز سرزمین سے تعلق رکھنے والی رمشا زاہد قرار پائی انہیں پانچ ہزار کی رقم دی گئی ۔ انہوں نے ۹۶فیصد نمبرات حاصل کیےتھے۔ تیسرا انعام راجستھان سے تعلق رکھنے والے واثق کو تین ہزار کی شکل میں دیاگیا۔ واضح رہے کہ دوسرا انعام حاصل کرنے والی رمشا زاہد عصری و دینی دونوں علوم پر مکمل عبور رکھتی ہیں۔ انہوں نے معروف عالم دین اعلم مصطفیٰ یعقوبی کی سرپرستی میں اسلامک سینٹر سے چھ سالہ دینی تعلیم پر مبنی کورس مکمل کی ہیںاور اعلیٰ عصری علوم کےلیے آگرہ یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیںکیلی گرافی کا بھی انہیں شوق ہے اپنے شوق کی تسکین کےلیے وہ گھر پر ہی اعلیٰ معیار کی کتابت کرتی رہتی ہیں ۔ رمشا زاہد کی دوسری پوزیشن آنے پر علاقہ میں خوشی کی لہر ہے۔ ان کے اہل خانہ ان کی مزید ترقیات کےلیے دعا گو ہیں۔ بتادیں کہ ۲۰۱۶‘ میں اسلامک سینٹر فیروز آباد کے زیر اہتمام اور مولانا اعلم مصطفیٰ یعقوبی کی نگرانی میں ضلعی سطح پر ایک مسابقہ کا انعقاد عمل میں آیا تھا جس میں رمشا زاہد نے اول انعام دس ہزار روپئے کی صورت میں حاصل کیا تھا۔
Comments are closed.